Kasheeda Kari - Article No. 2667

Kasheeda Kari

کشیدہ کاری - تحریر نمبر 2667

عام اشیاء کو بنائے خاص

منگل 24 اگست 2021

راحیلہ مغل
خوبصورت لگنا اور نظر آنا ہر عورت کی اولین خواہش ہوتی ہے لیکن اگر اس میں انفرادیت کا پہلو نمایاں ہو تو آپ اسٹائلش کہلائیں گی۔یوں تو حسن اور پیرہن دونوں کا چولی دامن کا ساتھ ہے کیونکہ لباس کو شخصیت کا آئینہ بھی کہا گیا ہے لہٰذا لباس پر بھرپور توجہ دیں۔لباس کو ہمیشہ شخصیت سے ہم آہنگ ہونا چاہئے۔
ایسا لباس جو آپ کی شخصیت پر جچتا نہ ہو اسے استعمال نہیں کرنا چاہئے۔
اکثر خواتین کو اس بات کی سمجھ نہیں ہوتی وہ اپنے لئے ایسے فیشن ایبل لباس کا انتخاب صرف اس لئے کر لیتی ہیں تاکہ وہ فیشن کی دوڑ میں شامل ہو سکیں اور اس بات کو یکسر نظر انداز کر دیتی ہیں کہ آیا وہ لباس ان پر جچ بھی رہا ہے یا نہیں۔کشیدہ کاری ایک ایسا فن ہے جو لباس کی خوبصورتی کو بڑھا دیتا ہے اس کیلئے اس بات کو مدنظر رکھنا نہایت ضروری ہے کہ یہ کشیدہ کاری کس خاتون کیلئے کی جا رہی ہے اس کی شخصیت کیسی ہے اس کے علاوہ خریدنے یا کشیدہ کاری کروانے والی خواتین کو بھی اپنی شخصیت کو مدنظر رکھتے ہوئے ہی اپنے لئے ڈیزائن اور اسٹائل کا انتخاب کرنا چاہئے۔

(جاری ہے)

البتہ ہاتھ کی کڑھائی میں وقت بہت زیادہ ضائع ہوتا ہے اس لئے زیادہ تر خواتین بازار سے مشینی کڑھائی کروانا ہی پسند کرتی ہیں۔اس بات میں کوئی شک نہیں کہ کشیدہ کاری لباس کی خوبصورتی بڑھانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔
کشیدہ کاری ایک ایسا فیشن ہے،جو ہر دور میں مقبول ٹرینڈ ثابت ہوتا ہے،کسی دور میں ہاتھ کی کڑھائی تو کسی دور میں مشینی۔
ایمبرائیڈری کی مثال اس فیشن کی طرح ہے،جس کی مجموعی شکل تو وہی رہتی ہے لیکن جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ہونے کے لئے اس میں کمی بیشی کر لی جاتی ہے۔غیر ممالک کا پاکستانی فیشن انڈسٹری کی جانب جھکاؤ ہونے کی ایک وجہ یہاں کی کشیدہ کاری ہے۔دیدہ زیب کڑھائیاں عام ملبوسات کے علاوہ شادی بیاہ کے ملبوسات پر بھی بے حد خوبصورت اور منفرد معلوم ہوتی ہیں۔
اس کے علاوہ عام سے سوئیٹر،مفلر،شالیں اور جیکٹ وغیرہ بھی کڑھائی کے بعد بیش قیمت اور حسین لگنے لگتے ہیں،اگر یہ کڑھائی ہاتھ سے کی گئی ہو تو مزید دل فریب معلوم ہوتی ہے۔
انٹرنیشنل ڈریس ڈیزائنر کے مطابق پاکستانی ڈریسز میں ایمبرائیڈری پہلی ترجیح ہوتی ہے،جس کے باعث یہ ملبوسات انفرادیت رکھتے ہیں ۔ایک دور تھا جب نانی اور دادی کے ہاتھ کی کڑھائی کی گئی قمیضیں اور دوپٹے استعمال کیے جاتے تھے۔
بدلتا زمانہ اور نئے رجحانات فیشن اپنانے کے طریقوں میں بھی تبدیلی لے آئے ہیں مگر ایمبرائیڈری ہر دور اور فیشن کا حصہ رہی ہے۔اگر آپ بھی ہر دور میں مقبول اس خاص فیشن ٹرینڈ کو اپنانے کی خواہشمند ہیں،تو مندرجہ ذیل آئیڈیاز آپ کے لئے مفید ثابت ہو سکتے ہیں۔
ایمبرائیڈری جینز
زیادہ تر خواتین کی الماری میں جینز لازمی موجود ہوتی ہے۔
سادہ جینز تو آپ بہت پہنتی ہوں گی کیونکہ نہ اس برس اپنی وارڈ روب میں فلورل ایمبرائیڈری والی جینز کا اضافہ کریں۔ایمبرائیڈری کے ذریعے آپ جینز تو جینز اپنے پہناوے کو بھی خوبصورت،منفرد اور دلکش انداز فراہم کر سکتی ہیں۔
ایمبرائیڈری پرس
مہنگے اور برانڈڈ ملبوسات کے ساتھ سادے لیدر کے بیگ تو سب ہی لیتے ہیں کیوں نہ اس بار سادہ ملبوسات کے لئے ایمبرائیڈڈ ہینڈ بیگ کا انتخاب ہو جائے،کڑھائی کے مقبول رجحان کو اپنانے کا سب سے اچھا اور بہترین طریقہ ایمبرائیڈڈ پرس ہی ہیں۔
سادہ سی کڑھائی بھی اس لوازم کو جدت بخش سکتی ہے،ان دنوں فیشن میں جہاں ایک جانب چین کے ساتھ چھوٹے ہینڈ بیگز اور کلچ ان ہیں،وہیں مختلف اقسام کے بیگز پر کی جانے والی ایمبرائیڈری بھی خاصی مقبول ہے۔
ایمبرائیڈڈ سینڈل
اگر آپ کو اسنیکرز نہیں پسند یا پھر آپ سینڈل کی شوقین ہیں ،تو آپ اس رجحان کو اپنانے کی خواہش ایمبرائیڈڈ سینڈل کے ذریعے بھی پوری کر سکتی ہیں۔
اگر ایمبرائیڈڈ سینڈل بلیک کلر میں ہو تو اس سے ایک نہیں کئی ملبوسات کی میچنگ ہو جاتی ہے۔
ایمبرائیڈری جیکٹ
جیکٹ موسم سرما کا خاص فیشن ایبل پہناوا ہے،جو مردوں میں ہی نہیں بلکہ خواتین میں بھی خاصا مقبول ہے۔فیشن کی دنیا میں نئے انداز اور انوکھے رنگوں کے ساتھ متعارف کرائی جانے والی جیکٹس موسم سرما آنے سے قبل ہی مارکیٹوں کی زینت بن جاتی ہیں۔
لمبی جیکٹس کے علاوہ کئی برسوں سے کڑھائی والی اور شارٹ جیکٹس بھی مشرقی اور مغربی فیشن انڈسٹری میں یکساں طور پر مقبول ہو رہی ہیں۔ اکثر خواتین ان جیکٹس کی پشت پر ایمبرائیڈری سے اپنا نام بھی لکھواتی ہیں جبکہ دیگر فلورل ایمبرائیڈری کو پسند کرتی ہیں۔
بامبر جیکٹ
گزشتہ برس سے بومبر جیکٹ نے فیشن کی دنیا میں دوبارہ قدم جما لئے ہیں۔
ہر نئے سال اس جیکٹ کے نت نئے انداز،انوکھے رنگوں کے ساتھ متعارف کروائے جاتے ہیں،جو گرمیوں اور بہار کے موسم میں خواتین کی پہلی ترجیح بنتی ہے۔سادہ اور لمبی جیکٹس کے علاوہ ایمبرائیڈری کے ساتھ بومبر جیکٹ بھی خاصی مقبول ہے،جو آپ کے لئے جینز کے ساتھ ایک پرفیکٹ آؤٹ فٹ ثابت ہوتی ہے۔جینز اور ٹی شرٹ پر ایمبرائیڈڈ بومبر جیکٹ کو فیشن کے حلقوں میں تیزی سے اپنایا جا رہا ہے۔

فلورل اسنیکرز
اسنیکرز مقبول جوتے ہیں،جن کی دنیا بھر میں ایک ارب ڈالرز سے زائد کی مارکیٹ ہے۔یہ ایک ایسا فیشن ٹرینڈ ہے جسے آغاز سے ہی فیشن کے حلقوں میں تیزی سے اپنایا گیا۔لیکن اگر آپ سادہ سے اسنیکرز کے بجائے فلورل ایمبرائیڈری والے اسنیکرز کا انتخاب کریں تو یہ ایک منفرد اور دلکش احساس ہو گا ،جو آپ کی شخصیت کی رعنائی میں مزید اضافہ کرے گا۔جوتوں کی یہ قسم نہ صرف آرام دہ ہے بلکہ فیشن ایبل بھی، یہی وجہ ہے کہ ورکنگ ویمن ہوں یا کالج جانے والی لڑکیاں،جوتوں کا انتخاب ان خواتین کی پہلی ترجیح ہوتا ہے۔

Browse More Clothing Tips for Women

Special Clothing Tips for Women article for women, read "Kasheeda Kari" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.