Short Frocks Fashion Mein In - Article No. 2944

Short Frocks Fashion Mein In

شارٹ فراکس فیشن میں ”اِن“ - تحریر نمبر 2944

دلہن کے عروسی لباس کے لئے گھاگھرا،غرارہ،شرارہ اور لہنگے کے ساتھ شارٹ فراکس پسند کی جا رہی ہیں

ہفتہ 6 اگست 2022

راحیلہ مغل
تمہارے شہر کا موسم بڑا سہانا لگے
میں اِک شام چُرا لوں اگر بُرا نہ لگے
اس شعر میں جس طرح شاعر کسی سہانے موسم سے اک شام چرا لینے کا ارادہ ظاہر کرتا ہے بالکل اسی طرح خواتین بھی فیشن کا وہ ہر نیا انداز اپنا لینے کا تاثر دیتی ہیں جسے زیب تن کرنے کے بعد ان کے اردگرد چار سو رنگینی و دلکشی کے ڈیرے ہوں،ہر نظر ان پر ٹکی ہو۔
یہی وجہ ہے کہ بدلتے ہر وقت نے دیدہ زیب پیراہنوں کو ترتیب دیا سادہ سی شلوار قمیض آج نت نئے ٹراؤزر،شارٹ اور لانگ شرٹ سمیت پہناوؤں کے مختلف انداز میں اسی مقصد کی تکمیل کی خاطر تبدیل ہوئی۔خواتین یوں بھی کئی کام ایک ساتھ کرنے میں مہارت رکھتی ہیں اور یہ معاملہ تو پھر ان کی سج دھج،خوبصورتی اور پہناوؤں کا ہے تو پھر اس معاملہ میں لاپرواہی کیسی،”سجنا سنورنا“ اور ”جدید فیشن“ کے ٹرینڈز کو فالو کرنا خواتین کی کمزوری ہے خواتین کی ہمیشہ سے ہی کوشش رہی ہے کہ ان کے ملبوسات دوسروں سے زیادہ خوبصورت نظر آئیں اس کیلئے وہ خاصی محنت کرتی نظر آتی ہیں۔

(جاری ہے)


پہناوؤں کا ذکر ہی ہے تو کیوں نہ آج ذکر کرتے چلیں ان دنوں خواتین میں خاص و مقبول اس لباس کا جو بچیاں ہوں یا لڑکیاں بالیاں،میڈیا خواتین ہوں یا سیاسی خواتین ٹرینڈی ملبوسات کے طور زیب تن کی ہوئی نظر آتی ہیں جی ہاں!بات ہو رہی ہے پیپلم اسٹائل شرٹ کی،جی جی اسی شرٹ کی جو گھٹنوں سے تھوڑا اوپر یا اونچی فراک ہوتی ہے۔خواتین کے ملبوسات میں ان گنت ڈیزائن پائے جاتے ہیں جو موسم میں فیشن کی مناسبت سے بدلتے رہتے ہیں۔
یہ جدید دور ہے جہاں آپ کے لئے نئے اسٹائلز اور ٹرینڈز سے باخبر رہنا ضروری ہے۔آج کل شارٹ فراک فیشن کا حصہ ہیں۔ملک کے تمام معروف فیشن ڈیزائنرز اسٹائلش طرز کی شارٹ فراک تیار کر رہے ہیں جن پر ڈیجیٹل پرنٹ کے ساتھ ہلکی کڑھائی بھی موجود ہے جنہیں ٹیولپ شلوار اور پینسل ٹراؤزر کے ساتھ پہنا جا رہا ہے تو آئیے آج ذکر کرتے ہیں پیپلم شرٹس کے ان مختلف اسٹائل کا جو آج کل خواتین میں خاصی مقبول ہیں۔

شارٹ فراکس ود غرارہ
پیپلم شرٹس یا شارٹ فراکس خواتین میں گزشتہ دو برسوں سے خاصی مقبول ہیں رواں برس لینن کی جو بھی کلیکشن منظر عام پر آئی ان میں اکثر ماڈلز کو پیپلم کے ساتھ غرارے پہنے دیکھا گیا حالانکہ پہلے یہ تاثر عام تھا کہ غرارہ صرف ریشمی کپڑوں کے ساتھ ہی بن سکتا ہے لیکن اس برس ڈیزائنر کے نت نئے تجربے کے تحت یہ تاثر غلط ثابت ہوا پیپلم شرٹس کا استعمال خواتین میں ایک نہیں کئی طرح سے مقبول ہے۔
رواں برس شادی کے شراروں اور غراروں پر پہنی جانے والی شرٹ کے لئے بھی پیپلم کا انتخاب زیادہ کیا جاتا رہا۔ماضی میں ایک ہی اسٹائل کے سوتی اور چمکیلے غرارے عام تھے۔اوپر سے شلوار کی طرح،لیکن نیچے جھالر لگی ہوتی۔غرارے کے نچلے حصے کو یعنی گھٹنے سے تقریباً 12 گز چوڑا کپڑا چنٹیں ڈال کر سلائی کرتے اور اُس کے اوپر گوٹا،لیس یا کوئی بیل لگا دیتے۔
قمیض قدرے چھوٹی ہی ہوتی۔مگر اب نت نئے انداز کے غرارے خاص طور پر ”غرارہ پینٹ“ کے ساتھ لمبی اور اونچی قمیضوں،فراکس اور پیپلمز کا استعمال کیا جا رہا ہے،جو مختلف فیبرکس مثلاً جارجٹ،سلک،لیڈی کریپ،جامہ وار،شمروز،میسوری،کاٹن اور لینن وغیرہ میں ریڈی میڈ بھی دستیاب ہیں۔اب غرارہ صرف عروسی لباس تک محدود نہیں رہا،بلکہ عید،تہوار،دیگر تقریبات اور کسی سکھی سہیلی،رشتے دار کے گھر میل ملاقات کی غرض جانے کے لئے بھی زیب تن کیا جا رہا ہے۔
اگر آپ نے بھی اب تک غرارہ استعمال نہیں کیا،تو دیر کس بات کی،کسی بھی عمدہ غرارے کا انتخاب کرکے اپنی وارڈ روب میں ایک شان دار،روایتی پہناوے کا فوری اضافہ کر لیں۔
عروسی ملبوسات اور شارٹ فراکس
پاکستان میں عروسی ملبوسات کی تیاری ایک باقاعدہ انڈسٹری کا روپ دھار گئی ہے ڈیزائنرز نے عروسی ملبوسات میں طرح طرح کی اختراعات کی ہیں۔
مشرقی دلہنوں کا رنگ روپ دنیا بھر میں ویسے بھی مثالی سمجھا جاتا ہے۔عروسی جوڑے کے ڈیزائن سے لے کر رنگوں تک میں وقت کے ساتھ تبدیلی آتی رہتی ہے اور اس تبدیلی میں سے ایک لہنگے کی شرٹ کے سادہ اسٹائل کے انتخاب کے بجائے اب پیپلم اسٹائل کی شرٹ کا انتخاب ہے اب دلہن کے عروسی لباس کے لئے گھاگھرا پسند کیا جائے یا غرارہ،شرارہ اور لہنگے کے ساتھ چھوٹی قمیضیں پسند کی جا رہی ہے اور گزشتہ برس انھیں چھوٹی قمیضوں میں جدت کی خاطر پیپلم اسٹائل کو عروسی ملبوسات کے لئے پسند کیا۔
گزشتہ برس کے فیشن ویک میں ماڈلز کا پیپلم شرٹ کے ساتھ لہنگے میں جلوہ افروز ہونا خواتین کو خاصا بھایا جس کے بعد لہنگوں میں بھی اکثر خواتین پیپلم اسٹائل زیب تن کئے ہوئے نظر آتی ہیں۔
شارٹ فراکس ود جینز
جینز ود شارٹ فراکس ایک ایسا لباس ہے جو گزشتہ کچھ برس میں اپنی اہمیت کو کافی حد تک بڑھا چکا ہے۔آف ورک خواتین جینز کے ساتھ پیپلم شرٹس کا استعمال زیادہ کرتی ہیں جبکہ پکنک پوائنٹس ہو یا لنچ ڈنر پارٹی،لڑکیاں جینس کے پیپلم شرٹس کا انتخاب زیادہ کرتی ہیں۔
غرض یہ کہ پیپلم شرٹ کاٹن میں ہو یا سلک کے فیبرک میں سادہ ہو یا کامدار،شرارہ کے ساتھ ہو یا غرارے کے ساتھ ہر ایک اسٹائل میں خواتین کی خوبصورتی میں اضافے کا سبب بنی ہوئی ہے مندرجہ بالا دیے گئے ان دیدہ زیب پیراہنوں کے مختلف اسٹائل میں سے خواتین جو بھی رنگ و انداز منتخب کرنا چاہیں،کر لیں۔انھیں چار سو پیراہن رنگیں کے جلوے سے بکھرے محسوس نہ ہو تو وہ ضرور ہم سے شکوہ کر سکتی ہیں۔
اب اگر آپ شارٹ فراکس کے اتنے مختلف اسٹائلز کے بارے میں جان چکی ہیں تو ایک بار اس اسٹائل کو اپنائیے گا کیونکہ یہ اسٹائل جہاں ٹرینڈی ملبوسات میں سے ایک ہے،وہیں آپ کی خوبصورتی میں اضافہ کا بہترین ذریعہ بھی ہے۔

Browse More Clothing Tips for Women

Special Clothing Tips for Women article for women, read "Short Frocks Fashion Mein In" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.