Sawan Ki Khushbu Se Mehke Roop Tera Anmol - Article No. 2921

Sawan Ki Khushbu Se Mehke Roop Tera Anmol

ساون کی خوشبو سے مہکے روپ تیرا انمول - تحریر نمبر 2921

رنگ دھیمے اور ڈیزائن سادہ سرمئی ماحول میں آنکھوں کو بھلے لگیں

جمعرات 7 جولائی 2022

راحیلہ مغل
موسم برسات شروع ہونے کو ہے،اس موسم کے ساتھ خواتین کی بہت یادیں وابستہ ہیں۔برسات کی آمد کے ساتھ ہی خواتین کے چہرے کھل اُٹھتے ہیں،یہ موسم خواتین کے چہروں اور ملبوسات پر بہار کے رنگ بکھیر دیتا ہے۔ویسے تو خواتین کے لئے فیشن،میک اپ اور کپڑوں کے انتخاب کے حوالے سے کوئی بھی خاص موسم نہیں ہے۔فیشن اس موسم میں دَب جاتا ہے،میک اپ میں سادگی کی احتیاط کرنا پڑتی ہے،کیونکہ نمی اور پسینہ چہرے کے میک اپ کو متاثر کرتا ہے اور نقوش بگاڑتا ہے۔
اس موسم میں لان اور ہلکے سوتی کپڑے جن کے رنگ دھیمے اور ڈیزائن سادہ ہوں اور سرمئی ماحول میں آنکھوں کو بھلے لگیں،زیب تن کرنے چاہئیں۔
ویسے لان فیشن کے رجحانات میں وقت کے ساتھ ساتھ ڈرامائی تبدیلی واقع ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

دیکھا یہ گیا ہے کہ زیادہ تر خواتین ڈیزائنر لان کو ترجیح دیتی ہیں جو ان کے پسندیدہ ہونے کے ساتھ ساتھ ان کے بجٹ کے مطابق بھی ہوتے ہیں۔

سادہ پرنٹ سوٹ سے لے کڑھائی والے سوٹ چاہے 2 پیس ہوں،3 پیس ہوں یا پھر شرٹ کے پیس،دکانیں ان کی نئی کلیکشن سے بھری پڑی ہیں۔ملازمت پیشہ خواتین لان کی شرٹس کے استعمال کو ترجیح دیتی ہیں جبکہ 2 پیس اور 3 پیس سوٹ کسی پارٹی یا پھر خاص مواقعوں پر پہننا پسند کرتی ہیں۔عام طور پر گھریلو خواتین لان کے سادہ سوٹ پہننے کو ترجیح دیتی ہیں کیونکہ انہیں عموماً گھریلو کام کاج انجام دینے ہوتے ہیں۔
بھاری کڑھائی دار لان کے سوٹ اور وہ بھی شیفون کے دوپٹے کے ساتھ کی خریداری صرف ایسی خواتین کی ترجیح ہوتی ہے جو اپنی ملازمت کے دوران یا پھر پارٹیوں میں پُرکشش نظر آنا چاہتی ہیں۔شیفون دوپٹہ وزن میں ہلکا اور استعمال میں انتہائی آرام دہ ہوتا ہے۔موسم گرما کے کپڑوں میں مرکزی حیثیت رکھنے والے لان کے لباس ہر موقع پر زیب تن کیے جا سکتے ہیں۔
ڈیزائنر برانڈز کی خصوصی توجہ اس بات پر ہوتی ہے کہ وہ ایسے لباس تیار کریں جو گاہک کی خواہش کے مطابق ہوں۔ایسی خواتین جو اتنے مہنگے لان کے ڈریس خریدنے کی استطاعت نہیں رکھتیں وہ اپنے پسندیدہ ڈیزائن سوٹ کی نقل حاصل کر لیتی ہیں۔اس وقت متعدد کمپنیاں مہنگے اور مقبول ترین لان ڈریسز کی نقول بھی فروخت کر رہی ہیں جن کے اصلی سوٹ کی قیمت 6 ہزار روپے یا اس سے بھی زیادہ ہوتی ہے جبکہ یہ نقل میں انتہائی کم قیمت میں دستیاب ہوتے ہیں۔

دراصل برسات کے موسم کے پہناوے سال کے باقی موسموں کے مقابلے میں منفرد اور توجہ طلب ہوتے ہیں،گھر گھر انٹرنیٹ کی موجودگی نے ملک کی صنف نازک کو دیگر معلومات کے ساتھ ساتھ اس امر سے بالخصوص باخبر کر رکھا ہے کہ کس موقعہ پر کیا پہننا ہے،انہیں سب معلوم ہے کہ موسم گرما کے پہناوے کون سے ہیں۔ساون رُت میں خواتین کے آنچل ماحول سے نہ صرف مطابقت رکھتے ہیں،بلکہ موسم کے سرمئی پن میں زندگی پیدا کرتے ہیں۔

کھلتے ہوئے ہلکے رنگوں میں لان،سوتی کپڑوں،شفون یا خالص ریشم کے لہراتے دوپٹے پہننے والوں کے ذوق کو اُجاگر کرتے ہیں۔مون سون،ساون بھادوں یا برسات کا موسم ایک ہی کیفیت کے مختلف نام ہیں۔یہ کیفیت گرمی سے جھلسے ہوئے جسموں کو سکون دیتی اور روح کی بے چینی کو اطمینان بخشتی ہے۔مون سون گرمیوں کے ایک سخت موسم کے بعد اپنی آمد سے ماحول کے تناؤ کو کم کرتا ہے۔
ایک کڑکتی دوپہر میں جب ہوا یک لخت چلنا شروع ہو جائے،ہلکے سرمئی بادل گہرے سیاہ بادلوں میں تبدیل ہو جائیں۔آسمان پر بادلوں کے دل کے دل حرکت کرنے اور ان کی کڑکڑاہٹ سنائی دینے لگے تو وہ دل جو گرمی کی شدت سے ادھ موئے ہوئے ہوتے ہیں،یک لخت کھل اُٹھتے ہیں۔
بلاشبہ رب العزت کی یہ ایک بے پایاں رحمت ہے،جس کا شکر ہر حال میں واجب ہے،لیکن اس موسم میں نمی کا تناسب ہوا میں چونکہ زیادہ ہوتا ہے اس لئے ایک عجیب طرح کی چپ چپاہٹ بدن کا جزو بن جاتی ہے،جس سے چہرے کا میک اپ بگڑتا ہے اور کپڑے جسم سے چپکنے لگتے ہیں،جو بھاری پن کا ایک علیحدہ احساس دلاتے ہیں۔

برسات کے وہ دن عنقا ہو چکے ہیں جب آسمان سیاہ گھٹاؤں سے ڈھکا رہتا تھا۔ہفتہ بھر موسلا دھار بارش برستی تھی،فضا میں خنکی کا احساس رچا ہوتا تھا اس موسم میں شہروں کے لوگ پہاڑی علاقوں کا رخ نہیں کرتے تھے کیونکہ شہروں میں موسم زیادہ سکون بخش ہوتا تھا،گھروں میں پکوان پکتے تھے اور تقریبات میں ہر اس رنگ کے پہناوے پہنے جاتے تھے،جو رنگ موسم برسات کے رنگ سے میل کھاتے تھے۔

اب برسات کا موسم بارشیں اور ٹھنڈی ہوائیں کم اور مرطوبیت،حبس،نمی اور چپ چپاہٹ زیادہ لاتا ہے۔تاہم اب لڑکیاں بالیاں سمجھ دار اور ہوش مند ہیں جو اپنا اور اپنے ملبوسات کا خاص خیال رکھتی ہیں۔وہ جانتی ہیں کہ اس موسم میں دوپٹے کے رنگ سب سے زیادہ اہمیت رکھتے ہیں کیونکہ یہ بدن پر اوڑھا جاتا ہے اور فوری توجہ کا مرکز بنتا ہے۔ان کی لمبی قمیضوں اور کرتوں کے ساتھ اپنے لباس کو وہ ایسی جدت دے رہی ہیں جو ان کے وقار میں اضافے کا باعث بنتا ہے اور ان کی شخصیت کو ایسی تازگی بخشتا ہے،جو برسات میں دھلنے کے بعد ہریالی کی رونق بنتی ہے۔
برسات کے موسم میں چونکہ پسینہ بھی بہت زیادہ آتا ہے اس لئے کوشش کریں کہ زیادہ ہیوی میک اپ نہ کریں۔سرف ہلکا فاؤنڈیشن استعمال کریں۔اور میک اپ کرتے وقت اس بات کی تسلی کر لیں کہ آپ کے میک اپ پروڈکٹس آئل فری ہوں۔
گرمی اور نمی والا یہ موسم میک اپ کے لئے مناسب نہیں۔اگر آپ میک اپ کرتے وقت ان تمام باتوں کا خیال رکھیں گی تو آپ کا چہرہ نکھرہ نکھرہ اور فریش لگے گا۔
میک اپ کرتے وقت دھیان رکھیں کہ آپ کا فاؤنڈیشن اور آئی شیڈز اچھے معیار کے ہوں،کیونکہ گرمی کے موسم میں میک اپ کو زیادہ دیر تک قائم رکھنے کے لئے ان پروڈکٹس کا آئل فری ہونا ضروری ہے۔اس سلسلے میں آپ بلیک آئی پنسل یا کسی بھی دوسرے کلر کی آئی پنسل استعمال کر سکتی ہیں،چونکہ گرمی کا موسم ہے اس لئے کوشش کریں کہ میک اپ کرنے کے بعد میک اپ سیٹنگ سپرے کا استعمال بھی کریں اس سے آپ کا میک اپ زیادہ دیر تک آپ کے چہرے پر برقرار رہے گا اور آپ کو ری ٹچ کرنے کی ضرورت پیش نہیں آئے گی۔

Browse More Clothing Tips for Women

Special Clothing Tips for Women article for women, read "Sawan Ki Khushbu Se Mehke Roop Tera Anmol" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.