Jaare Ki Dhaal Yeh Naram Garam Shaalain - Article No. 2479

Jaare Ki Dhaal Yeh Naram Garam Shaalain

جاڑے کی ڈھال یہ نرم گرم شالیں - تحریر نمبر 2479

شال اور موسم سرما کا چولی دامن کا ساتھ ہے

ہفتہ 5 دسمبر 2020

راحیلہ مغل
شال اور موسم سرما کا چولی دامن کا ساتھ ہے۔خاص طور پر جب سردیاں شروع ہو رہی ہوتی ہیں۔ابھی بھاری بھرکم وولن سوئیٹرز،کارڈیگنز ، لیدر،ڈینم جیکٹس،بلیزرز،ہوڈیز،ٹرینچ کوٹس،جمپرز،پل اوورز،کیپس،مفلرز،اونی ٹوپوں،موزوں وغیرہ کی زیادہ ضرورت نہیں ہوتی،تو ایسے دنوں عموماً کالج جاتی طالبات،کم عمر لڑکیاں،بالیاں(جنہیں نسبتاً سردی زیادہ لگتی ہے اور ان کا پورا موسم سرما لال سرخ ناکوں کے ساتھ شوں شوں کرتے،کانپتے،تھرتھراتے ہی گزرتاہے)کاندھوں،شانوں پر یہی نرم وگرم شالیں لپیٹے یا سر سے اوڑھے نظر آتی ہیں۔
اور ان گداز ودبیز،ریشم،پشمینے،دوشالے،زربفت،اطلس وکمخواب کی،انڈین،کشمیری،سواتی،ملتانی شالوں میں سمٹی سمٹائی یہ کومل،سُندر،نازک اندام ناریاں،دو شیزائیں آنکھوں کو ایسی پیاری،معصوم،بھولی بھالی سی لگتی ہیں کہ جی چاہتا ہے،سردی کو ہاتھ جوڑ،منت سماجت کر،کسی بھی طور کچھ دیر یہیں روک لی جائے تاکہ شدت آنے سے قبل ہلکی ہلکی سردی کی نرم گرم دھوپ کو انجوائے کر لیا جائے کیونکہ پھر یہ حسین و دل نشین روپ بھلا سال بھر کہاں دیکھنے کو ملتے ہیں۔

(جاری ہے)

ان نرم وگرم نفیس،خوب صورت،رنگا رنگ شالوں کا موسم،ماحول اور اوڑھنے والیوں سے تو جو تعلق ہے،سو ہے۔شاعری،نثرنگاری میں بھی جا بجا ان کا ذکر ملتا ہے اور بڑے اچھوتے،من موہنے انداز میں۔ وصی شاہ نے تو شال کی ردیف پر پوری غزلیں کہہ ڈالیں۔
دراصل موسم سرما کے کچھ خاص ملبوسات پاکستانی ثقافت کی پہچان ہیں جن میں گرم شال ایک اہم مقام رکھتی ہے۔
پاکستان کے مختلف صوبوں میں تیار کی جانے والی گرم شالیں منفرد علاقائی ناموں سے اپنی علیحدہ پہچان رکھتی ہیں۔خواتین کے لئے اس موسم کئی قسم کی شالیں مارکیٹ میں نظر آتی ہیں جن کی تیاری میں اون،سلک بروکیڈ،جیکارڈ اور کاٹن استعمال کیا جاتا ہے۔خواتین عموماً اپنے لئے ویلوٹ، پشمینہ، جاما وار،شاہ توش اور اونی شال کا انتخاب کرتی ہیں۔کشمیری اور ویلوٹ کی شالیں ان دنوں خواتین میں بے حد مقبول ہیں،اس کی بنائی اور کڑھائی ایک الگ ہی مقام رکھتی ہے۔
اب کشمیری شال مشینوں پر بھی تیار کی جانے لگی ہے جو متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والی خواتین کی بھی پہنچ میں ہے۔
لباس کے اوپر اگر خوش نما شال اوڑھ لی جائے تو شخصیت میں ناصرف دلکشی پیدا ہوتی ہے بلکہ سردی کی شدت سے بھی محفوظ رہا جا سکتا ہے۔ صوبہ سرحد میں تیار ہونے والی شال میں عمدہ اون اور کھدر استعمال ہوتا ہے جو نہ صرف سردی کو روکتی ہے بلکہ شخصیت کو بھی باوقار بناتی ہے۔
خواتین کے لئے کئی قسم کی شال مارکیٹ میں نظر آتی ہیں جن کی تیاری میں اون،سلک بروکیڈ،جیکارڈ اور کاٹن کا استعمال کیا جاتا ہے۔شال کے علاوہ پاکستانی کھدر کا کپڑا بھی سردیوں میں بے تحاشا بکتا ہے۔گھریلو خواتین کھدر پر کڑھائی اور اسٹون ورک کروا کر اسے دیدہ زیب بنا لیتی ہیں جس سے سردی سے بچاؤ بھی ہو جاتا ہے اور کپڑے کی خوب صورتی میں بھی اضافہ ہو جاتا ہے۔
کھدر کی تیاری میں مخصوص خاکی رنگ کا دھاگہ استعمال کیا جاتا ہے۔اصلی کھدر پنجاب کے مختلف شہروں میں کھڈیوں پر ہاتھ سے تیار کیا جاتا ہے،مگر اب اس کے لئے بھی مشینوں کا استعمال عام ہوتا جا رہا ہے۔
تولیجیے،آج اس آرٹیکل میں ہم نے بھی بھیگی،ٹھنڈی رُت کو اک سلامی دینے کی خاطر پشمینے ،دوشالے کی ایک سے بڑھ کر ایک شال منتخب کرکے اپنی بزم کو گویا شعلہ جوالا کر دیا ہے۔
سیزن شروع ہو رہا ہے،شادیوں کے دن ہیں اوپر سے ٹھنڈی راتوں میں فنگشن پر جانا پڑتا ہے ایسے میں نرم اور گرم شالیں جہاں آپ کو سردی ست بچائیں گیں وہیں خوبصورت میں بھی اضافہ کریں گی۔ہر رنگ،ہر انداز،آپ پر یہ جچے گا،بلکہ بہت ممکن ہے،کوئی بے اختیار کہہ اُٹھے اوڑھی جو اُس نے شال،تو پشمینہ جی اُٹھا۔
دراصل شالوں اور چادروں کا استعمال ہماری قدیم روایات کا حصہ ہے یہ صرف موسم کی شدت سے ہی نجات نہیں دلاتیں بلکہ مشرقیت اور تحفظ کا احساس بھی دلاتی ہیں۔
ہمارے ہاں!بعض شالیں اپنی خوبصورتی اور عمدہ کڑھائی کے باعث جہیز اور شادی بیاہ میں تحفے میں دی جاتی ہیں۔مائیں اپنی بیٹیوں کو شادی پر خاص شالیں اور چادریں بنوا کر دیتی ہیں۔دلہنوں کو تحفے میں زیادہ تر نرم مخملی،سنہری،فیروزی، نیلی، تلے، کامدانی اور ستاروں سے مزین چادریں دی جاتی ہیں۔اس کے علاوہ سندھی اجرک کے علاوہ شیشوں والی بلوچی چادر اور کناروں پر کڑھائی والی سوتی چادریں بھی بڑے شوق سے استعمال کی جاتی ہیں اسی طرح کشمیری شالیں بھی اپنا جدا گانہ مقام رکھتی ہیں ۔
یہ شالیں اپنے منفرد مقام کی وجہ سے خواتین کی شخصیت کو چار چاند لگا دیتی ہیں۔لڑکیاں بالیاں چھوٹی اور بڑی عمر کی عورتیں چوڑی اور لمبی شالوں کا انتخاب کرتی ہیں۔چادر کے بڑھتے ہوئے استعمال کے باعث تیار کنندگان اور دست کار ان کوہمہ وقت منفرد اور جدید بنانے کی تگ و دو میں مصروف رہتے ہیں۔

Browse More Clothing Tips for Women

Special Clothing Tips for Women article for women, read "Jaare Ki Dhaal Yeh Naram Garam Shaalain" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.