Perahan Tera Baharoon Jaisa - Article No. 2746

Perahan Tera Baharoon Jaisa

پیراہن تیرا بہاروں جیسا - تحریر نمبر 2746

مفلر،اسکارف،سویٹر،جیکٹس،شال،کوٹ اور چمڑے کے جوتے اس موسم کے لئے مخصوص ہیں

ہفتہ 27 نومبر 2021

راحیلہ مغل
پاکستان کے کچھ حصوں میں سرد موسم خشک ٹھنڈک سے بھرپور ہوتا ہے اور یہاں تند و تیز ہوائیں بھی نہیں چلتیں جبکہ دیگر کچھ شہروں میں موسم صبح اور شام کے اوقات میں ہی کچھ سرد ہوتا ہے جبکہ یہاں کے دن معتدل موسم لیے ہوتے ہیں تاہم تیز ہوائیں یہاں بھی پیچھا نہیں چھوڑتیں۔بہرحال آپ سردیاں کسی بھی علاقے میں گزاریں لیکن مناسب انتظام کے بغیر آپ اس موسم سے لطف اندوز نہیں ہو سکتے۔
اب اس موسم میں کس طرح کے لباس اپنائے جائیں۔آئیے ہم آپ کو بتاتے ہیں۔
مخمل کے ملبوسات
سردیوں میں موٹے کپڑے کے شلوار قمیض بنائے جاتے ہیں یہ تو سب ہی کو معلوم ہے۔بازار میں مختلف اقسام کے بھاری ملبوسات دستیاب ہیں جنہیں اپنی پسند کے مطابق خریدا اور پہنا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

عام پہننے کے ملبوسات سے لے کر مخمل کے سوٹ بھی مل جاتے ہیں جنہیں موسم کے تقاضوں کو مدنظر رکھ کر زیب تن کیا جا سکتا ہے۔

رہی بات ان ملبوسات پر ڈیزائننگ کی تو فیشن کی بات دراصل شروع ہی یہاں سے ہوتی ہے۔ان ملبوسات کو فٹ نہیں سلوانا چاہیے کیونکہ بعض دفعہ سردی بڑھ جائے تو سکن ٹائٹ کپڑے ان ملبوسات کے نیچے استعمال کئے جاتے ہیں جو سردی سے بچاتے ہیں۔اندر سے پہننے والی ٹی شرٹس چست ناپ کی استعمال کریں اور ان کے گلے اور بازو قمیض سے بڑے ہوں تاکہ نظر نہ آئیں۔سردیوں کے شلوار قمیض کے بازو اور گلے ڈیزائننگ فائدہ نہیں دیتی کیونکہ اکثر یہ ڈیزائننگ سویٹر یا شال کے نیچے چھپ جاتی ہے لہٰذا قمیض کے دامن پر یا شلوار پر ہی ڈیزائننگ کروائیں۔

سویٹر اور جیکٹس
جن خواتین کی جسمانی ساخت متناسب ہے وہ تو سردیوں کا انتظار شاید اسی لئے کرتی ہوں گی کہ انہیں دیدہ زیب سویٹر پہن کر مزید خوبصورت ہونے کا موقع مل جائے گا۔کہتے ہیں کہ سردیوں کا موسم تیز رنگوں کا موسم ہوتا ہے اور یہ رنگ سب سے زیادہ سویٹرز ہی میں نظر آتے ہیں تاہم فیشن کی تبدیلی سے اب سویٹرز کے رنگوں میں بھی دھیما پن آگیا ہے اور زیادہ تر ڈیزائنرز پیسٹل رنگوں کو ہی بہتر سمجھنے لگے ہیں۔
پہلے پہل ہاتھ سے سویٹر بننے کی روایت عام تھی اور تقریباً ہر گھر میں ہاتھ سے ہی سویٹر بُنے جاتے تھے‘اس وقت نہ تو اتنے انداز تھے اور نہ ہی اتنے رنگ موجود تھے۔آج یہ کام مشینوں کے ذریعے ہونے لگا ہے یہی وجہ ہے کہ اب بہت ہی اچھے معیاری اور مختلف رنگوں اور ڈیزائنوں سے سجے سویٹرز اور جیکٹس مل جاتے ہیں۔کوٹ‘جرسی‘واسکٹ‘اوور کوٹ‘جیکٹ‘قمیض‘ٹی شرٹ نما سویٹرز بنانا اور خریدنا اب عام سی بات ہے۔
یہ اتنے رنگوں میں دستیاب ہیں کہ آپ انہیں آسانی سے میچنگ کرکے بھی منتخب کر سکتی ہیں۔سادہ سویٹرز کے علاوہ اب سویٹرز اور جیکٹس پر کڑھائی بھی کی جانے لگی ہے اور وہ بھی اتنی خوبصورت کہ پھر آپ سادہ سے سوٹ کے ساتھ ان سویٹرز کو پہن کر کسی بھی تقریب میں بھی شرکت کر سکتی ہیں۔جیکٹ میں بھی خواتین کے لئے بہت اچھی ورائٹی دستیاب ہے۔
سردیوں کے ٹراؤزر
سردیوں کے موسم میں جینز کے اور موٹے کپڑے کے ٹراؤزر ہمیشہ ان ہو جاتے ہیں‘اس کی وجہ یہ ہے کہ یہ سردیوں سے بچاتے ہیں اور سویٹرز کے ساتھ لمبی قمیضیں اور شلوار سنبھالنا کسی جھنجھٹ سے کم نہیں لگتا۔
ایسے میں خواتین کا اولین انتخاب کھلے اور موٹے ٹراؤزر ہی ہوتے ہیں‘آج کل بازار ایسے ٹراؤزر سے بھرے پڑے ہیں جن کے پہننے میں کوئی قباحت بھی نہیں‘بالکل کھلے اور موٹے ہیں۔عام پہننے والے لباس سے لے کر تقاریب کے لئے فینسی ٹراؤزر بھی موجود ہیں جو کہ فیشن کا حصہ بھی ہیں۔
شال
شال کا فیشن تو پاکستان میں ایسا رچ بس گیا ہے کہ تقریباً ہر عورت شال کا استعمال کرنے لگی ہے اور ایسا کیوں نہ ہو کہ یہ شالیں ہماری ثقافتی اقدار سے مماثلت رکھتی ہیں۔
سادی شالوں کے ساتھ ساتھ فینسی شالیں بھی دستیاب ہیں اور آج بھی فیشن کا حصہ ہیں تاہم ان کے ڈیزائنوں اور لمبائی چوڑائی میں فرق آتا رہتا ہے۔اب ہاتھ سے بنی ہوئی شالوں کے ساتھ مشین سے بنی ایسی شالین فیشن کا حصہ ہیں جن میں نقش و نگاری کم سے کم ہوتی ہے اور رنگوں کے استعمال میں بھی احتیاط برتی جا رہی ہے۔مفلر‘اسکارف‘ٹوپی وغیرہ پہلے پہل ٹوپیاں اور ہیٹ صرف بچوں کیلئے ہی آتے تھے تاہم اب ٹین ایج خواتین کے ساتھ ساتھ نوجوان خواتین بھی ٹوپیاں سر پر رکھنے لگی ہیں۔
خصوصاً تعلیمی اداروں میں ان کا استعمال زیادہ دیکھا جا رہا ہے۔اونی ٹوپیوں کے ساتھ ساتھ مفلر اور اسکارف بھی استعمال کیے جا رہے ہیں۔خوصاً ایسے علاقے جہاں مسلسل ہوائیں چلتی ہیں وہاں مفلر اور اسکارف ایک اہم ضرورت بن جاتے ہیں اگر آپ کی جیکٹ یا سویٹر رنگ برنگا ہے تو ایک رنگ کا مفلر استعمال کریں اور اگر مفلر رنگ برنگ ہے تو ملٹی کلر یا کنٹراسٹ کرکے سویٹر پہنیں کیونکہ آج کل فیشن کا یہی تقاضا ہے۔

چمڑے کے جوتے
چمڑے کے جوتے سردیوں کے لئے بہترین ہیں۔آج کل آگے سے نوکیلے جوتے اور کوٹ شوز زیادہ پسند کیے جا رہے ہیں۔بلیک اور براؤن کے ساتھ ساتھ بے بی کلر کے جوتوں کے مختلف ڈیزائنز اب فیشن کا حصہ بن چکے ہیں۔ان سردیوں میں اگر آپ نے نیلا اور سفید جوتا پہنا تو آپ کے پاؤں فیشن کے عین مطابق ڈھل جائیں گے۔فیشن کے ماہرین کے مطابق آنے والے سال کے لئے نیلے رنگ کے جوتے سب سے زیادہ فیشن میں رہیں گے۔

ٹرنچ کوٹ
یہ گھٹنوں تک کی لمبائی کا کوٹ ہوتا ہے اسے کمر کے حصے سے لگے بیلٹ کو باندھ کر پہنا جاتا ہے۔یہ اسٹائلش کوٹ یورپ میں برسوں پہلے وہاں کی فیشن آئیکون آڈر لے نے پہن کر اسے سردیوں کے لئے لازم و ملزوم فیشن قرار دیا تھا۔آپ سفر پر جا رہی ہوں تو اپنے ہمراہ ایک ٹرنچ کوٹ ضرور رکھ لیں،خواہ آپ ٹراؤزر کُرتی پہنتی ہوں یا سادہ شلوار قمیض یا پھر ساڑھی یہ کوٹ ہر لباس پر جچتا ہے۔

پرکا کوٹ
یہ اس وقت بھلا لگتا ہے جب باقی سارے لباس کی میچنگ کی جائے یعنی پینٹ،ٹراؤزر اور ہائی ہیلز کے ساتھ زیب تن کیا جائے تو بھلا لگتا ہے اس میں فر کی آستین اور کالر خنک ہوا سے بچاتے ہیں جنہیں سانس کی بیماری لاحق ہو وہ خواتین فروا لے کوٹ نہ پہنیں تو اچھا ہے۔
پی کوٹ
یہ زیادہ تر نیوی بلیو کلر میں بنایا جاتا ہے اور اس کی لمبائی بھی کمر تک ہوتی ہے۔
عموماً اس پر لکڑی سے بنے ہوئے بٹن لگائے جاتے ہیں۔آج کل پلاسٹک کے بٹن فیشن میں ہیں۔آپ چاہیں تو ہلکا خاکی یا میرون رنگ میں پی کوٹ سلوا سکتی ہیں۔سردیوں میں ہونے والی شادیوں کے خاص پہناوے کے طور پر ملبوسات پر پہنئے اور بطور جیکٹ یا کوٹی اسے دیکھنے والے بھی سراہے بنا نہ رہیں گے اور خود آپ کو اپنی شخصیت پر اعتماد محسوس ہو گا۔
کیپ کوٹ
یہ ان دنوں بے حد پسند کئے جا رہے ہیں۔
سادہ کاٹن،سلک،کھدر یعنی کونسا ایسا کپڑا ہے جس میں یہ تیار نہیں ملتے۔خواتین ڈیزائنر نے ان کے کناروں پر زردوزی،مکیش اورریشمی دھاگے کے ایمبرائیڈری بھی کر دی ہے۔یہ اگر مردانہ کپڑے کا سلوایا جائے تو بھی ہر قسم کے لباس پر جچے گا۔یہ ساڑھی کے علاوہ بھی ہر لباس پر خوبصورت تاثر دے گا۔آزما کے دیکھ لیں۔اس قسم کے اسٹائلش کوٹس میں Capelnverse بھی مقبول ہو رہے ہیں وہ بغیر آستین کے ہوتے ہیں۔
آپ کو پاکستانی ڈیزائنرز کی اختراع یوں بھی دیکھنے کو ملے گی کہ انہوں نے جالی دار مٹیریل،کروشیے اور جمادار کے اندر لائننگ دے کر مارکیٹ میں متعارف کرا دیا ہے۔بلاشبہ انہیں بے حد پذیرائی مل رہی ہے۔غرضیکہ اب خواتین کیلئے موسم سرما کے خاص پہناوؤں میں محض سوئیٹر اور Cardigans ہی شامل نہیں رہے۔واڈ روب میں اوور کوٹ اور ریپ کوٹ (Coat Wrap) کے ساتھ ساتھ کئی اور طرح کے اسٹائلش کوٹس حصہ بن گئے ہیں۔

Browse More Clothing Tips for Women

Special Clothing Tips for Women article for women, read "Perahan Tera Baharoon Jaisa" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.