Gende Ke Phoolon Par Utra Tera Roop - Article No. 2913

Gende Ke Phoolon Par Utra Tera Roop

گیندے کے پھولوں پر اُترا تیرا روپ - تحریر نمبر 2913

بعض رنگ پہن کر آپ خود کو ٹھنڈا اور بعض کو پہن کر آپ گرم محسوس کرتی ہیں

پیر 27 جون 2022

راحیلہ مغل
پرستان اور پریوں کے بارے میں تو بہت سی کہانیاں سن رکھی ہوں گی اور اس کے ساتھ باربی ڈول کے بارے میں بھی سب جانتے ہوں گے۔لیکن اب ہمارے معروف ڈیزائنرز نے خواتین کو پریوں اور گڑیا جیسا دکھائی دینے کیلئے ایسے ملبوسات بنانے شروع کر دیئے ہیں جن کو پہن کر جہاں پری اور گڑیا ہونے کا احساس ہوتا ہے،وہیں فیشن کے تمام تقاضے بھی پورے ہوتے ہیں۔
خوبصورت رنگوں میں بنے پیلے سوٹ اور فراک ان دنوں سکول،کالج اور یونیورسٹی جانے والی لڑکیوں کی اولین ترجیح بن چکے ہیں۔شادی بیاہ کی تقریبات ہوں یا دیگر پارٹیاں،ہر جگہ نوجوان لڑکیاں اس طرح کے ملبوسات کو ہی ترجیح دیتی ہیں۔
اس میں شک نہیں کہ گرمی سے بچاؤ کے لئے لباس کی رنگت بہت اہمیت کی حامل ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

کیا آپ نے کبھی غور کیا ہے کہ بعض رنگ پہن کر آپ خود کو ٹھنڈا اور بعض کو پہن کر آپ گرم محسوس کرتی ہیں؟ان سب باتوں کا تعلق رنگوں کی خصوصیات سے ہے۔

معروف ڈریس ڈیزائنر شمسہ ہاشوانی کا گرمیوں کے ملبوسات سے متعلق کہنا ہے کہ گرمیوں میں صرف ہلکے رنگ کے ملبوسات ہی زیادہ اچھے لگتے ہیں،میں خود بھی اپنے ڈیزائنز میں یہی بات مدنظر رکھتی ہوں کہ جوڑا خریدار کو دیکھ کر ڈیزائن کیا جائے،ہلکے رنگ کے ساتھ ہلکی سی کڑھائی کا جوڑا ایسا ہو جو خواتین ڈنر،شادی اور مختلف تقریبات میں بھی پہن سکیں۔
پاکستان میں چونکہ موسم گرما بہت طویل ہوتا ہے اس لئے خواتین کو چاہیے کہ وہ صرف موسم کی مناسبت کے ساتھ تیار کردہ ملبوسات زیب تن کریں جو خوبصورت ہونے کے ساتھ ساتھ آرام دہ بھی ہوں۔معروف انٹرنیشنل ڈیزائنر سیلینا اولیوا موسم گرما میں پہنے جانے والے رنگوں کے لئے ہلکا سبز،ہلکا نیلا،ہلکا گلابی اور وائلٹ جیسے ہلکے رنگوں کے انتخاب پر زور دیتی نظر آتی ہیں۔

اس بات کا بھی خیال رکھیں کہ گرمیوں میں ہمیشہ ہلکے پھلکے ڈیزائن اور ہلکے پرنٹ کا انتخاب کریں۔سردیوں میں ہیوی ڈیزائننگ ہو سکتی ہے مگر کپڑے اور مٹیریل کا انتخاب آپ پر منحصر ہے آپ چاہیں تو پھولدار کپڑے کا انتخاب کریں ڈیجیٹل یا پھر سادہ قمیض پر ڈیزائن کریں،مگر ہمیشہ وہ انتخاب کریں جو آپ کو باوقار ظاہر کرے۔موٹاپے کو کم ظاہر کرنے اور چھوٹے قد کو بڑا ظاہر کرنے کیلئے سٹریٹ لائنز والے ملبوسات موزوں رہتے ہیں اور دبلے پتلے لمبے قد کیلئے ٹیڑھی لائنز اور ڈاٹس والے ڈیزائن بہتر ہیں،اگر آپ کو کپڑوں کے رنگوں اور ڈیزائن کے انتخاب میں مشکل ہو رہی ہو تو آپ کسی اچھی ڈیزائنر سے مشورہ کریں یا اپنی کلیکشن اچھی بوتیک سے کریں۔

آج کل خواتین کے ملبوسات میں ان گنت ڈیزائن پائے جاتے ہیں جو موسم اور فیشن کی مناسبت سے بدلتے رہتے ہیں۔یہ جدید دور ہے جہاں آپ کے لئے نئے اسٹائلز اور ٹرینڈز سے باخبر رہنا ضروری ہے۔آج کل شارٹ شرٹس اور فراک فیشن کا حصہ ہیں۔خواتین گرمی کے موسم میں لان اور کاٹن کا انتخاب کرتی ہیں لہٰذا موسم کی مناسبت سے وہ خاص مواقع پر بھی بھاری کام دار ملبوسات کے بجائے پرنٹڈ شرٹس کو ترجیح دے رہی ہیں۔
ملک کے تمام معروف فیشن ڈیزائنرز اسٹائلش طرز کی شارٹ شرٹس اور فراک تیار کر رہے ہیں جن پر ڈیجیٹل پرنٹ کے ساتھ ہلکی کڑھائی بھی موجود ہے۔آپ کے لئے اہم یہ ہے کہ ایسے ملبوسات خریدتے وقت اپنی رنگت اور جسامت کو مدنظر رکھیں تاکہ درست لباس کا انتخاب کر سکیں۔
پیلے رنگ کا انتخاب کیوں؟
اس سال موسم گرما میں پیلا رنگ تیزی سے سلیبرٹیز میں مقبول ہو رہا ہے لیکن کہتے ہیں کہ ہر رنگ اپنے اندر ایک خاصیت رکھتا ہے اور اس رنگ کی خاصیت یہ ہے کہ پیلا رنگ خوشی اور اطمینان کو ظاہر کرتا ہے۔
پیلا رنگ سورج کی روشنی سے بھی جھلکتا ہے جبکہ اسے ہر جگہ فطرت کے نظاروں میں بھی دیکھا جا سکتا ہے،اسی طرح انسان کی بنائی ہوئی دنیا میں بھی یہ رنگ سب کی توجہ اپنی جانب مرکوز کرا لیتا ہے،یہ رنگ نہ صرف پہننے بلکہ خوشی کے اظہار کا ایک رنگ ہے اور اسے دیکھنے سے خوشی کا احساس ہوتا ہے۔
پیلا رنگ پسند کرنے والوں کے متعلق کہا جاتا ہے کہ یہ ان کی اچھی سوچ اور مستقبل کے بارے میں مثبت اور پُرامید رویے کو ظاہر کرتا ہے۔
پیلے رنگ کے لئے پسندیدگی کا ایک اور مطلب یہ ہے کہ آپ کے پاس ایک واضح مقصد حیات ہے۔آپ دوسروں کو سکون دے کر خوش ہوتے ہیں اور اس کے جواب میں آپ کو عزت اور ستائش ملتی ہے۔آپ بھی اپنی وارڈ روب میں پیلے رنگ کے لباس کا اضافہ کر سکتی ہیں۔
پیلا رنگ شخصیت کے بارے میں کیا بتاتا ہے؟
پیلا رنگ خوشی اور اطمینان کو ظاہر کرتا ہے۔
اگر آپ کو پیلا رنگ پسند ہے تو یہ آپ کی اچھی سوچ اور مستقبل کے بارے میں اچھے اور پُرامید رویے کو ظاہر کرتا ہے۔اس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ زندگی آپ کے لئے آسان ہے اور چھوٹی چھوٹی مشکلات آپ کے لئے کوئی معنی نہیں رکھتیں۔آپ کسی بھی بوجھ کے بغیر ایک پُرسکون زندگی گزارتے ہیں اور بہت زیادہ محنت کے عادی ہیں۔پیلے رنگ کے لئے پسندیدگی کا ایک اور مطلب یہ ہے کہ آپ کے پاس ایک واضح مقصد حیات ہے۔
آپ دوسروں کو سکون دے کر خوش ہوتے ہیں اور اس کے جواب میں جب آپ کو عزت اور ستائش ملتی ہے تو آپ کا دل اور بڑھ جاتا ہے لیکن آپ اپنے کام سے کبھی مطمئن نہیں ہوتے اور اگر ہوں تو بھی اور آگے بڑھنا چاہتے ہیں۔اور اگر آپ پیلے رنگ کو ناپسند کرتے ہیں تو اس کا مطلب یہ ہے کہ آپ نااُمید ہو چکے ہیں۔تنہائیوں اور مایوسیوں میں گھرے ہوئے ہیں اور اکثر اوقات لوگوں سے چھپتے پھرتے ہیں۔

Browse More Clothing Tips for Women

Special Clothing Tips for Women article for women, read "Gende Ke Phoolon Par Utra Tera Roop" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.