Malbos Hai Khush Rang Kirnon Ke - Article No. 2980

Malbos Hai Khush Rang Kirnon Ke

ملبوس ہے خوش رنگ کرنوں کے - تحریر نمبر 2980

موسم کوئی بھی ہو ہر بدلتے موسم میں فیشن کے نئے رنگ ہوتے ہیں نئے انداز ہوتے ہیں

پیر 3 اکتوبر 2022

راحیلہ مغل
موسم کوئی بھی ہو ہر بدلتے موسم میں فیشن کے نئے رنگ ہوتے ہیں نئے انداز ہوتے ہیں،اور خواتین کی یہ کوشش ہوتی ہے کہ وہ فیشن کے ساتھ چلیں اور کہیں بھی آؤٹ آف ڈیٹ نہ لگیں۔اس وقت موسم خزاں میں فیشن کے نئے انداز نظر آرہے ہیں جن میں اکثر خواتین ریشمی ملبوسات زیب تن کئے نظر آرہی ہیں۔ریشمی ملبوسات اور صنفِ نازک کا ہمیشہ ساتھ رہا ہے۔
پاکستانی خواتین یوں بھی ان کی دلدادہ ہیں کہ یہ پہننے میں آرام دہ ہوتے ہیں اور نفاست ایسی کہ انہیں کیری کرنے میں بھی کوئی وقت نہیں لگتا۔نرماہٹ اور ملائمت کے ساتھ آنکھوں میں کھب جانا ان کی الگ شان ہے۔اگر ہم تقریبات کی بات کریں تو اور ایسے میں ریشمی ملبوسات پہن کر شرکت کرنے والی خواتین سب سے نمایاں ہوتی ہیں۔

(جاری ہے)

یعنی اسے بھی پارٹی ویئر کے طور پر پہننا شخصیت کو چار چاند لگانے کے مترادف ہے۔

آپ نے دیکھا کہ فیشن کی دنیا میں کتنی ہی نوع کے فیبرکس آئے،خواتین میں مقبول بھی ہوئے اور پھر ایک ایسا وقت آیا کہ سرے سے ان کی مانگ ہی نہ رہی۔دوسری جانب سلک کا پہناوا جو سالوں سے جاری ہے اس میں کوئی کمی نہ آئی۔چین اور انڈیا کی سلک آج بھی دنیا بھر میں مقبول ہے۔دوسری جانب آپ فرانس میں منعقد ہونے والے عالمی فیشن شوز کی جانب دیکھیں تو ان میں ہمیں فرانس کے ساتھ اٹلی میں تیار کی ہوئی ریشم کے نت نئے ملبوسات بھی دیکھنے کو ملتے ہیں۔
فیشن کے ماہرین کا کہنا ہے کہ دنیا میں ہر نوع کے فیبرک کی نقل تیار کی جا سکتی ہے لیکن ریشم کی نہیں۔ہمارے ہاں بعض بڑی مارکیٹوں میں نائلون کے کپڑے کو ریشم کہہ کے فروخت کیا جاتا ہے لیکن سمجھدار خواتین دکانداروں کے ان حربوں کو خوب پہچانتی ہیں۔
جہاں تک فیبرکس کی بات ہے تو پاکستانی جامہ وار،پاکستانی کمخواب،شٹلیلے، نیٹ اور جالی اور ریشمی ملبوسات خواتین میں پسند کیے جا رہے ہیں۔
دلہنیں لمبے فراک زیب تن کر رہی ہیں،اس سال ہونے والی شادیوں میں بیشتر دلہنیں گھاگرے اور شارٹ بلاوز اور غرارے استعمال کر رہی ہیں۔لمبے اور شارٹ دونوں قسم کے دوپٹے جوڑوں کے ساتھ اوڑھے جا رہے ہیں۔اگر ہم کہیں کہ اس برس دلکش اور بولڈ رنگوں کا استعمال ہو رہا ہے تو بے جا نہ ہو گا۔مختلف قسم کے ریشمی،بروکیڈ،جامہ وار،تانچوئی اور کمخواب کے قیمتی کام دار جوڑے بھی دلہنیں پسند کر رہی ہیں۔
ماضی کے ملبوسات کی طرح اس سال کپڑوں کو گوٹے،زردوزی،مکیش،تلے،کورے،ہینڈ ایمبرائیڈری،نقشی،دبکہ،ریشم،پرلز اور مختلف قسم کے نگینوں سے سجایا جا رہا ہے۔جامہ وار،شیفون،آرگینزا،ٹشو،ویلوٹ اور سلک کو اہمیت حاصل ہے جبکہ مکیش،گوٹے،مرر اور تھریڈ ورک کورے اور دبکے کا روایتی کام ابھی تک خواتین کے من پسند کپڑوں کی لسٹ میں شامل ہے۔
ریشمی کپڑے سے تیار کردہ دیدہ زیب ملبوسات اپنے رنگوں اور دلکش ڈیزائننگ کے ساتھ پاکستان کی ہر دوسری ماڈل کو بھی پسند ہیں۔
ان کا کہنا ہے اگر دنیا ریشم کی تعریفیں کرتی ہے تو کچھ غلط نہیں۔ہم تو جب بھی کسی پارٹی میں یہ ڈریسز زیب تن کرکے جاتے ہیں تو مرکزِ نگاہ بن جاتے ہیں۔ویسے تو خزاں کی ہر رت ہی نرالی ہے۔یہ موسم ہر دلعزیز تو ہے ہی،اس میں ہر رنگ منفرد اور ہر لباس بھی من موہنا لگنے لگتا ہے۔جیسے خزاں مزاج کو بدل دیتی ہے ایسے ہی موسم کی مناسبت سے فیشن میں ان ہونے والے دلفریب ریشمی ملبوسات اپنی دلکشی کے باعث ایک منفرد حیثیت حاصل کر لیتے ہیں۔
لیکن خزاں کے آنے پر جذباتی نہ ہو جائیں بلکہ سوچ سمجھ کر اپنے ملبوسات سے لگانے کی تیاری کریں۔اس کے لئے پہلے یہ جان لینا ضروری ہے کہ آجکل کس قسم کے ملبوسات پسند کیے جا رہے ہیں۔عام طور پر فیشن انڈسٹری میں آجکل طویل اور مختصر لمبائی والی فراکیں راج کرتی نظر آتی ہیں۔یہ فراکیں انگرکھا اسٹائل میں بھی ہیں،پشواز کے روایتی انداز میں بھی اور مغربی گاون ڈریس کی شکل میں بھی۔
جنہیں اپنی پسند کے مطابق اپنایا جا سکتا ہے اور ان پر اپنی مرضی کے ڈیزائن بنوا کر پرنٹڈ اور ایمبرائیڈ ملبوسات تیار کروائے جا سکتے ہیں۔خیال رہے کہ نئے انداز کی ان فراکوں کو سلوانے میں عام قمیض سے زیادہ کپڑا درکار ہوتا ہے لہٰذا ملبوسات کی شاپنگ کرتے وقت اس بات کو مدنظر رکھیں اور فراک کے لئے کم از کم پانچ گز کپڑا ضرور خریدیں اور یہ ملبوسات موسم بہار میں اگر ریشمی کپڑے کے سلوائے جائیں تو موسم کے ساتھ ساتھ آپ کی شخصیت بھی جاذب نظر بن جائے۔

اگر ہم رواں سال کے فیشن ٹرینڈز پر نظر دوڑائیں تو پتا چلتا ہے کہ اس برس پچھلے برس سے کچھ مختلف ٹرینڈز نہیں ہیں۔پچھلے سال مہارانی،انارکلی،راجھستانی فراک،انارکلی فراک،نور جہاں فراک،پشتواس میں خواتین کی خاصی دلچسپی رہی۔اس کے علاوہ کیپریز فیشن میں نہیں تھے لیکن اس کے باوجود ان کا استعمال ہوتا رہا۔گوٹے والی شلواریں،بیل بوٹم،غرارے اور شرارے اور کڑھائی والی شلواریں بھی خاصی پسند کی گئیں۔
ٹراؤزرز یعنی تنگ پانچے والے پاجامے بھی ٹرینڈ کا حصہ رہے جبکہ سٹریٹ ٹراؤزر اور سیگریٹ پینٹس بھی پہنی جاتی رہیں،ان میں خواتین ذرا سلم سمارٹ لگتی ہیں اس لئے ہر طرح کی جسمات رکھنے والی لڑکی کی کوشش ہوتی ہے کہ وہ سیگریٹ پینٹ اور سٹریٹ پاجامے کا استعمال کئے گئے اس سال بھی یہی ٹرینڈ دیکھنے کو مل رہے ہیں۔اس وقت فلورل میکسیز فیشن میں بہت زیادہ اِن ہیں جو کہ جارجٹ اور لینن دونوں میں دستیاب ہیں۔جارجٹ میں لائننگ کے ساتھ ہلکے رنگوں میں جبکہ لینن میں گہرے رنگوں میں مارکیٹ میں موجود ہیں۔ایسے میں ہی تو شاعر نے کہا تھا
اتراتی پھر رہی ہے بھرے شہر میں بہار نازاں ہے جس پہ حسن وہ صورت ہے آپ کی

Browse More Clothing Tips for Women

Special Clothing Tips for Women article for women, read "Malbos Hai Khush Rang Kirnon Ke" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.