Floral Frocks And Printed Maxi - Article No. 2903

Floral Frocks And Printed Maxi

فلورل فراکس اور پرینٹڈ میکسی - تحریر نمبر 2903

یہ دیکھنے میں بھی بہت خوبصورت اور طرحدار لگتی ہیں

منگل 14 جون 2022

راحیلہ مغل
وقت کے ساتھ کپڑوں جوتوں اور چیزوں کے بدلتے انداز،یہی فیشن کہلاتا ہے۔کچھ لوگ اس معاملے میں بہت زیادہ حساس ہوتے ہیں،وہ ہر نئے فیشن کو اپنانا اپنا فرض سمجھتے ہیں۔فیشن چاہے کوئی بھی ہو،کسی بھی چیز کا ہو،اگر اس سے آپ کی شخصیت میں نکھار آتا ہے تو یہ فیشن آپ کے ہی لئے ہے۔لیکن اگر آپ اسے اپنا کر اپنی شخصیت کا حسن کھو بیٹھتے ہیں تو پھر یہ فیشن آپ کے لئے نہیں ہے۔
اس وقت گرمی کا موسم عروج پر ہے اور برساتی آمد آمد ہے۔ایسے میں فیشن بھی تبدیل ہوتا ہے مارکیٹ میں نئی کلیکشن آ جاتی ہے۔خاص کر نئے کپڑے مارکیٹ میں اپنی بہار دکھا رہے ہیں۔آج ہم آپ کو بتائیں گے کہ اس وقت مارکیٹ میں کیا اِن ہے اور کیا آؤٹ ہے۔
اس وقت بازار میں خواتین کی فلورل (پھولدار) میکسیاں آئی ہوئی ہیں۔

(جاری ہے)

جو کہ لان میں بھی ہیں اور کاٹن میں بھی ہیں۔

یہ دیکھنے میں بھی بہت خوبصورت اور طرحدار لگتی ہیں اور اس میں اوپر کی باڈی ہے اور نیچے گھیر ہے۔دونوں کا پرنٹ ایک سا ہے،یہ نیچے ٹخنے تک آتی ہے اور اس کے ساتھ نیچے ٹائٹس اور ٹراؤزر دونوں پہنے جا سکتے ہیں۔کچھ میں فرنٹ آدھا کھلا ہوا ہے اور کچھ میں مکمل بند ہے۔یہ آپ کے اوپر منحصر ہے کہ آپ کو کیا پسند ہے۔بہرحال اس وقت فلورل میکسیز فیشن میں بہت زیادہ اِن ہیں جو کہ جارجٹ میں لینن دونوں میں دستیاب ہیں۔
جارجٹ میں لائننگ کے ساتھ ہلکے رنگوں میں جبکہ لینن میں گہرے رنگوں میں مارکیٹ میں موجود ہیں۔
موسم کوئی بھی ہو ہر بدلتے موسم میں فیشن کے نئے رنگ ہوتے ہیں نئے انداز ہوتے ہیں،اور خواتین کی یہ کوشش ہوتی ہے کہ وہ فیشن کے ساتھ چلیں اور کہیں بھی آؤٹ آف ڈیٹ نہ لگیں۔اس وقت موسم گرما میں فیشن کے نئے انداز نظر آ رہے ہیں جس میں سفید رنگ نمایاں ہے۔
گرمی کی شدت کی وجہ سے سفید رنگ اہمیت اختیار کر گیا ہے۔سفید رنگ یوں تو ہر سال اور ہر موسم میں اِن رہتا ہے،لیکن اس وقت خاص طور پر سفید رنگ ہر تقریب کی زینت ہے چاہے کوئی شادی کا ایونٹ ہو کسی دلہن کا لباس ہو یا کوئی سادہ سی گھریلوں تقریب ہر جگہ سفید لباس اپنی بہار دکھا رہا ہے۔یوں تو کہتے ہیں کہ دلہن روایتی سرخ جوڑے میں ہی دلہن لگتی ہے لیکن اس وقت عروسی لباس میں بھی سفید رنگ نمایاں نظر آ رہا ہے جو کہ کہیں سنہرے کام کے ساتھ اور کہیں روپہلے کام کے ساتھ اپنی چھب دکھاتا ہے۔

انسان کی فطرت ہے کہ وہ ایسا لباس زیب تن کرنا چاہتا ہے جسے لوگ پسند کریں اور اس لباس سے اس کی شخصیت بھی اُجاگر ہو۔فیشن پرست خواتین ہمیشہ نئے ٹرینڈ کا انتخاب کرتی ہیں۔لانگ فراکس اور میکسی بھی ایک ایسا ہی دلکش پہناوا ہے۔عورت کی حیا اور مشرقی روایات کی پاس داری کرتی لانگ فراکس شخصیت کو رعنائی عطا کرنے کے ساتھ اپنی اقدار کی ترجمانی کا ذریعہ بھی ہیں اور فیشن کا حصہ بھی۔
لانگ فراکس کا رجحان ہر رنگ اور ہر طرح کے کپڑے میں خوبصورت اسٹائل میں دیکھنے میں آ رہا ہے۔صرف یہ ہی نہیں،ڈیزائنر کی جانب سے بھی اس بار موسم گرما کے ملبوسات کی تشہیر کے لئے لمبی فراکس کا انتخاب کیا گیا۔جو اس بات کا غماز ہے کہ رواں برس موسم گرما خواتین کے لئے ایک بار پھر لمبی قمیضوں کا ٹرینڈ لے کر آیا ہے۔ان پر بنے نت نئے ڈیزائن شخصیت کو انفرادیت عطا کرتے ہیں۔
دیدہ زیب،خوش رنگ اور خوبصورت ڈیزائنوں کی حامل لانگ فراکس اور میکسیاں خواتین میں تیزی سے مقبول ہو رہی ہیں۔لانگ فراک کم و بیش ہر قامت پر اور ہر روپ پر سجتی ہے۔اس پہناوے کو صرف روزمرہ زندگی میں ہی نہیں بلکہ تہواروں میں اور تقریبات میں بھی زیب تن کیا جا سکتا ہے۔ملک کے طول و عرض میں خواتین اور طالبات اس ٹرینڈ کی گویا دیوانہ ہو رہی ہیں۔
اگر شادیوں یا تقریبات کے حوالے سے بات کی جائے تو ڈیزائنرز سلک اور شیفون سے تیار کردہ فراکس اور میکسیاں بھی متعارف کروا چکے ہیں،اکثر لڑکیاں جو ڈیزائنر سے فراکس یا میکسی خریدنے کی سکت نہیں رکھتی،وہ گھر پر بھی سی کر تیار کر سکتی ہیں یا سلوا سکتی ہیں۔
اس میں شک نہیں جیسے جیسے وقت آگے کی جانب سفر کر رہا ہے ویسے ویسے انسان کے طرز زندگی اور پہناوؤں میں تبدیلیاں بھی وقت کی ضرورت بنتی جا رہی ہیں۔
لائف اسٹائل میں جدت اور خواتین کے فیشن تبدیل نہ ہوں یہ تو ہو ہی نہیں سکتا۔دراصل لباس تن کو ڈھانپتا اور سرد و گرم سے بچاتا ہی نہیں،یہ ہماری سماجی اقدار کا عکاس بھی ہے اور شخصیت کو جاذبیت،دلکشی اور نیا پن بھی عطا کرتا ہے۔مختلف رنگوں اور منفرد تراش خراش کے لباس انسان کو جاذب نظر بناتے ہیں اور اسے انفرادیت دیتے ہیں۔ملبوسات پر کی جانے والی ڈیزائننگ لباس کو نیا انداز اور انوکھی خوبصورتی عطا کرتی ہے۔
دراصل مختلف رنگوں کو اپنا پیراہن کرکے خوش لباسی کے ذوق کی تسکین کی جاتی ہے۔
روایتی مشرقی لباس کا اہم جز و لمبی فراکس یا میکسی ہمیشہ سے ہی ہر طبقے کی خواتین میں مقبول رہا ہے لیکن شادی بیاہ جیسی تقریبات پر تو اسے اور بھی پسند کیا جاتا ہے اکثر خواتین مہندی کی تقریب کے دوران پیلے اور سبز رنگ کے خوبصورت امتزاج سے تیار کردہ ملبوسات کے ساتھ خصوصی طور پر زیب تن کرنا پسند کرتی ہیں۔
میکسی کا شمار ان ملبوسات میں ہوتا ہے جو عرب ممالک میں بے حد مقبول ہے اور اب پاکستان میں بھی اپنی مقبولیت کے جھنڈے گاڑ رہا ہے۔
ورکنگ ویمن اب باقاعدہ ہماری سوسائٹی کا ایک اہم حصہ ہیں۔نوجوان لڑکیوں اور خواتین کی ایک بڑی تعداد اب ورکنگ کلاس سے تعلق رکھتی ہے۔ورکنگ ویمن میں بھی اس وقت ہلکے رنگوں مثلاً انگوری،دھانی،سفید،گلابی،پستئی،کاسنی،فیروزی وغیرہ زیادہ نظر آ رہے ہیں ان میں کُرتیاں اور پینٹس یا کھلے پائنچوں کے پاجامے زیادہ اِن ہیں۔
اس کے ساتھ اب ہلکے رنگوں کی لمبی شرٹس اور کھلے پاجامے بھی نوجوان لڑکیوں میں پسند کیے جا رہے ہیں۔
نوجوان لڑکیوں میں جینز اور ٹی شرٹ بھی خاصی مقبولیت حاصل کر رہی ہے،بدلتے زمانے کے ساتھ اقدار بھی بدل رہی ہیں پہلے ٹی شرٹس یا جینز وغیرہ ورک پلیس پر پہننے کو اچھا نہیں سمجھا جاتا تھا لڑکیاں صرف اپنی فیملی پکنک وغیرہ پر ہی اسے زیب تن کرتی تھیں۔لیکن اب یہ عام پہناوا ہوتا جا رہا ہے،خاص طور پر ملازمت کرنے والی لڑکیاں اس لباس کو آرام دہ سمجھتی ہیں اور اس کو پہننے میں خوشی محسوس کرتی ہیں اسی لئے اب آن لائن شاپنگ میں بھی اس کے پیکجز موجود ہوتے ہیں۔

Browse More Clothing Tips for Women

Special Clothing Tips for Women article for women, read "Floral Frocks And Printed Maxi" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.