Maxi Glamour Se Bharpoor Fashion - Article No. 2624

Maxi Glamour Se Bharpoor Fashion

میکسی گلیمر سے بھرپور فیشن - تحریر نمبر 2624

یہ لباس تقریبات میں پہننے والے کو ایک منفرد انداز بخشتا ہے

بدھ 23 جون 2021

راحیلہ مغل
فل لینتھ شرٹ،گاون یا میکسی اس وقت ہاٹ فیشن کی حیثیت رکھتی ہے۔دنیا بھر میں فیشن کے دلدادہ اپنی آرائش و زیبائش کے لئے میکسی کو لازم تصور کرتے ہیں۔اس کا گلیمر تقریبات میں پہننے والے کو ایک منفرد انداز بخشتا ہے۔شام کی تقریبات میں میکسی کا انتخاب آپ کی شخصیت کو نمایاں کر دینے کیلئے کافی ہے۔اگر آپ میکسی خود ڈیزائن کرنا چاہتی ہیں تو آپ شیفون،جارجٹ اور نیٹ کی پلین شرٹس کے ساتھ مکس اینڈ میچ جاماوار کے پیچز استعمال کر سکتی ہیں۔
گلے کی ڈیزائننگ کے لئے چھوٹے بڑے سٹونز،بیڈز اور پرل میکسی کے حسن کو دوبالا کر دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور ان کا ایک فائدہ یہ بھی ہے کہ آپ میکسی کے ساتھ میچنگ جیولری کے لئے ہزاروں روپے خرچ کرنے سے بھی بچ جائیں گی۔

(جاری ہے)

تقریبات میں فلور لینتھ شرٹ یا میکسی کو اعتماد سے کیری کرنے کیلئے ہمیشہ ہائی ہیل کا انتخاب کریں۔
فیشن محض زندگی کا تقاضا ہی نہیں شخصیت کی زیبائش بھی ہے۔

انسان کی فطرت ہے کہ وہ ایسا لباس زیب تن کرنا چاہتا ہے جسے لوگ پسند کریں اور اس لباس سے اس کی شخصیت بھی اُجاگر ہو۔فیشن پرست خواتین ہمیشہ نئے ٹرینڈ کا انتخاب کرتی ہیں وہ ہر نئے فیشن کو اپناتی رہتی ہیں۔چنانچہ مختلف رنگ و انداز کے ملبوسات کے ذریعے روپ کے نکھار اور شخصیت کو انفرادیت عطا کرنے کا اہتمام کیا جاتا ہے۔یہ حقیقت ہے کہ فیشن کبھی ایک سا نہیں رہتا،اس میں بتدریج تبدیلی آتی رہتی ہے۔
لانگ فراکس اور میکسی بھی ایک ایسا ہی دلکش پہناوا ہے۔عورت کی حیا اور مشرقی روایات کی پاس داری کرتی لانگ فراکس شخصیت کو رعنائی عطا کرنے کے ساتھ اپنی اقدار کی ترجمانی کا ذریعہ بھی ہیں اور فیشن کا حصہ بھی۔
گزشتہ سال کا آغاز جہاں خواتین کے لئے لانگ شرٹ کے بجائے میڈیم شرٹ ود سگریٹ پینٹس،شارٹ شرٹ ود غرارہ یا ٹراؤزر کا فیشن لایا،وہیں اس سال ایک بار پھر لمبی فراکس اور میکسیوں کا فیشن خواتین میں مقبول ہو رہا ہے۔
لانگ فراکس کا رجحان ہر رنگ اور ہر طرح کے کپڑے میں خوبصورت اسٹائل میں دیکھنے میں آرہا ہے۔صرف یہ ہی نہیں،ڈیزائنر کی جانب سے بھی اس بار موسم گرما کے ملبوسات کی تشہیر کے لئے لمبی فراکس کا انتخاب کیا گیا۔جو اس بات کا غماز ہے کہ رواں برس موسم گرما خواتین کے لئے ایک بار پھر لمبی قمیضوں کا ٹرینڈ لے کر آیا ہے۔ان پر بنے نت نئے ڈیزائن شخصیت کو انفرادیت عطا کرتے ہیں۔
دیدہ زیب،خوش رنگ اور خوبصورت ڈیزائنوں کی حامل لانگ فراکس اور میکسیاں خواتین میں تیزی سے مقبول ہو رہی ہیں۔لانگ فراک کم و بیش ہر قامت پر اور ہر روپ پر سجتی ہے۔
اس پہناوے کو صرف روزمرہ زندگی میں ہی نہیں بلکہ تہواروں اور تقریبات میں بھی زیب تن کیا جا سکتا ہے۔ملک کے طول و عرض میں خواتین اور طالبات اس ٹرینڈ کی گویا دیوانہ ہو رہی ہیں۔
دکانداروں کا کہنا ہے کہ ورکنگ وویمن ہو کالج گرلز ہو،یا بڑی عمر کی خواتین سب لانگ فراکس اور میکسی کا انتخاب کرتی نظر آتی ہیں۔پھولوں کے پرنٹس پر مبنی یہ فراکس دیکھنے میں بہت خوبصورت لگتی ہیں۔پاکستان میں ان دنوں بھی شدید گرمی چل رہی ہے۔ایسے وقت میں فلورل پرنٹس آنکھوں کو بھاتے ہیں۔گزشتہ کچھ عرصے سے خواتین کیلئے مارکیٹ میں زمین تک آتی پرنٹڈ لانگ فراکس اور میکسی متعارف کروائے جانے کا ایک سلسلہ جاری ہے۔
اس وقت بھی کئی ایسے برانڈز ہیں،جنہوں نے لان اور ہلکی کاٹن سے تیار کردہ پرنٹڈ فراکس کو مارکیٹ میں متعارف کروایا ہے۔اگر شادیوں یا تقریبات کے حوالے سے بات کی جائے تو ڈیزائنرز سلک اور شیفون سے تیار کردہ فراکس اور میکسیاں بھی متعارف کروا چکے ہیں،اکثر لڑکیاں جو ڈیزائنر سے فراکس یا میکسی خریدنے کی سکت نہیں رکھتی،وہ گھر پر بھی سی کر تیار کر سکتی ہیں یا سلوا سکتی ہیں۔
مگر سوال یہ ہے کہ فراک کا ڈیزائن کیسا ہو؟اس سوال کے جواب میں لڑکیاں تھوڑا کنفیوز ہو جاتی ہیں۔انہیں اندازہ نہیں ہوتا کہ فراک یا میکسی کی ڈیزائننگ کس طرح کی جائے؟آئیے اس آرٹیکل میں آپ کی رہنمائی کریں۔
اگر آپ کے پاس ایسا کپڑا موجود ہے،جس پر چھوٹے چھوٹے پھول جابجا بنے ہوئے ہیں تو آپ اس کے اوپر کی جانب بٹن کی ایک لائن لگا لیں۔ساتھ ہی اس کے بارڈرز اور آستینوں کے نیچے والے حصے کی طرف کسی اور پرنٹ کی پٹیاں لگوا لیں،اگر آپ کو خود سلائی آتی ہے تو خود ہی سی لیں۔

سادہ بوٹ انداز کا گلا:
انٹرنیٹ پر دیکھ لیں کہ کس طرح بوٹ انداز کا گلا کاٹا جاتا ہے۔نیلے رنگ کی پرنٹڈ کپڑے کی فراک پر سادہ سا بوٹ انداز کا گلا سلوا لیں۔ فراک پر کوئی لیس نہ لگوائیں،اس کا گھیر زیادہ رکھیں،لیکن اس انداز کا ہو کہ چن واضح نظر نہ آئیں۔اگر سلک کا کپڑا ہے تو اس انداز کی فراک دیکھنے میں سادہ مگر ٹین ایج لڑکیوں پر اچھی لگتی ہے۔

بیلٹ اسٹائل:
ڈیزائنرز کی جانب سے بیلٹ اسٹائل انداز کی فراک بھی متعارف کروائی جا رہی ہے۔اس انداز کی فراک کیلئے کمر کے سائیڈ پر فٹنگ دینے کے لئے کپڑے کے ہم رنگ یا میچنگ کے کلر کا بیلٹ تیار کیا جاتا ہے اور اسے فراک کے ساتھ لگا دیا جاتا ہے۔جسے پہنتے وقت لڑکیاں باندھ کر فراک کی فٹنگ کر سکتی ہیں۔اس انداز کی ڈیزائننگ والی میکسی لڑکیوں کو یقینا پسند آئے گی۔

کیپ اسٹائل:
میکسی کا اوپر والا حصہ کیپ اسٹائل (Cape Style) میں رکھوا لیں۔اس انداز کی میکسی میں آستین کی فٹنگ نہیں ہوتی بلکہ اوپر سے کپڑا ڈھیلے انداز سے کمر تک آتا ہے۔یہ بھی ڈیزائنر انداز ہے،جسے خواتین گھروں میں تیار کر سکتی ہیں اور پرنٹڈ میکسی انداز کی فراک پہن سکتی ہیں۔
کوٹی اور لوپس انداز:
میکسی پرنٹڈ ہو تو سادہ سی کسی ایک رنگ کی کوٹی اور اس کے ساتھ لوپس اور بٹنز لگوا دئیے جائیں تو فراک کا انداز مختلف اور منفرد سا لگنے لگتا ہے ۔
کوشش کریں کہ فراک کو مختلف انداز دینے کیلئے کسی شوخ رنگ کی کوٹی اسٹائل کو شامل کر لیں۔اس سے فراک کا ڈیزائنر والا لُک آئے گا۔ اس میں شک نہیں جیسے جیسے وقت آگے کی جانب سفر کر رہا ہے ویسے ویسے انسان کے طرز زندگی اور پہناووں میں تبدیلیاں بھی وقت کی ضرورت بنتی جا رہی ہیں۔لائف اسٹائل میں جدت اور خواتین کے فیشن تبدیل نہ ہوں یہ تو ہو ہی نہیں سکتا ۔
دراصل لباس تن کو ڈھانپتا اور سرد و گرم سے بچاتا ہی نہیں،یہ ہماری سماجی اقدار کا عکاس بھی ہے اور شخصیت کو جاذبیت،دلکشی اور نیا پن بھی عطا کرتا ہے۔مختلف رنگوں اور منفرد تراش خراش کے لباس انسان کو جاذب نظر بناتے ہیں اور اسے انفرادیت دیتے ہیں۔ملبوسات پر کی جانے والی ڈیزائننگ لباس کو نیا انداز اور انوکھی خوبصورتی عطا کرتی ہے۔دراصل مختلف رنگوں کو اپنا پیراہن کرکے خوش لباسی کے ذوق کی تسکین کی جاتی ہے۔
روایتی مشرقی لباس کا اہم جزو لمبی فراکس یا میکسی ہمیشہ سے ہی ہر طبقے کی خواتین میں مقبول رہا ہے لیکن شادی بیاہ جیسی تقریبات پر تو اسے اور بھی پسند کیا جاتا ہے اکثر خواتین مہندی کی تقریب کے دوران پیلے اور سبز رنگ کے خوبصورت امتزاج سے تیار کردہ ملبوسات کے ساتھ خصوصی طور پر زیب تن کرنا پسند کرتی ہیں۔
میکسی کا شمار ان ملبوسات میں ہوتا ہے جو عرب ممالک میں بے حد مقبول ہے اور اب پاکستان میں بھی اپنی مقبولیت کے جھنڈے گاڑ رہا ہے ۔
گزشتہ چند برسوں سے پاکستانی فیشن ٹرینڈز میں ہر مہینے تبدیلی رونما ہو رہی ہے آج کچھ فیشن ٹرینڈز ہیں تو اگلے مہینے کچھ۔اس وقت آپ جتنے بھی ڈیزائنرز کے ڈریسز دیکھیں گیں اُن میں میکسی سرفہرست ہو گی۔ان کے ساتھ دستیاب پاجامے بھی خاصے سٹائلش ملتے ہیں۔بات وہی ہے کہ یہ دور بہت سارے فیشن ٹرینڈز کا دور ہے جس کا جو دل کرتا ہے وہ اسی قسم کا فیشن ٹرینڈ اپنا لیتا ہے اور یہ ایک حوصلہ افزاء رجحان ہے۔ایک دہائی قبل کے فیشن ٹرینڈز پر غور کریں تو پتہ چلتا ہے کہ ایک ہی قسم کا فیشن ٹرینڈ چلتا تھا یعنی ہر ایک کو ایک ہی فیشن ٹرینڈ فالو کرنا پڑتا تھا لیکن اب صورتحال خاصی مختلف ہے۔آنے والے برسوں میں فیشن ٹرینڈز میں اس سے بھی زیادہ تبدیلیاں دیکھنے کو ملیں گی۔

Browse More Clothing Tips for Women

Special Clothing Tips for Women article for women, read "Maxi Glamour Se Bharpoor Fashion" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.