Rang Baharon Ka Chaya Malboos Hue Gul Rang - Article No. 2814

Rang Baharon Ka Chaya Malboos Hue Gul Rang

رنگ بہاروں کا چھایا ملبوس ہوئے گل رنگ - تحریر نمبر 2814

اس سال کاسنی رنگ ہر فیشن بوتیک کی زینت بنا ہوا ہے

جمعرات 17 فروری 2022

راحیلہ مغل
اس سال ویری پیری یعنی کاسنی رنگ ہر فیشن بوتیک کی زینت بنا ہوا ہے،لیکن گزشتہ سال کے برعکس ڈیجیٹل پرنٹ اس مرتبہ کچھ زیادہ پسند نہیں کیے جا رہے۔خواتین کے لئے ہر موسم میں کپڑوں اور ان کے رنگوں کا انتخاب ایک مسئلہ رہتا ہے۔کیا پہنا جائے؟یہی سوال سب کے دماغ میں ہر وقت موجود ہوتا ہے۔رنگوں کے انتخاب میں موسم کا عمل دخل تو ہے ہی لیکن کس سیزن میں کون سا رنگ زیادہ پہنا جا رہا ہے، اُسے بھی نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔
موسم بہار کے آغاز میں ہر ڈیزائنر جب اپنے ملبوسات کا پہلا ایڈیشن (سپرنگ کلیکشن) متعارف کرواتا ہے تو زیادہ تر جو رنگ ہر بوتیک کی زینت بنتا ہے وہی اُس سیزن کا پسندیدہ رنگ کہلاتا ہے۔بہار کی آمد کے ساتھ ہی جب پھول رنگ بکھیرتے ہیں تو خواتین کے ملبوسات میں بھی رنگوں کی بہار اُتر آتی ہے۔

(جاری ہے)

دو ہزار بیس میں گرے اور پیلے رنگ کی مختلف جھلک ہر لباس میں دکھائی دے رہی تھی اور 2019ء میں نیلا رنگ ہر فیشن بوتیک کی زینت بنا ہوا تھا۔

لیکن اس سال کاسنی رنگ ہر پرنٹ میں نظر آ رہا ہے۔
فیشن انڈسٹری کے ماہرین کہتے ہیں کہ ملبوسات میں پرنٹڈ ڈیزائننگ کا فیشن کبھی ختم نہیں ہو گا۔یوں جانئے کہ کسی بھی نوعیت کا پرنٹ ہو وہ آپ کے ملبوس کی جازبیت میں اضافہ کر دیتا ہے۔آپ بھلے جتنی بھی سادہ مزاج ہوں،آپ گہرے رنگ کے پرنٹ استعمال کریں یا ہلکے پرنٹ کے کپڑے،اس میں موسم کی کچھ تخصیص نہیں۔
سردی ہو،گرمی ہو،بہار یا پت جھڑ،ہر موسم میں یہ پرنٹ بھلے لگتے ہیں۔پہننے کے لئے بھی اس میں عمر یا کلاس کی کوئی درجہ بندی نہیں۔سادہ الفاظ میں کہا جا سکتا ہے کہ جس طرح پھولوں کے بغیر گلستان کا تصور نہیں اسی طرح ڈیزائن کے بغیر آپ ڈریسز کا بھی نہیں سوچ سکتیں۔جب خواتین کسی بھی دکان یا چھوٹے بڑے برینڈ کے آؤٹ لیٹ پہ جاتی ہیں تو اولین چیز جو انہیں اپنی جانب متوجہ کرتی ہے وہ ڈیزائن ہی ہے اور ہر ڈیزائن میں رنگوں سے کھیلا جاتا ہے اور یہ رنگ جہاں کائنات کا حُسن ہیں وہیں دیدہ و دل کی ٹھنڈک کا اہتمام بھی انہی سے ہوتا ہے۔
اس سلسلے میں خواتین کہتی ہیں کہ اچھا لباس انسان کی شخصیت کا عکاس ہے۔روزمرہ زندگی میں آپ جو بھی پہنیں اسے جاذب نظر ہونا چاہئے۔اس کے علاوہ ایک بات خواتین کو ہمیشہ ذہن میں رکھنی چاہئے کہ فیبرک جتنا بھی اعلیٰ ہو،پرنٹ جتنا بھی شاندار ہو اگر سینے والا ماہر نہیں تو پھر سب کچھ بے معنی ہے۔سلائی اور پھر سینے والا کا انداز آپ کے کپڑوں کو چار چاند لگا دیتا ہے۔
فیشن ڈیزائنر جویریہ کہتی ہیں کہ اس موسم بہار میں خواتین لینن کو ہی ترجیح دیں گی اس کے ساتھ چکن کاری اور نیٹ بھی اِن رہیں گے۔اس سال بہار کے آتے ہی جن رنگوں نے دھنک بکھیری ہے،اُن میں کاسنی اور گہرا نیلا رنگ سرفہرست ہیں۔اس کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ نیلا رنگ ٹھنڈک کی تاثیر رکھتا ہے،لیکن گرم تاثیر رکھنے والے رنگوں میں کاسنی اور کالا رنگ بھی اس سال کے پسندیدہ ہیں۔
ہلکے رنگوں میں سرفہرست بے بی بلیو،سفید اور سُرمئی اس موسم کے رنگ ہیں۔یہ وہ رنگ ہیں جو ہر جگہ دستیاب ہوں گے۔اس کے علاوہ شوخ رنگ کی قمیضیں اور ان کے ساتھ سفید ٹراؤزر بھی فیشن کی بہار کا حصہ رہیں گے۔
گہرا نیلا رنگ زیادہ تر مردوں کا پسندیدہ رنگ ہے۔جب کہ جامنی یا کاسنی خالصتاً نسائی رنگ ہے،تو ذرا سوچیں،اگر ایک ایسا ملبوس تیار کیا جائے جس میں دونوں رنگوں کا استعمال ہو تو وہ کیا ہی شاہ کار رنگ کا ملبوس ہو گا۔
کاسنی رنگ کی خصوصیات کی بات کی جائے،تو یہ روشنی،نور، اُجالے،طراوت،تازگی،اُمید و رجا کی علامت،کرسٹل انرجی فراہم کرنے والا رنگ ہے۔جو ایک طرف بے حد ٹھنڈا،پُرسکون،خاموش، رومانی،دوستانہ سا ہے،تو دوسری جانب ممتا جیسے الوہی جذبات و احساسات سے لب ریز،گرم جوشی اور والہانہ پن کے اظہار کے لئے بھی انتہائی موثر ہے۔سال نو کے لئے اس کا انتخاب کرنے والوں کو یقین ہے کہ بہت جلد یہ رنگ گوبل انڈسٹری پر چھانے،لاکھوں لوگوں کا من پسند رنگ بننے والا ہے۔
کاسنی رنگ کو پسند کرنے والے افراد پُراسرار زندگی کے مالک ہوتے ہیں۔یہ خوابوں کی دنیا میں رہنے کے عادی ہوتے ہیں اور دنیا کی تمام تر تلخیوں کے باوجود بھی اسے پریوں کا دیس سمجھتے ہیں۔
کاسنی رنگ محض ایک رنگ نہیں،ایک پوری تھیم ہے،اس رنگ کے دنیا پر چھا جانے سے،دنیا بھی پہلے سے کہیں زیادہ حسین و جمیل،روشن و درخشاں،نیّر و تاباں اور خوب نکھری سنوری،کھلی کھلی دکھائی دے گی۔
جب کہ خواتین کی تو گویا دلی مراد بَر آئی ہے کہ یہ رنگ خالصتاً نسائی رنگ ہے۔رنگ ہماری زندگیوں میں کس قدر اہم فرائض انجام دیتا ہے اس کا ہم میں سے اکثر صحیح اندازہ نہیں کر سکتے جب سورج نکلا ہوا ہو صاف و شفاف کا نیلا پن طبیعت میں جوش اور سرگرمی پیدا کر دیتا ہے اور جب دن دھندلا‘ماندا اور تاریک ہو اور بادل چھائے ہوئے ہوں تو طبیعت پژمردہ اور مضمحل ہو جاتی ہے۔
نیلا رنگ دل میں ٹھنڈک اور فرحت پیدا کرتا ہے۔کاسنی رنگ انفرادیت کی نشاندہی کرتا ہے۔اس میں شک نہیں کہ رنگوں کا ہماری زندگیوں میں بڑا دلچسپ عمل دخل ہوتا ہے‘یہ نہ صرف ہمارے جسم بلکہ ذہنوں پر بھی قابو پاتے ہیں بلکہ ہر رنگ کی اپنی خصوصیات اور تاثر ہوتا ہے اس لئے لوگوں کو ملبوسات کیلئے رنگوں کا انتخاب کرتے ہوئے خاص خیال رکھنا چاہیے۔
نوجوان رنگوں کے انتخاب کے معاملے میں کافی پُرجوش ہوتے ہیں۔اس لئے انہیں اپنے ملبوسات کے حوالے سے رنگوں کا انتخاب کرنے سے پہلے رنگوں کی تاثیر اور خصوصیت کے بارے میں بھی معلوم ہونا چاہیے۔
سرخ اور نیلے رنگ کا ملاپ ”کاسنی رنگ“ پُرسکون زندگی اور ہلّے گلّے کی عادت کے بیچ جنگ کا اظہار ہے۔موسم بہار میں ویسے بھی کاسنی رنگ کے ملبوسات کا استعمال بڑھ جاتا ہے۔
یہ رنگ پہننے والے کو ہی نہیں بلکہ دیکھنے والوں کی آنکھوں کو بھی سکون کا احساس فراہم کرتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ موسم گرما میں یہ رنگ خواتین کی پسند پر غالب رہتا ہے،اس رنگ کو پہننے کے بعد یقینا آپ بھی خود کو ہلکا پھلکا محسوس کریں گی۔
فیشن ڈیزائنر جویریہ مزید کہتی ہیں کہ کاسنی،نیلا،پیلا اور سفید رنگ موجودہ فیشن کے رنگ ہیں۔جب کہ لمبی قمیض اور درمیانی لمبائی کی قمیض دونوں چل رہی ہیں۔
سیدھا ٹراؤزر اور شلوار بھی اس موسم کا رائج فیشن ہے۔ان کے علاوہ شوخ رنگوں کے ساتھ شوخ پرنٹس بھی آپ کی وارڈ روب میں تازگی بکھیریں گے۔ایک دہائی پہلے لمبی قمیضوں کا فیشن آیا اور صارفین نے کافی عرصے اُسے استعمال کیا۔گزشتہ برس سے میڈیم لمبائی کی قمیضیں بھی فیشن کا حصہ بن گئیں۔اس سال فیشن انڈسٹری میں دونوں طرح کے کپڑے استعمال میں آتے رہیں گے۔
بوتیکس میں لمبی قمیض بھی دستیاب ہیں اور درمیانی بھی،اس کے ساتھ ساتھ چھوٹی اور لمبی فراکس بھی فیشن میں اِن ہیں۔
گزشتہ چند برس سے ٹائٹس خواتین کی پسند رہے لیکن اب شلوار بھی فیشن میں دوبارہ آ چکی ہے۔اس کے علاوہ پلازو اور سگریٹ پینٹس بھی فیشن میں اِن ہیں۔گزشتہ سال کے برعکس شوخ پرنٹس اس مرتبہ فیشن میں زیادہ پسندیدہ قرار دیئے جا رہے ہیں۔کپڑوں پر پرنٹنگ اور لیس سمیت اورگنزا کی ڈیٹیلنگ اِن رہے گی۔ٹراؤزر پہلے کی طرح سادے نہیں بلکہ ڈیزائننگ والے ڈیمانڈ میں ہیں۔فیشن ڈیزائنر کہتی ہیں کہ ہمارے پاس جو کسٹمرز آ رہے ہیں وہ شوخ رنگوں کی ڈیمانڈ کرتے ہیں۔خواتین کو اب بہت بھرے بھرے کپڑے نہیں پسند بلکہ ڈھیلے ڈھالے لیکن کٹس اور ڈیزائن کے ساتھ کپڑے پسند ہیں۔

Browse More Clothing Tips for Women

Special Clothing Tips for Women article for women, read "Rang Baharon Ka Chaya Malboos Hue Gul Rang" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.