Safed Aur Sunehri Peela Rang - Article No. 3270

Safed Aur Sunehri Peela Rang

سفید اور سنہری پیلا رنگ - تحریر نمبر 3270

گرمی کی حدت میں ٹھنڈک کا احساس دلائے

منگل 7 مئی 2024

راحیلہ مغل
گرمی سے بچاؤ کے لئے لباس کی رنگت بہت اہمیت کی حامل ہوتی ہے۔کیا آپ نے کبھی غور کیا ہے کہ بعض رنگ پہن کر آپ خود کو ٹھنڈا اور بعض کو پہن کر آپ گرم محسوس کرتی ہیں؟ ان سب باتوں کا تعلق رنگوں کی خصوصیات سے ہے۔پاکستان میں چونکہ موسم گرما بہت طویل ہوتا ہے اس لئے خواتین کو چاہیے کہ وہ صرف موسم کی مناسبت کے ساتھ تیار کردہ ملبوسات زیب تن کریں جو خوبصورت ہونے کے ساتھ ساتھ آرام دہ بھی ہوں۔
معروف انٹرنیشنل ڈیزائنر سیلینا اولیوا موسم گرما میں پہنے جانے والے رنگوں کے لئے ہلکا سبز، ہلکا نیلا، ہلکا گلابی اور وائٹ جیسے ہلکے رنگوں کے انتخاب پر زور دیتی نظر آتی ہیں۔
دراصل سفید رنگ کے ساتھ خوبصورتی اور پاکیزگی کا ایک انوکھا اور دلکش سا احساس وابستہ ہے آسمان پر تیرتے سفید بادلوں کے ٹکڑے ہوں یا جھیل کی سطح پر تیرتے سفید راج ہنسوں کا جوڑا، آسمان پر اُڑتا سفید کبوتروں کا جوڑا یا چودھویں رات کی دودھیا چاندنی ہو یا پہاڑوں پر جمی برف کی سفیدی ہو سب ہی دل کو موہ لینے والے نظارے ہیں جن کی جانب دل بے اختیار کھینچا چلا جاتا ہے یہی وجہ ہے کہ سفید رنگ کا لباس جہاں بھی دکھائی دے نظر اس پر ٹھہر جاتی ہے خاص طور پر گرمی کے موسم میں سفید رنگ کے لباس سے بہتر اور کوئی لباس نہیں اس کی خاص وجہ یہ ہے کہ یہ حرارت کو منعکس کرتا ہے لہٰذا اس کا تاثر ٹھنڈا اور فرحت بخش ہوتا ہے اس برس اس موسم میں سفید رنگ کے لباس کی خاصی مانگ دکھائی دے رہی ہے لہٰذا بہتر ہے کہ اپنی وارڈ روب میں سفید رنگ کے ملبوسات کا اضافہ کر لیجئے جنہیں آپ مختلف فنکشنز،پارٹیز، آفس جاتے ہوئے بدل بدل کر پہن سکیں۔

(جاری ہے)


سفید رنگ کی خوبصورتی میں اضافہ کرنے کے لئے ضروری ہے اس میں کسی اور رنگ کا امتزاج کر کے خوبصورت ڈیزائننگ کر لی جائے۔مثلاً پیلے رنگ کا گلا لگا لیا جائے اور اس کے ساتھ کی ہی پٹی بازوؤں کے آگے لگائی جائے اور اسی طرح گلے سے ملتے جلتے رنگوں کے امتزاج کا دوپٹہ اوڑھا جا سکتا ہے اور اسی رنگ کی شلوار، ٹراؤزر یا پاجامہ سلوایا جا سکتا ہے اس کے علاوہ گلابی، مہرون، سرخ، رنگوں کے امتراج کی کڑھائی بھی مناسب رہتی ہے اس کے علاوہ سفید رنگ کے ساتھ ہلکے رنگ کی جیولری کا انتخاب کیا جائے سفید کے ساتھ سلور رنگ کا جوتا اور جیولری مناسب لگتی ہے۔
اسکول اور کالج یونیفارم میں سفید رنگ شامل ہوتا ہی ہے، یونیورسٹی کی طالبات اور ملازمت پیشہ خواتین کو ملبوسات خریدتے وقت ایسے کپڑے کا انتخاب کرنا چاہیے جس میں سفید رنگ نمایاں ہو۔تیز دھوپ میں باہر نکلتے وقت سفید رنگ کا اسکارف یا دوپٹہ سر ڈھانپے کے لئے موزوں رہتا ہے۔
اس بات کا بھی خیال رکھیں کہ گرمیوں میں ہمیشہ ہلکے پھلکے ڈیزائن اور ہلکے پرنٹ کا انتخاب کریں۔
سردیوں میں ہیوی ڈیزائننگ ہو سکتی ہے مگر کپڑے اور میٹریل کا انتخاب آپ پر منحصر ہے آپ چاہیں تو پھولدار کپڑے کا انتخاب کریں ڈیجیٹل یا پھر سادہ قمیض پر ڈیزائن کریں، مگر ہمیشہ وہ انتخاب کریں جو آپ کو باوقار ظاہر کرے۔موٹاپے کو کم ظاہر کرنے اور چھوٹے قد کو بڑا ظاہر کرنے کے لئے سٹریٹ لائنز والے ملبوسات موزوں رہتے ہیں اور دبلے پتلے لمبے قد کیلئے ٹیڑھی لائنز اور ڈاٹس والے ڈیزائن بہتر ہیں، اگر آپ کو کپڑوں کے رنگوں اور ڈیزائن کے انتخاب میں مشکل ہو رہی ہو تو آپ کسی اچھی ڈیزائنر سے مشورہ کریں یا اپنی کلیکشن اچھی بوتیک سے کریں۔

کہتے ہیں کہ ہر رنگ اپنے اندر ایک خاصیت رکھتا ہے۔پیلا رنگ خوشی اور اطمینان کو ظاہر کرتا ہے۔پیلا رنگ سورج کی روشنی سے بھی جھلکتا ہے جبکہ اسے ہر جگہ فطرت کے نظاروں میں بھی دیکھا جا سکتا ہے، اسی طرح انسان کی بنائی ہوئی دنیا میں بھی یہ رنگ سب کی توجہ اپنی جانب مرکوز کرا لیتا ہے، یہ رنگ نہ صرف پہننے بلکہ خوشی کے اظہار کا ایک رنگ ہے اور اسے دیکھنے سے خوشی کا احساس ہوتا ہے۔
پیلا رنگ پسند کرنے والوں کے متعلق کہا جاتا ہے کہ یہ ان کی اچھی سوچ اور مستقبل کے بارے میں مثبت اور پُرامید رویے کو ظاہر کرتا ہے۔پیلے رنگ کے لئے پسندیدگی کا ایک اور مطلب یہ ہے کہ آپ کے پاس ایک واضح مقصد حیات ہے۔آپ دوسروں کو سکون دے کر خوش ہوتے ہیں اور اس کے جواب میں آپ کو عزت اور ستائش ملتی ہے۔
اگر آپ کو پیلا رنگ پسند ہے تو یہ آپ کی اچھی سوچ اور مستقبل کے بارے میں اچھے اور پُرامید رویے کو ظاہر کرتا ہے۔
اس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ زندگی آپ کے لئے آسان ہے اور چھوٹی چھوٹی مشکلات آپ کے لئے کوئی معنی نہیں رکھتیں۔آپ کسی بھی بوجھ کے بغیر ایک پُرسکون زندگی گزارتے ہیں اور بہت زیادہ محنت کے عادی ہیں۔سفید رنگ کے لئے پسندیدگی کا مطلب یہ ہے کہ آپ کے پاس ایک واضح مقصد حیات ہے تو آپ کا دل اور بڑھ جاتا ہے لیکن آپ اپنے کام سے کبھی مطمئن نہیں ہوتے اور اگر ہوں تو بھی اور آگے بڑھنا چاہتے ہیں۔اور اگر آپ سفید رنگ کو ناپسند کرتے ہیں تو اس کا مطلب یہ ہے کہ آپ ناامید ہو چکے ہیں۔تنہائیوں اور مایوسیوں میں گھرے ہوئے ہیں اور اکثر اوقات لوگوں سے چھپتے پھرتے ہیں۔

Browse More Clothing Tips for Women

Special Clothing Tips for Women article for women, read "Safed Aur Sunehri Peela Rang" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.