Rang Baharon Ka Chhaya Malbos Hue Khush Rang - Article No. 3114

Rang Baharon Ka Chhaya Malbos Hue Khush Rang

رنگ بہاروں کا چھایا ملبوس ہوئے خوش رنگ - تحریر نمبر 3114

اس سال چمکتا دمکتا اُجلا قرمزی رنگ ہر فیشن بوتیک کی زینت بنا ہوا ہے

جمعرات 13 اپریل 2023

راحیلہ مغل
موسم بہار میں جب پھول رنگ بکھیرتے ہیں تو خواتین کے ملبوسات میں بھی رنگوں کی بہار اُتر آتی ہے۔خواتین کے لئے ہر موسم میں کپڑوں اور ان کے رنگوں کا انتخاب ایک مسئلہ رہتا ہے۔کیا پہنا جائے؟یہی سوال سب کے دماغ میں ہر وقت موجود ہوتا ہے۔رنگوں کے انتخاب میں موسم کا عمل دخل تو ہے ہی لیکن کسی سیزن میں کون سا رنگ زیادہ پہنا جا رہا ہے،اُسے بھی نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔
موسم بہار کے آغاز میں ہر ڈیزائنر جب اپنے ملبوسات کا پہلا ایڈیشن (سپرنگ کلیکشن) متعارف کرواتا ہے تو زیادہ تر جو رنگ ہر بوتیک کی زینت بنتا ہے وہی اُس سیزن کا پسندیدہ رنگ کہلاتا ہے۔بہار کی آمد کے ساتھ ہی جب پھول رنگ بکھیرتے ہیں تو خواتین کے ملبوسات میں بھی رنگوں کی بہار اُتر آتی ہے۔

(جاری ہے)

2020ء میں گرے اور پیلے رنگ کی مختلف جھلک ہر لباس میں دکھائی دے رہی تھی اور 2019ء میں نیلا رنگ ہر فیشن بوتیک کی زینت بنا ہوا تھا۔

2022ء میں کاسنی رنگ ہر پرنٹ میں نظر آ رہا تھا مگر اس سال چمکتا دمکتا اُجلا قرمزی ہر فیشن بوتیک کی زینت بنا ہوا ہے۔
فیشن انڈسٹری کے ماہرین کہتے ہیں کہ ملبوسات میں پرنٹڈ ڈیزائننگ کا فیشن کبھی ختم نہیں ہو گا۔یوں جانئے کہ کسی بھی نوعیت کا پرنٹ ہو وہ آپ کے ملبوس کی جازبیت میں اضافہ کر دیتا ہے۔آپ بھلے جتنی بھی سادہ مزاج ہوں،آپ گہرے رنگ کے پرنٹ استعمال کریں یا ہلکے پرنٹ کے کپڑے،اس میں موسم کی کچھ تخصیص نہیں۔
سردی ہو،گرمی ہو،بہار یا پت جھڑ،ہر موسم میں یہ پرنٹ بھلے لگتے ہیں۔پہننے کے لئے بھی اس میں عمر یا کلاس کی کوئی درجہ بندی نہیں۔سادہ الفاظ میں کہا جا سکتا ہے کہ جس طرح پھولوں کے بغیر گلستان کا تصور نہیں اسی طرح ڈیزائن کے بغیر آپ ڈریسز کا بھی نہیں سوچ سکتیں۔جب خواتین کسی بھی دکان یا چھوٹے بڑے برینڈ کے آؤٹ لیٹ پہ جاتی ہیں تو اولین چیز جو انہیں اپنی جانب متوجہ کرتی ہے وہ ڈیزائن ہی ہے اور ہر ڈیزائن میں رنگوں سے کھیلا جاتا ہے اور یہ رنگ جہاں کائنات کا حسن ہیں وہیں دیدہ و دل کی ٹھنڈک کا اہتمام بھی انہی سے ہوتا ہے۔
اس سلسلے میں خواتین کہتی ہیں کہ اچھا لباس انسان کی شخصیت کا عکاس ہے۔روزمرہ زندگی میں آپ جو بھی پہنیں اسے جاذب نظر ہونا چاہئے۔اس کے علاوہ ایک بات خواتین کو ہمیشہ ذہن میں رکھنی چاہئے کہ فیبرک جتنا بھی اعلیٰ ہو،پرنٹ جتنا بھی شاندار ہو اگر سینے والا ماہر نہیں تو پھر سب کچھ بے معنی ہے۔سلائی اور پھر سینے والے کا انداز آپ کے کپڑوں کو چار چاند لگا دیتا ہے۔
فیشن ڈیزائنر جویریہ کہتی ہیں کہ اس موسم بہار میں خواتین لیٹن کو ہی ترجیح دیں گی اس کے ساتھ چکن کاری اور نیٹ بھی ان رہیں گے۔اس سال بہار کے آتے ہی جن رنگوں نے دھنک بکھیری ہے،ان میں قرمزی،گہرا سرخ اور گہرا نیلا رنگ سرفہرست ہیں۔اس کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ نیلا رنگ ٹھنڈک کی تاثیر رکھتا ہے،لیکن گرم تاثیر رکھنے والے رنگوں میں گہرا قرمزی اور کالا رنگ بھی اس سال کے پسندیدہ ہیں۔
ہلکے رنگوں میں سرفہرست بے بی بلیو،سفید اور ہلکا پیلا اس موسم کے رنگ ہیں۔یہ وہ رنگ ہیں جو ہر جگہ دستیاب ہوں گے۔اس کے علاوہ شوخ رنگ کی قمیضیں اور ان کے ساتھ سفید ٹراؤزر بھی فیشن کی بہار کا حصہ رہیں گے۔
فیشن ڈیزائنر جویریہ مزید کہتی ہیں کہ کاسنی،نیلا،پیلا اور سفید رنگ موجودہ فیشن کے رنگ ہیں۔جب کہ لمبی قمیض اور درمیانی لمبائی کی قمیض دونوں چل رہی ہیں۔
سیدھا ٹراؤز اور شلوار بھی اس موسم کا رائج فیشن ہے۔ان کے علاوہ شوخ رنگوں کے ساتھ شوخ پرنٹس بھی آپ کی وارڈ روب میں تازگی بکھیریں گے۔ایک دہائی پہلے لمبی قمیضوں کا فیشن آیا اور صارفین نے کافی عرصے اُسے استعمال کیا۔گزشتہ برس سے میڈیم لمبائی کی قمیضیں بھی فیشن کا حصہ بن گئیں۔اس سال فیشن انڈسٹری میں دونوں طرح کے کپڑے استعمال میں آتے رہیں گے۔
بوتیکس میں لمبی قمیضیں بھی دستیاب ہیں اور درمیانی بھی،اس کے ساتھ ساتھ چھوٹی اور لمبی فراکس بھی فیشن میں اِن ہیں۔
گزشتہ چند برس سے ٹائٹس خواتین کی پسند رہے لیکن اب شلوار بھی فیشن میں دوبارہ آ چکی ہے۔اس کے علاوہ پلازو اور سگریٹ پینٹس بھی فیشن میں اِن ہیں۔گزشتہ سال کے برعکس شوخ پرنٹس اس مرتبہ فیشن میں زیادہ پسندیدہ قرار دیئے جا رہے ہیں۔
کپڑوں پر پرنٹنگ اور لیس سمیت اورگنزا کی ڈیٹیلنگ ان رہے گی۔ٹراؤزر پہلے کی طرح سادے نہیں بلکہ ڈیزائننگ والے ڈیمانڈ میں ہیں۔فیشن ڈیزائنر کہتی ہیں کہ ہمارے پاس جو کسٹمرز آ رہے ہیں وہ شوخ رنگوں کی ڈیمانڈ کرتے ہیں۔اور رواں سال کا رنگ وائی وا میجنٹا ایک ہائبرڈ شیڈ ہے،یہ رنگ اگر ایک طرف بہت بولڈ،طاقتور،جاندار و شاندار ہے،جذبات و احساسات کے بہترین اظہار کی طاقت رکھتا ہے،تو دوسری جانب اتنا ہی دل آویز دل نشین بھی ہے۔
کلر ایکسپرٹس کا کہنا ہے کہ یہ رنگ وارڈ روب سے گھروں کی راہ داریوں تک کو خوش رنگ و خوش نما کر دینے کی صلاحیت سے مالا مال ہے کہ اس کے تو نام ہی سے سلیبریشن،جشن کی لُو جلتی،روشنی نکلتی سی محسوس ہوتی ہے۔
دیکھا جائے تو بنیادی رنگ تو صرف تین ہی ہیں۔سرخ،پیلا اور نیلا۔اور باقی یہ سارا رنگا رنگ جہاں پھر ان ہی کا طفیلی،مرہون منت ہے،تو قرمزی رنگ کو یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ یہ بنیادی رنگ سرخ کے قریب ترین ہے۔
اور یہ شربتی،تربوزی،اناری،کچناری،روبی،کسم،بنفشی،شنگرفی،آتشیں،احمریں رنگ اور شفق کی لالی و سرخی،ارغوان،بیر بہوٹی سب گویا اسی کے عکس و آہنگ ہیں۔یہ رنگ اپنی ہیئت میں ایک ایسا جیتا جاگتا،ہنستا بولتا،گاتا گنگناتا رنگ ہے کہ پھر اسے پسند کرنے،اپنانے والے کی بھی خوش پوشی و خوش مزاجی مسلمہ ٹھہرتی ہے۔

Browse More Clothing Tips for Women

Special Clothing Tips for Women article for women, read "Rang Baharon Ka Chhaya Malbos Hue Khush Rang" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.