Sarhi - Article No. 2660

Sarhi

ساڑھی - تحریر نمبر 2660

سوتی،ریشمی،سلک،کاٹن،جارجٹ،نیٹ،کڑھائی والی اور بنارسی ساڑھیاں زیادہ شوق سے پہنی جاتی ہیں

جمعہ 13 اگست 2021

راحیلہ مغل
ملبوسات میں فیشن ٹرینڈز اور خواتین کی پسند بدلتی رہتی ہے۔ساڑھی لباس کا ایک منفرد انداز تصور کی جاتی ہے اور اب فیشن کی دنیا میں شیفون اور سلک کی ساڑھیوں کے ساتھ ساتھ کاٹن کی ساڑھی اپنی جگہ بنا رہی ہے۔یہ ساڑھی نوجوان خواتین کے لئے بہترین انتخاب ہے ۔اسے دن میں کسی بھی وقت ہر قسم کی تقریب میں سے زیب تن کیا جا سکتا ہے اور شیفون اور سلک کی ساڑھی کے مقابلے میں اسے سنبھالنا بھی زیادہ آسان ہوتا ہے۔
پاکستان کی بڑی آبادی چونکہ نوجوان افراد پر مشتمل ہے لہٰذا کسی بھی فیشن ٹرینڈ کی مقبولیت اور کامیابی کا انحصار نوجوان خواتین کی پسند پر ہوتا ہے اس لئے یہ کہنا غلط نہ ہو گا کہ ہمارے یہاں کا فیشن نوجوان لڑکیوں کی پسند اور ضرورت کے مطابق ترتیب دیا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

کاٹن کی ساڑھی کی مقبولیت کی بات کی جائے تو ماہرین ملبوسات اسے روایتی قدیم اور جدیدیت کے حسین امتزاج سے ہم آہنگ کر رہے ہیں۔

ڈیزائن،رنگوں کا انتخاب،آستین اور گلے کا دلفریب اسٹائل اور کڑھائی کا دلکش انداز اس سے دلچسپ اور خوبصورت بناتا ہے۔کاٹن کی ساڑھی سادگی و پرکاری کا نمونہ ہوتی ہے۔اسے اسٹائلیش بنانے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ بلاؤز کی تیاری پر خصوصی توجہ دی جائے۔پھلکاری پرنٹ والی کھاڈی ساڑھی ہو یا خالص کاٹن سے تیار کئے گئے دلکش ڈیزائن،ہاتھ سے بنی ہوئی کاٹن سلک ہو یا کاٹن نیٹ پر دھاگے کے دلکش انداز،ہر طرح کی ساڑھی کو خوبصورتی سے اپنایا جا سکتا ہے بس خیال یہ رہے کہ ساڑھی کا انتخاب اپنی عمر اور شخصیت کے مطابق کریں تاکہ اس اسٹائل کو شاندار انداز میں اپنایا جا سکے اور آپ اسے زیب تن کرکے انتہائی پُراعتماد دکھائی دیں۔

یہ بات بھی اپنی جگہ سچ ہے کہ ساڑھی ہر کسی کو نہیں جچتی اور اس کے لوازمات کو پورا نہ کیا جائے تو جتنی بھی تیاری کر لیں،وہ ادھوری ہی لگتی ہے ۔ہمارے ہاں خواتین شادی بیاہ یا پارٹیوں میں ساڑھی پہننا پسند کرتی ہیں،آپ بھی ایسا کوئی ارادہ رکھتی ہیں تو پہلے اچھی طرح جان لیں کہ کس طرح سے ساڑھی کو باندھا جائے اور کیسے سنبھالا جائے۔بعض اوقات ساڑھی پہنے خواتین ایسے لگتی ہیں جیسے انہوں نے یہ نفیس اور خوبصورت لباس اپنے اوپر بوجھ سمجھ کر لادا ہے،اور محض دوسروں کی دیکھا دیکھی ساڑھی پہننے کی کوشش کی ہے۔
ساڑھی سلواتے وقت بھی فلمی ہیروئنز کی طرح فیشن کی نقل کرنے کی کوشش مت کریں بلکہ دیکھیں کہ کیسے بہتر محسوس کریں گی۔خاص طور پر اگر آپ پہلی بار ساڑھی پہن کر کسی تقریب میں جا رہی ہیں تو پہلے دو تین دن گھر میں پہن کر پریکٹس کر لیں اور پھر تقریب میں اعتماد سے پہن کر جائیں۔
یوں تو ساڑھی کا رنگ،پلو کو کاندھے پر ڈالنے کا انداز،6 یا 7 گز کپڑے کے لئے بنارسی،شیفون،سلک یا کاٹن کا انتخاب آپ پر منحصر ہے لیکن ساڑھی کو مزید خوبصورتی کے ساتھ پہننے کے لئے نئے ٹرینڈز کا جاننا بھی ضروری ہے۔
لباس میں سادہ گول گلا پہننا عام ہے لیکن ساڑھی جیسے خاص لباس کے لئے گلا بھی منفرد ہونا چاہیے چنانچہ ساڑھی پر گول گلا پہننے کی بجائے پیٹر پین کالر بلاؤز کا انتخاب کیجیے سب آپ کو دیکھتے رہ جائیں گے۔
بلاؤز اگر سادہ ہو تو آستین پر گوٹا کناری کر لیں۔روایتی انداز کے ساتھ وکٹورین عہد کی یاد تازہ ہو جائے گی اور گوٹا کناری کی چمک سے سادہ کپڑے میں بھی دمک آجائے گی۔
آج کل یوں بھی ڈھیلی ڈھالی،گھیر والی دلچسپ آستین کا زمانہ ہے تو پھر آپ کیوں کسی سے پیچھے رہیں۔ ساڑھی میں انگرکھا بلاؤز نیا فیشن ہے۔اس حوالے سے بہتر ہے کہ دو رنگ استعمال کیے جائیں تاکہ انگرکھا کا ڈوری والا ڈیزائن نمایاں ہو۔ بلاؤز اگر پرنٹڈ ہو تو ساڑھی سادہ لیں اور اگر انگرکھا بلاؤز کے لئے دو رنگی سادہ کپڑا استعمال کیا گیا ہے تو ساڑھی پرنٹ والی لیں۔
آج کل نیٹ کی ساڑھی فیشن میں ان ہے۔ایمبرائیڈری والی نیٹ ساڑھی منتخب کیجیے۔گلے میں جیولری پہننے کے بجائے جھمکے اور مانگ ٹیکا مناسب انتخاب ہے یہ آپ کی تیاری میں چار چاند لگا دے گا۔
یوں تو خواتین ہر رنگ کی ساڑھی زیب تن کرنا پسند کرتی ہیں،لیکن آج کے دور میں یہ بھی دیکھا جا رہا ہے کہ ہماری خواتین مختلف پارٹیوں میں زیادہ تر لال،کالے اور سفید رنگ کے شیڈز کی ساڑھیاں پہنتی ہیں۔
سفید ساڑھی کے ساتھ اگر گہرے رنگ کا بلاؤز پہنا جائے تو یہ دیکھنے میں بہت ہی جاذب نظر دکھائی دیتا ہے۔خواتین مختلف اقسام کی ساڑھیاں پہننا پسند کرتی ہیں جن میں عموماً سوتی،ریشمی،ٹائی اینڈ ڈائی، بلاک پرنٹ،سلک،کاٹن،جارجٹ،نیٹ،کام دانی،یا سادی،جڑاؤ کڑھائی والی اور بنارسی ساڑھیاں زیادہ شوق سے پہنی جاتی ہیں ۔ان ساڑھیوں میں علاقے کے رسم و رواج کے مطابق تبدیلیاں آتی رہتی ہیں۔
ساڑھیاں ہر رنگ میں دلکش اور خوبصورت نظر آتی ہیں لیکن گوٹا کناری والی ساڑھیاں زیادہ مقبول ہیں۔
ساڑھی پہننے کے بہت سے طریقے ہیں۔ان میں سب سے آسان طریقہ یہ ہے کہ ساڑھی کو تین بار لپیٹ لیا جائے اور ہر بار ناف سے قدرے اوپر کی جانب لپیٹیں،تاکہ تہہ بہ تہہ اسکرٹ کا گمان ہو اور اس کے آخری سرے کو گردن پر رکھ لیں۔پیٹی کوٹ کے بغیر اپنے پاجامے پر بھی ساڑھی باندھی جا سکتی ہے یا پھر کمر پر ساڑھی کے کونے سے گرہ لگا کر ساڑھی پہنی جا سکتی ہے۔
پہلے زمانے میں خواتین ساڑھیوں کو استری نہیں کرتی تھیں جس کی وجہ یہ تھی کہ اس سے ساڑھی کی خوبصورت سلوٹیں ابھر کے سامنے آتی تھیں۔ساڑھی کسی بھی من چاہے انداز میں پہنی جا سکتی ہے۔شادی اور دیگر اہم تقریبات میں ساڑھی پہنتے ہوئے کپڑے کی قسم اور ڈیزائن کا خاص خیال رکھا جاتا ہے۔سادہ ساڑھی عام تہواروں پر پہنی جاتی ہے،جب کہ بھاری،زری کے کام والی یا کڑھائی والی ساڑھیاں شادی کے موقع پر زیادہ پہنی جاتی ہیں۔
موسم کی مناسبت سے بھی ساڑھی کا انتخاب کیا جاتا ہے۔گرمی اور سردی کے لحاظ سے الگ الگ کپڑا استعمال کیا جاتا ہے۔
پہلے ساڑھی صرف شادی شدہ خواتین ہی پہنا کرتی تھیں،لیکن اب اسے پہننے کے لئے عمر کی کوئی قید نہیں۔ہر عمر کی لڑکیاں اسے زیب تن کرتی ہیں۔یہ ایک ایسا لباس ہے جو ہر عورت کی شخصیت کو متاثر کن بناتا ہے۔یہ کسی بھی کپڑے اور اسٹائل کی بنی ہو،اس کی اپنی ہی ایک خوبصورتی ہوتی ہے۔
آج کل تو ساڑھیوں کی کئی اقسام مارکیٹ میں بہ آسانی دستیاب ہیں،ان میں شیفون،بنارسی،کاٹن،سلک،نیٹ اور مخمل شامل ہیں۔اگر ساڑھی کا پلو بھاری دبکے،زری،ستارے وغیرہ کے کام والا ہے تو کوشش کریں کہ ساڑھی کا بلاؤز زیادہ بھاری نہ ہو،نیٹ کے بلاؤز کے ساتھ سادہ شیفون کی ساڑھی بھی پہننے میں اچھی لگتی ہے۔اس کے علاوہ آرگنزا اور چمکیلے کپڑے پر مشتمل ساڑھی بھی ان دنوں پسند کی جا رہی ہیں۔
ساڑھی کی قیمت چند سو سے شروع ہو کر لاکھ تک جاتی ہیں،ملک کے بڑے ڈیزائنرز بھی ساڑھیوں کی نت نئی کلیکشن متعارف کرواتے ہیں، جن کی قیمت یقینا مارکیٹ سے زیادہ ہوتی ہے۔تاہم مارکیٹ میں بھی اچھے کپڑے پر مشتمل کام والی یا سادہ ساڑھیاں بہ آسانی مناسب قیمتوں میں آسانی سے مل جاتی ہیں،اس لئے یہ ضروری نہیں کہ ڈیزائنرز ساڑھی ہی خریدی جائے۔
کٹ ورک والی کالی ساڑھی
ایسی لڑکیاں جو غیر شادی شدہ ہیں اور گھر کی کسی تقریب میں وہ اس پہناوے کو پہننا چاہتی ہیں تو انہیں چاہئے کہ وہ کٹ ورک کی ساڑھی خریدیں۔
ساتھ ہی کالے رنگ کا کوئی خوبصورت کلچ پکڑ لیں۔میک اپ بھی زیادہ نہ کریں،ہلکے گلابی یا پیچ رنگ کی لپ اسٹک لگائیں، بالوں کو درمیانی مانگ نکال کر اسٹریٹ کر لیں،لیجئے آپ تقریب کیلئے تیار ہیں۔
مخملی ساڑھی
اس انداز کی ساڑھی کیلئے آرگنزا کا چمکیلا سا ہلکا گلابی یا پیازی رنگ کا بلاؤز سلوا لیں یا چاہیں تو ہم رنگ شیفون کا بلاؤز بنوائیں، میرون رنگ کے مخملی کپڑے سے تیار کردہ اس ساڑھی کا پلو سادہ سا ہوتا ہے اس پر کسی بھی قسم کا کام نہیں کیا جاتا۔
اگر آپ اس انداز کی ساڑھی پہننے کی خواہشمند ہیں تو کانوں میں بالیاں پہن لیں،گلے میں کوئی زیور نہ پہنیں،بالوں کو اسٹریٹ کرکے کھلا چھوڑ دیں،جبکہ ہاتھوں میں سلور انگوٹھی پہن لیں،لال یا میرون رنگ کی گہری لپ اسٹک اور نیل پالش لگا کر اپنے لُک کو مکمل کر لیں۔
چمکیلی ٹشو ساڑھی
آرگنزا یا ٹشو کی کسی بھی سلور ساڑھی پر بینڈ کالر بنوائیں،اس پر موتیوں اور نگینوں کا بھاری کام کروا لیں،اسی طرح آستین میں کلائی کی جانب بھی اسی انداز کا ہلکا سا کام کروا لیں اور موتیوں کی لائنیں بنوا لیں۔
بلاؤز میں پلیٹیں ڈلوا کر اسے مزید خوبصورت بنوایا جا سکتا ہے۔اس چمکیلی ساڑھی کی آستین لمبی فٹنگ والی رکھیں،ساتھ ہی چھوٹے سے نگینوں والی سلور ٹاپس پہن لیں،لُک کو مکمل کرنے کیلئے سائیڈ کی مانگ نکال کر اپنا ہیئر اسٹائل مکمل کریں،نیوڈ لپ اسٹک اور گلابی بلش آن لگا کر خوبصورت دکھائی دیں۔

Browse More Clothing Tips for Women

Special Clothing Tips for Women article for women, read "Sarhi" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.