Long Shirt Aur Choori Dar Pajama - Article No. 2586

Long Shirt Aur Choori Dar Pajama

لانگ شرٹ اور چوڑی دار پاجامہ - تحریر نمبر 2586

شخصیت کی رعنائی اور اقدار کی ترجمانی کا ذریعہ

ہفتہ 1 مئی 2021

راحیلہ مغل
ماہ رمضان آتے ہی جہاں سب کو روزہ رکھنے کی خوشی ہوتی ہے وہیں رمضان کا دوسرا عشرہ شروع ہوتے ہی عید کی تیاریوں کی بھی فکر لگ جاتی ہے۔یہی وجہ ہے کہ خواتین فری ٹائم ملتے ہی بازاروں کا رُخ کرتی ہیں اور اپنے لئے ملبوسات تیار کروانا شروع کر دیتی ہیں۔اب چونکہ موسم بدل چکا ہے سرد موسم جا چکا ہے اور بہار کے نکھرے نکھرے موسم کے بعد ہم موسم گرما کی جانب بڑھ رہے ہیں یہ سچ ہے کہ موسم کی تبدیلی سے نہ صرف لباس تبدیل ہو جاتا ہے بلکہ فیشن بھی بدل جاتا ہے اور طرز زندگی میں بدلاؤ بھی آجاتا ہے۔
موسم بہار اور موسم گرما میں کوئی بھی لباس لانگ شرٹ اور چوری دار پاجامے کا نعم البدل نہیں ہو سکتا۔اس موسم میں کھلے رنگ دیکھنے والے کے من کو بھا جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

چوڑی دار پاجامہ اور ڈھیلے ڈھالے ملبوسات کا موسم صدا بہار رہتا ہے،یہ شخصیت کو نکھارتا ہے۔
آج کل اس صدا بہار مقبول عام پہناوے کو نئے اسٹائل سے سلوایا جا رہا ہے جو نہ صرف منفرد بلکہ بہتر لک دیتا ہے دراصل یہ قدیم اور جدید فیشن کا حسین امتزاج ہے۔

فیشن محض زندگی کا تقاضا ہی نہیں شخصیت کی زیبائش بھی ہے۔انسان کی فطرت ہے کہ وہ ایسا لباس زیب تن کرنا چاہتا ہے جسے لوگ پسند کریں اور اس لباس سے اس کی شخصیت بھی اُجاگر ہو۔فیشن پرست خواتین ہمیشہ نئے ٹرینڈ کا انتخاب کرتی ہیں وہ ہر نئے فیشن کو اپناتی رہتی ہیں۔چنانچہ مختلف رنگ و انداز کے ملبوسات کے ذریعے روپ کے نکھار اور شخصیت کو انفرادیت عطا کرنے کا اہتمام کیا جاتا ہے۔
یہ حقیقت ہے کہ فیشن کبھی ایک سا نہیں رہتا ،اس میں بتدریج تبدیلی آتی رہتی ہے۔لانگ شرٹس اور چوڑی دار پاجامہ بھی ایک ایسا ہی دلکش پہناوا ہے۔عورت کی حیا اور مشرقی روایات کی پاس داری کرتی لانگ شرٹس شخصیت کو رعنائی عطا کرنے کے ساتھ اپنی اقدار کی ترجمانی کا ذریعہ بھی ہیں اور فیشن کا حصہ بھی۔
گزشتہ سال کا آغاز جہاں خواتین کے لئے لانگ شرٹ کے بجائے میڈیم شرٹ ہو سکریٹ پینٹس،شارٹ شرٹ ہو غرارہ یا ٹراؤزر کا فیشن لایا،وہیں اس سال ایک بار پھر لمبی قمیضوں کا فیشن خواتین میں مقبول ہو رہا ہے۔
لانگ شرٹس کا رجحان ہر رنگ اور ہر طرح کے کپڑے میں خوبصورت اسٹائل میں دیکھنے میں آرہا ہے۔صرف یہ ہی نہیں،ڈیزائنر کی جانب سے بھی اس بار موسم بہار کے ملبوسات کی تشہیر کے لئے لمبی قمیضوں کا انتخاب کیا گیا۔جو اس بات کا خماڑ ہے کہ رواں برس موسم گرما خواتین کے لئے ایک بار پھر لمبی قمیضوں کا ٹرینڈ لے کر آیا ہے۔ان پر بنے نت نئے ڈیزائن شخصیت کو انفرادیت عطا کرتے ہیں۔
دیدہ زیب،خوش رنگ اور خوب صورت ڈیزائنوں کی حامل لانگ شرٹس خواتین میں تیزی سے مقبول ہوئی ہیں۔لانگ شرٹ کم و بیش ہر قامت پر اور ہر روپ پر سجتی ہے۔چوڑی دار پاجامے کے ساتھ خوب جچتی ہیں۔
لانگ شرٹ اور چوری دار پاجامے کا ٹرینڈ خواتین کے لئے کوئی نیا فیشن نہیں یہ ٹرینڈ خواتین میں 70ء کی دہائی میں بھی خاصا مقبول تھا اور اس کے بعد بھی گاہے بگاہے اس کا فیشن مقبول رہا۔
جو کئی برس تک پوری آب و تاب سے خواتین،لڑکیوں حتیٰ کہ بچیوں میں بھی خاصا مقبول رہا۔اور اب ایک بار پھر نئی نسل میں لانگ شرٹ اور چوڑی دار پاجامے کا ٹرینڈ خاصا معروف ہورہا ہے۔ملک بھر میں پلازو پاینت اور لانگ شرٹ کے فیشن کا جادو ہر صنف نازک کے سر چڑھ کر بول رہا ہے۔کالج کی طالبات ہو یا خاتون خانہ پلازو،پینٹ اور ٹراؤزر کے ساتھ لانگ شرٹس خریدنے میں مصروف دکھائی دیتی ہیں۔
یہ ایک مکمل پہناوا ہے جو نہ صرف سہولت بخش بلکہ آرام دہ بھی ہے،یہ دیکھنے میں اچھا لگتا ہے۔اس پہناوے کو صرف روزمرہ زندگی میں ہی نہیں بلکہ تہواروں اور تقریبات میں بھی زیب تن کیا جا سکتا ہے۔ملک کے طول و عرض میں خواتین اور طالبات اس ٹرینڈ کی گویا دیوانہ ہو رہی ہیں۔دکانداروں کا کہنا ہے کہ ورکنگ وویمن ہو کالج گرلز ہو،یا بڑی عمر کی خواتین سب اس عید کے دوران بھی لانگ شرٹ کا انتخاب کرتی نظر آئیں گیں۔

اس میں شک نہیں جیسے جیسے وقت آگے کی جانب سفر کر رہا ہے ویسے ویسے انسان کے طرز زندگی اور پہناووں میں تبدیلیاں بھی وقت کی ضرورت بنتی جا رہی ہیں۔لائف اسٹائل میں جدت اور خواتین کے فیشن تبدیل نہ ہوں یہ تو ہو ہی نہیں سکتا۔شلوار کا فیشن خواتین میں پرانا ہو چکا ہے۔ایک وقت تھا کہ چوڑی دار اور غرارے اسٹائل والے ڈھیلے پاجامے نانیاں اور دادیاں پہنا کرتی تھیں،بزرگ خواتین کا چوڑی دار اور غرارے اسٹائل کے ڈھیلے ڈھالے پاجامے پہننا”خاندانی“روایات کا حصہ سمجھا جاتا تھا،مگر آج کل ان پاجاموں کو نئے نام دے کر جدید فیشن کا حصہ بنا دیا گیا ہے۔
یہی چوڑی دار پاجامے آج کل ٹائٹس اور غرارہ اسٹائل والے ڈھیلے ٹراؤزرز’پلازور‘ کے نام سے خواتین اور لڑکیوں میں نہایت مقبول ہو رہے ہیں۔لانگ شرٹ کے ساتھ چوڑی دار پاجامے اور لانگ اور شارٹ دونوں سٹائلز کی شرٹز کے ساتھ ڈھیلے لمبے ٹراؤزرز خواتین اور لڑکیوں میں فیشن”ٹرینڈز“بن گئے ہیں۔
دراصل لباس کو ڈھانپتا اور سرد و گرم سے بچاتا ہی نہیں،یہ ہماری سماجی اقدار کا عکاس بھی ہے اور شخصیت کو جاذبیت،دلکشی اور نیا پن بھی عطا کرتا ہے۔
مختلف رنگوں اور منفرد تراش خراش کے لباس انسان کو جاذب نظر بناتے ہیں اور اسے انفرادیت دیتے ہیں۔ملبوسات پر کی جانے والی ڈیزائننگ لباس کو نیا انداز اور انوکھی خوبصورتی عطا کرتی ہے۔دراصل مختلف رنگوں کو اپنا پیراہن کرکے خوش لباسی کے ذوق کی تسکین کی جاتی ہے۔روایتی مشرقی لباس کا اہم جزو پاجامہ ہمیشہ سے ہی ہر طبقے کی خواتین میں مقبول رہا ہے لیکن شادی بیاہ جیسی تقریبات پر تو اسے اور بھی پسند کیا جاتا ہے اکثر خواتین مہندی کی تقریب کے دوران پیلے اور سبز رنگ کے خوبصورت امتزاج سے تیار کردہ ملبوسات کے ساتھ خصوصی طور پر شلوار کی بجائے پاجامہ زیب تن کرنا پسند کرتی ہیں۔

پاجامہ کا شمار ان ملبوسات میں ہوتا ہے جو بھارت اور پاکستان دونوں جگہوں میں مقبول ہے۔گزشتہ چند برسوں سے پاکستانی فیشن ٹرینڈز میں ہر مہینے تبدیلی رونما ہو رہی ہے آج کچھ فیشن ٹرینڈز ہیں تو اگلے مہینے کچھ۔اس وقت آپ جتنے بھی ڈیزائنرز وئیر میں تھری پیس دیکھیں گی ان کے ساتھ دستیاب پاجامے خاصے اسٹائلش پائیں گی۔انٹرنیشنل فیشن مارکیٹ میں بھی پاجاموں پر کڑھائی کا ٹرینڈ چل رہا ہے۔
پاجاموں پر لگائے جانے والے بٹنوں میں بھی خاصی ورائٹی دستیاب ہے آپ اپنی مرضی کے مطابق کسی قسم کا بٹن بھی لگوا سکتی ہیں۔اگر آپ نے روزمرہ کے استعمال کے لئے پاجامہ بنوانا ہے تو پھر آپ کو زیادہ شوخ نہیں سادہ پاجامے کا انتخاب کرنا چاہیے لیکن اگر آپ کسی تقریب کے لئے پاجامہ تیار کروا رہی ہیں تو پھر اسٹائلش اور ڈیزائن والے پاجامے کا انتخاب کریں۔

اس کے علاوہ پاجاموں اور ٹراؤزر پر کڑھائی خاصی اہمیت کی حامل ہے اس پر دھاگے کی کڑھائی خاصی دیدہ زیب لگتی ہے اگر آپ مارکیٹ میں جائیں تو آپ کو جا بجا مختلف ڈیزائن کے ملبوسات نظر آئیں گے لیکن جب آپ ان کے ساتھ پاجامے دیکھیں گے تو وہ خوبصورت کڑھائی اور بیڈز سے سجے ہوں گے۔پاجاموں کے ساتھ قمیضوں پر بھی کڑھائی کی جا رہی ہے لیکن پاجاموں پر کڑھائی کا فیشن خواتین کے لئے خاصا دلچسپ ہے۔
قمیض کی لمبائی کم ہو تو پاجامہ کی کڑھائی اور بٹن نمایاں ہوتے ہیں لیکن بہت ساری خواتین ان کو لانگ شرٹ کے ساتھ بھی زیب تن کر رہی ہیں۔پرنٹڈ اور کڑھائی والے پاجاموں کے ساتھ سادی قمیضیں پسند کی جا رہی ہیں تاکہ پاجامے پر کی گئی کڑھائی، بٹن اور لیس نمایاں ہو۔اس کے علاوہ ایک اور اہم بات وہ یہ ہے کہ اگر شادی بیاہ کی تقریب کے لئے لباس تیار کروایا جا رہا ہے تو اس کے لئے جیولری کی مناسبت سے پاجامے اور قمیض پر کڑھائی کروائی جا رہی ہے۔

بات وہی ہے کہ یہ دور بہت سارے فیشن ٹرینڈز کا دور ہے جس کا جو دل کرتا ہے وہ اسی قسم کا فیشن ٹرینڈ اپنا لیتا ہے اور یہ ایک حوصلہ افزاء رجحان ہے۔ایک دہائی قبل کے فیشن ٹرینڈز پر غور کریں تو پتہ چلاتا ہے کہ ایک ہی قسم کا فیشن ٹرینڈ چلتا تھا یعنی ہر ایک کو ایک ہی فیشن ٹرینڈ فالو کرنا پڑتا تھا لیکن اب صورتحال خاصی مختلف ہے۔آنے والے برسوں میں فیشن ٹرینڈز میں اس سے بھی زیادہ تبدیلیاں دیکھنے کو ملیں گی۔

Browse More Clothing Tips for Women

Special Clothing Tips for Women article for women, read "Long Shirt Aur Choori Dar Pajama" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.