Party Dresses Pasand Apni Mazaj Apna - Article No. 2927

Party Dresses Pasand Apni Mazaj Apna

پارٹی ڈریسز پسند اپنی‘مزاج اپنا - تحریر نمبر 2927

لانگ شرٹ،میکسی،شارٹ شرٹس،غرارہ اور مغلائی ملبوسات

پیر 18 جولائی 2022

راحیلہ مغل
کسی بھی تقریب پر سب سے الگ لگنا ہر ایک کی ترجیح ہوتی ہے اور اگر خواتین کی بات کی جائے تو وہ کپڑوں سے جوتوں تک میچنگ کو سامنے رکھتی ہیں تاکہ اس خاص موقع پر وہ اپنی خوش لباسی سے سب کو متاثر کر سکیں۔اسی لئے کہتے ہیں کہ شاپنگ کا نام آئے اور خواتین کا ذکر نہ کیا جائے تو بہت زیادتی ہو گی کیونکہ شاپنگ عید کی ہو یا کسی اور موقع پر،اس کے لئے خواتین تو سب سے آگے ہوتی ہیں اور انہیں ہر وقت یہ جاننے کی کھوج رہتی ہے کہ فیشن میں آخر کیا چل رہا ہے تاکہ وہ بھی موجودہ فیشن کا حصہ بن سکیں۔

آج کل خواتین اور نوجوان لڑکیوں کے ملبوسات سمیت دیگر فیشن اور پسند کے معیار میں بھی خاصا فرق آتا جا رہا ہے۔خواتین چاہتی ہیں کہ وہ ہر تقریب میں دلکش نظر آئیں اور شاپنگ بھی ٹرینڈ کے مطابق کریں جب کہ ان کی نسبت نوجوان لڑکیاں شوخ اور نت نئے اسٹائل اپنانا چاہتی ہیں تاکہ وہ بھی سب کی نظروں میں رہیں۔

(جاری ہے)

ان دنوں عید کے بعد تقریبات میں لانگ فراکس،میکسی،شارٹ شرٹس،غرارہ،مغلائی ملبوسات اور ہلکے رنگوں کے ملبوسات کا زیادہ استعمال کئے جا رہے ہیں۔

جب کہ ڈیزائنرز کے مطابق تقریبات کے لئے ملبوسات میں اونچی کُرتیاں،قمیضیں اور فراک پسند کیے جا رہے ہیں،یہی وجہ ہے کہ منفرد انداز اور رنگوں میں ان کو متعارف کروایا جا رہا ہے۔ویسے ہمارا مشورہ ہے کہ خواتین لانگ شرٹ کے ساتھ سیگریٹ پینٹ،ٹیولپ شلوار اور فلیپر بھی پہن سکتی ہیں جن میں وہ نہایت خوبصورت اور دلکش لگیں گی۔لڑکیوں کے مطابق اونچی یا نارمل لمبائی کی قمیض کو سنبھالنا آسان ہوتا ہے جب کہ میکسی اور لانگ شرٹس جیسے لباس دیکھنے اور پہننے میں نہایت دلکش ہیں لیکن انہیں سنبھالنے میں مشکلات پیش آتی ہیں۔
کپڑوں کی خریداری کے بعد خواتین کے لئے دوسرا بڑا مسئلہ ان کی سلائی ہوتی ہے کیونکہ انہیں کس فیشن میں سلوانا ہے اس ٹرینڈ کا بھی ایک خاص خیال رکھنا ہوتا ہے۔شارٹ شرٹس کے ساتھ سیگریٹ پینٹس اور دیگر فیشن ٹراؤزرز کے اسٹائل کے ساتھ سجنے سنورنے کے لئے قمیض میں بوٹ نیک لائن بنایا جا رہا ہے جو شرٹ میں خوبصورت دکھائی دیتا ہے۔چاہے قمیض کڑھائی والی ہو یا سادھی،دونوں میں اس کا اسٹائل منفرد ہی لگتا ہے اور جوڑے میں چار چاند لگ جاتے ہیں۔

ان دنوں اگر آپ کا گزر لاہور کے گلبرگ پلازہ یا لبرٹی مارکیٹ سے ہو تو ہر جانب لان کے مشہور برانڈز کے دیوقامت بل بورڈ آویزاں نظر آئیں گے،جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ تقریبات کا آغاز ہے۔پاکستانی خواتین کے لئے موسم گرما میں تقریبات کی سب سے بڑی خوشی رنگا رنگ اور خوبصورت لان کلیکشن میں چھپی ہوتی ہے۔لان کی خریداری کا آغاز فروری کے اختتام سے ہوتا ہے جو کہ ستمبر تک جاری رہتی ہے۔
خواتین کو اپنے پسندیدہ لان پرنٹس کا شدت سے انتظار رہتا ہے۔رواں سال بھی گزشتہ سالوں سے مختلف نہیں ہے اور پاکستانی خواتین کے پاس خریداری کے لئے لان کے متعدد برانڈز کی نئی کلیکشن موجود ہے۔لان فیشن کے رجحانات میں وقت کے ساتھ ساتھ ڈرامائی تبدیلی واقع ہوئی ہے۔دیکھا یہ گیا ہے کہ زیادہ تر خواتین ڈیزائنر لان کو ترجیح دیتی ہیں جو ان کے پسندیدہ ہونے کے ساتھ ساتھ ان کے بجٹ کے مطابق بھی ہوتے ہیں۔
سادہ پرنٹ سوٹ سے لے کر کڑھائی والے سوٹ چاہے 2 پیس ہوں،3 پیس ہوں یا پھر شرٹ کے پیس،دکانیں ان کی نئی کلیکشن سے بھری پڑی ہیں۔ملازمت پیشہ خواتین لان کی شرٹس کے استعمال کو ترجیح دیتی ہیں جبکہ 2 پیس اور 3 پیس سوٹ کسی پارٹی یا پھر خاص مواقعوں پر پہننا پسند کرتی ہیں۔عام طور پر گھریلو خواتین لان کے سادہ سوٹ پہننے کو ترجیح دیتی ہیں کیونکہ انہیں عموماً گھریلو کام کاج انجام دینے ہوتے ہیں۔
بھاری کڑھائی دار لان کے سوٹ اور وہ بھی شیفون کے دوپٹے کے ساتھ کی خریداری صرف ایسی خواتین کی ترجیح ہوتی ہے جو اپنی ملازمت کے دوران یا پھر پارٹیوں میں پُرکشش نظر آنا چاہتی ہیں۔شیفون دوپٹہ وزن میں ہلکا اور استعمال میں انتہائی آرام دہ ہوتا ہے۔موسم گرما کے کپڑوں میں مرکزی حیثیت رکھنے والے لان کے لباس ہر موقع پر زیب تن کیے جا سکتے ہیں۔
ڈیزائنر برانڈز کی خصوصی توجہ اس بات پر ہوتی ہے کہ عید کے بعد تقریبات کیلئے وہ ایسے لباس تیار کریں جو گاہک کی خواہش کے مطابق ہوں۔
گزشتہ چند سالوں کے دوران لان کے کاروبار میں بھی متعدد نئے برانڈز متعارف کروائے گئے ہیں جس کی وجہ سے قیمتوں اور معیاری پرنٹس کے حوالے سے ایک مقابلے کی فضا قائم ہو گئی ہے۔کون ہو گا جو ڈیزائنز لان نہیں خریدنا چاہتا ہو گا؟ہر خاتون کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ نئے اور خوبصورت لان پرنٹ خریدے جنہیں وہ آفس میں یا پھر مختلف مواقعوں پر زیب تن کر سکے۔
لان کی مارکیٹنگ سے وابستہ افراد کو داد دینی چاہیے جو اپنے نت نئے طریقوں سے خواتین کو لان کی خریداری آمادہ کرتے ہیں۔مارکیٹنگ کی حکمتِ عملی میں ٹی وی کمرشل اور بل بورڈ کا سہارا لے کر خواتین کو اپنی جانب متوجہ کیا جا رہا ہے جس کا اختتام آخر لان کی خریداری پر ہی ہوتا ہے۔
اگر ہم پچھلے سال کے فیشن ٹرینڈز پر نظر دوڑائیں تو پتا چلتا ہے کہ پچھلے برس لمبی اور چھوٹی قمیضیں چلتی رہیں،پہلے چھ ماہ چھوٹی جبکہ اگلے چھ ماہ تک لمبی قمیضیں زیادہ پسند کی گئیں۔
مہارانی فراک،راجھستانی فراک،انار کلی فراک،نور جہاں فراک،پشواس میں خواتین کی خاصی دلچسپی رہی۔اس کے علاوہ کیپریز فیشن میں نہیں تھے لیکن اس کے باوجود ان کا استعمال ہوتا رہا۔گوٹے والی شلواریں،بیل بوٹم،غرارے اور شرارے اور کڑھائی والی شلواریں بھی خاصی پسند کی گئیں۔ٹراؤزرز یعنی تنگ پانچے والے پاجامے بھی ٹرینڈ کا حصہ رہے جبکہ سٹریٹ ٹراؤزر اور سیگریٹ پینٹس بھی پہنی جاتی رہیں،ان میں خواتین ذرا سلم سمارٹ لگتی ہیں اس لئے ہر طرح کی جسامت رکھنے والی لڑکی کی کوشش ہوتی ہے کہ وہ سیگریٹ پینٹ اور سٹریٹ پاجامے کا استعمال کرے۔
کم عمر بچیاں کھلے ٹراؤزر لمبی اور چھوٹی قمیضوں کے ساتھ پہنتی رہیں۔تھری پیس،ٹو پیس،اور سنگل قمیضوں کا رجحان رہا۔ایمبرائیڈری،چکن کاری،پرنٹس اور ایمبرائیڈری والے دوپٹے فیشن کی دنیا میں مقبول رہے۔

Browse More Clothing Tips for Women

Special Clothing Tips for Women article for women, read "Party Dresses Pasand Apni Mazaj Apna" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.