Rang Bikhearti Long Shirts - Article No. 2728

Rang Bikhearti Long Shirts

رنگ بکھیرتی لانگ شرٹس - تحریر نمبر 2728

شخصیت کی رعنائی اور اقدار کی ترجمانی کا ذریعہ

ہفتہ 6 نومبر 2021

راحیلہ مغل
موسم اور وقت کے ساتھ فیشن کے انداز بدلتے رہتے ہیں،ہر نئی رُت جہاں اپنے ساتھ رنگوں کی بہار لے کر آتی ہے،وہیں خواتین بھی اسی لحاظ سے ملبوسات تیار کرواتی ہیں۔آج کل لانگ شرٹس کا رواج دوبارہ سے عام ہو رہا ہے،اس کو آپ جینز،پاجامہ اور شلوار سمیت کسی کے ساتھ بھی پہن سکتے ہیں۔ویسے تو شادی بیاہ سمیت کسی بھی تقریب میں پہنا جا سکتا ہے،مگر خاص طور پر ملازمت پیشہ اور سٹوڈنٹس خواتین میں زیادہ مقبول ہے۔
لانگ شرٹس شوخ رنگوں کے علاوہ ہلکی پھلکی کڑھائی،ڈیزائننگ کے ساتھ شخصیت کو اور بھی زیادہ پرکشش بناتی ہیں۔
اس میں شک نہیں کہ فیشن محض زندگی کا تقاضا ہی نہیں شخصیت کی زیبائش بھی ہے۔انسان کی فطرت ہے کہ وہ ایسا لباس زیب تن کرنا چاہتا ہے جسے لوگ پسند کریں اور اس لباس سے اس کی شخصیت بھی اُجاگر ہو۔

(جاری ہے)

فیشن پرست خواتین ہمیشہ نئے ٹرینڈ کا انتخاب کرتی ہیں وہ ہر نئے فیشن کو اپناتی رہتی ہیں۔

چنانچہ مختلف رنگ و انداز کے ملبوسات کے ذریعے روپ کے نکھار اور شخصیت کو انفرادیت عطا کرنے کا اہتمام کیا جاتا ہے۔یہ حقیقت ہے کہ فیشن کبھی ایک سا نہیں رہتا،اس میں بتدریج تبدیلی آتی رہتی ہے۔لانگ شرٹس بھی ایک ایسا ہی دلکش پہناوا ہے ۔عورت کی حیا اور مشرقی روایات کی پاس داری کرتی لانگ شرٹس شخصیت کو رعنائی عطا کرنے کے ساتھ اپنی اقدار کی ترجمانی کا ذریعہ بھی ہیں اور فیشن کا حصہ بھی۔

گزشتہ سال کا آغاز جہاں خواتین کے لئے لانگ شرٹ کے بجائے میڈیم شرٹ ود سگریٹ پینٹس،شارٹ شرٹ ود غرارہ یا ٹراؤزر کا فیشن لایا،وہیں اس سال ایک بار پھر لمبی قمیضوں کا فیشن خواتین میں مقبول ہو رہا ہے۔لانگ شرٹس کا رجحان ہر رنگ اور ہر طرح کے کپڑے میں خوبصورت اسٹائل میں دیکھنے میں آیا۔صرف یہ ہی نہیں،ڈیزائنر کی جانب سے بھی موسم خزاں کے ملبوسات کی تشہیر کے لئے لمبی قمیضوں کا انتخاب کیا گیا۔
جو اس بات کا غماز ہے کہ رواں برس موسم سرما خواتین کے لئے ایک بار پھر لمبی قمیضوں کا ٹرینڈ لے کر آیا ہے۔ان پر بنے نت نئے ڈیزائن شخصیت کو انفرادیت عطا کرتے ہیں۔دیدہ زیب،خوش رنگ اور خوبصورت ڈیزائنوں کی حامل لانگ شرٹس خواتین میں تیزی سے مقبول ہوئی ہیں۔لانگ شرٹ کم و بیش ہر قامت پر اور ہر روپ پر سجتی ہے۔چوڑی دار پاجامے کے ساتھ خوب جچتی ہیں تو شلوار کے ساتھ بھی ان کی دلکشی کچھ کم نہیں ہوتی۔

لانگ شرٹ ٹرینڈ خواتین کے لئے کوئی نیا فیشن نہیں یہ ٹرینڈ خواتین میں 70ء کی دہائی میں بھی خاصا مقبول تھا اور اس کے بعد بھی گاہے بگاہے اس کا فیشن مقبول رہا۔جو کئی برس تک پوری آب و تاب سے خواتین،لڑکیوں حتیٰ کہ بچیوں میں بھی خاصا مقبول رہا۔اور اب ایک بار پھر نئی نسل میں لانگ شرٹ ٹرینڈ خاصا معروف ہو رہا ہے۔ملک بھر میں پلازو پینٹ اور لانگ شرٹ کے فیشن کا جادو ہر صنف نازک کے سر چڑھ کر بول رہا ہے۔
کالج کی طالبات ہو یا خاتون خانہ پلازو پینٹ اور ٹراؤزر کے ساتھ لانگ شرٹس خریدنے میں مصروف دکھائی دیتی ہیں۔یہ ایک مکمل پہناوا ہے جو نہ صرف سہولت بخش بلکہ آرام دہ بھی ہے،یہ دیکھنے میں اچھا لگتا ہے۔اس پہناوے کو صرف روزمرہ زندگی میں ہی نہیں بلکہ تہواروں اور تقریبات میں بھی زیب تن کیا جا سکتا ہے۔ملک کے طول و عرض میں خواتین اور طالبات اس ٹرینڈ کی گویا دیوانہ ہو رہی ہیں۔
دکانداروں کا کہنا ہے کہ ورکنگ وویمن ہو کالج گرلز ہو،یا بڑی عمر کی خواتین سب اس عید کے دوران بھی لانگ شرٹ کا انتخاب کرتی نظر آئیں۔
تاہم سال کے شروع میں ڈیزائنر نے خواتین کے لئے لانگ شرٹ کے بجائے میڈیم شرٹ کا انتخاب کیا۔اور پورا سال شارٹ شرٹ کا فیشن خواتین میں سگریٹ پینٹ،ٹراؤزر کے ساتھ سر چڑھ کر بولتا رہا لیکن رواں برس شرٹ کی لمبائی پھر سے 40 سے 50 انچ تک پہنچ گئی اور لانگ شرٹ ود سگریٹ پینٹ ایک بار پھر واپس آگیا ہے۔
صرف یہی نہیں،اونچی اور نارمل لمبائی کی شرٹ کے ساتھ سگریٹ پینٹس اور غرارہ طرز کے ٹراؤزرز کا فیشن بھی اس سال بے حد مقبول ہوا۔پاکستان کی خوبرو اداکاراؤں سے لے کر نامور شخصیات اور عام خواتین نے بھی اس فیشن کو بے حد پسند کرتے ہوئے تہواروں اور تقریبات کے لئے بہترین اور آرام دہ فیشن قرار دیا۔
لانگ شرٹ ود سگریٹ پینٹ موسم سرما کے ملبوسات اور اُن کی تشہیر کے لئے لمبی قمیضوں کے ساتھ سگریٹ پینٹس کا انتخاب کیا گیا ہے۔
جس کی لمبائی 45 انچ سے بھی زیادہ ہے۔شام کی چھوٹی موٹی تقریبات کے لئے جمالیاتی رنگوں کا انتخاب ملبوسات کو مزید دلکش بنانے کے لئے کافی ہے۔جیسے جیسے وقت آگے کی جانب سفر کر رہا ہے ویسے ویسے انسان کے طرز زندگی اور پہناوؤں میں تبدیلیاں بھی وقت کی ضرورت بنتی جا رہی ہیں۔لائف اسٹائل میں جدت اور خواتین کے فیشن تبدیل نہ ہوں یہ تو ہو ہی نہیں سکتا۔

لانگ شرٹ ود فرنگ سلیوز چُست اور لمبی قمیض کے ساتھ جھالر والی آستینیں ملک کے معروف برانڈ کا انتخاب ہیں۔جھالر والی آستینیں موسم خزاں کے لئے بہترین سمجھی جاتی ہیں۔اس اسٹائل کو چوڑی دار پاجامے کے علاوہ پلازو پینٹ کے ساتھ بھی با آسانی پہنا جا سکتا ہے یہ نیا ٹرینڈ ہے جسے پسندیدگی کی نظر سے دیکھا جا رہا ہے۔گزشتہ برس بھی شارٹ شرٹ کے ساتھ سگریٹ پینٹ کا فیشن خواتین میں زیادہ مقبول ہوا اور اس برس بھی لانگ شرٹ کے ساتھ چوڑی دار پاجامے،ڈھیلے لمبے ٹراؤزرز،سگریٹ پینٹ خواتین اور لڑکیوں میں فیشن ”ٹرینڈ“ بن رہے ہیں۔

ایک وقت تھا کہ چوڑی دار اور غرارے اسٹائل وغیرہ کا تصور نانی دادیوں کے لئے عام تھا چونکہ بزرگ خواتین کے لئے چوڑی دار پاجامے اور غراروں کا اسٹائل پہننا خاندانی روایات کا حصہ سمجھا جاتا تھا مگر آج کل ان پاجاموں کو نئے نام دے کر جدید فیشن کا حصہ بنا دیا گیا ہے۔ اور اس برس لانگ شرٹ کے لئے بھی پلازو کا انتخاب کیا گیا ہے۔یہ ایک مکمل لباس ہے جو نہ صرف سہولت بخش بلکہ آرام دہ بھی ہے،یہ دیکھنے میں اچھا لگتا ہے۔

Browse More Clothing Tips for Women

Special Clothing Tips for Women article for women, read "Rang Bikhearti Long Shirts" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.