Surmai Rutoon Ke Gulab Perhan - Article No. 3058

Surmai Rutoon Ke Gulab Perhan

سُرمئی رُتوں کے گلاب پیرہن - تحریر نمبر 3058

اسکارف،کیپ شال،چمڑے کے جوتے اور اوور کوٹ اس موسم کے لئے مخصوص ہیں

منگل 24 جنوری 2023

راحیلہ مغل
ان دنوں پورا ملک شدید سردی کی لپیٹ میں ہے۔کہیں برف باری کسی دبیز شال کی طرح ہر منظر اپنی آغوش میں چھپا رہی ہے،تو کہیں موسلا دھار بارش اور کہیں ہلکی ہلکی بوندا باندی ماحول میں خوشگواریت سی بھر رہی ہے۔بہرکیف،جب نیلگوں آسماں پر بادلوں کا راج ہو،سُرمئی سیاہی میں ڈھلی شامیں پورے جوبن پر آ جائیں تو ایسے میں سجنے سنورنے کا بھی اپنا ہی ایک لطف ہوتا ہے۔
اس برکھا رُت اور سرد نشیلی ہواؤں کی مناسبت سے ہم نے بھی گرم پہناوؤں کو موضوع بنایا ہے۔ہمیں یقین ہے،اس بھیگے بھیگے،ٹھنڈے ٹھار موسم میں ایسے گرما گرم پہناوؤں کا یہ انتخاب آپ کے دل کو بھی ضرور بھائے گا۔
کہتے ہیں کہ سردیوں کا موسم تیز رنگوں کا موسم ہوتا ہے اور یہ رنگ سب سے زیادہ سویٹرز ہی میں نظر آتے ہیں تاہم فیشن کی تبدیلی سے اب سویٹرز کے رنگوں میں بھی دھیما پن آ گیا ہے اور زیادہ تر ڈیزائنرز پیسٹل رنگوں کو ہی بہتر سمجھنے لگے ہیں۔

(جاری ہے)

پہلے پہل ہاتھ سے سویٹر بُننے کی روایت عام تھی اور تقریباً ہر گھر میں ہاتھ سے ہی سویٹر بُنے جاتے تھے‘اس وقت نہ تو اتنے انداز تھے اور نہ ہی اتنے رنگ موجود تھے۔آج یہ کام مشینوں کے ذریعے ہونے لگا ہے یہی وجہ ہے کہ اب بہت ہی اچھے معیاری اور مختلف رنگوں اور ڈیزائنوں سے سجے سویٹرز اور جیکٹس مل جاتی ہیں۔کوٹ‘جرسی‘واسکٹ‘اوور کوٹ‘جیکٹ‘قمیض‘ٹی شرٹ نما سویٹرز بنانا اور خریدنا اب عام سی بات ہے۔
یہ اتنے رنگوں میں دستیاب ہیں کہ آپ انہیں آسانی سے میچنگ کرکے بھی منتخب کر سکتی ہیں۔سادہ سویٹرز کے علاوہ اب سویٹرز اور جیکٹس پر کڑھائی بھی کی جانے لگی ہے اور وہ بھی اتنی خوبصورت کہ پھر آپ سادہ سے سوٹ کے ساتھ ان سویٹرز کو پہن کر کسی بھی تقریب میں بھی شرکت کر سکتی ہیں۔جیکٹ میں بھی خواتین کے لئے بہت اچھی ورائٹی دستیاب ہے۔
پہلے پہل ٹوپیاں اور ہیٹ صرف بچوں کیلئے ہی آتے تھے تاہم اب ٹین ایج خواتین کے ساتھ ساتھ نوجوان خواتین بھی ٹوپیاں سر پر رکھنے لگی ہیں۔
خصوصاً تعلیمی اداروں میں ان کا استعمال زیادہ دیکھا جا رہا ہے۔اونی ٹوپیوں کے ساتھ ساتھ مفلر اور اسکارف بھی استعمال کیے جا رہے ہیں۔خصوصاً ایسے علاقے جہاں مسلسل ہوائیں چلتی ہیں وہاں مفلر اور اسکارف ایک اہم ضرورت بن جاتے ہیں اگر آپ کی جیکٹ یا سویٹر رنگ برنگا ہے تو ایک رنگ کا مفلر استعمال کریں اور اگر مفلر رنگ برنگا ہے تو ملٹی کلر یا کنٹراسٹ کرکے سویٹر پہنیں کیونکہ آج کل فیشن کا یہی تقاضا ہے۔

چمڑے کے جوتے
چمڑے کے جوتے سردیوں کے لئے بہترین ہیں۔آج کل آگے سے نوکیلے جوتے اور کوٹ شوز زیادہ پسند کیے جا رہے ہیں۔بلیک اور براؤن کے ساتھ ساتھ بے بی کلر کے جوتوں کے مختلف ڈیزائنز اب فیشن کا حصہ بن چکے ہیں۔ان سردیوں میں اگر آپ نے سُرخ اور سفید جوتا پہنا تو آپ کے پاؤں فیشن کے عین مطابق ڈھل جائیں گے۔فیشن کے ماہرین کے مطابق آنے والے سال کے لئے نیلے رنگ کے جوتے سب سے زیادہ فیشن میں رہیں گے۔

کیپ شال
اکثر خواتین دفتر یا یونیورسٹی کے لئے بھاری شال کا انتخاب کر لیتی ہیں جو ان کے لئے زحمت کا باعث بن جاتی ہے کیونکہ بھاری شال کو باہر سنبھالنا مشکل ہو جاتا ہے۔چونکہ زیادہ تر خواتین پبلک ٹرانسپورٹ کا استعمال کرتی ہیں جس کی وجہ سے ان کو احتیاط کی ضرورت ہوتی ہے۔اس لئے آفس اور تعلیمی اداروں میں جانے والی خواتین کو چاہیے کہ وہ ہلکی پھلکی اور چھوٹی اور تیز رنگ کی کیپ شال کا انتخاب کریں کیونکہ تیز رنگ کی وجہ سے ٹھنڈ آپ کے جسم پر زیادہ اثر انداز نہیں ہوتی ہے اور یہ دھول مٹی کی وجہ سے روز گندی بھی نہیں ہوتی ہے۔
کیپ شال کو سنبھالنا بھی آسان ہوتا ہے۔
ٹرنچ کوٹ
یہ گھٹنوں تک کی لمبائی کا کوٹ ہوتا ہے اسے کمر کے حصے سے لگے بیلٹ کو باندھ کر پہنا جاتا ہے۔یہ اسٹائلش کوٹ یورپ میں برسوں پہلے وہاں کی فیشن آئیکون آڈرلے نے پہن کر اسے سردیوں کے لئے لازم و ملزوم فیشن قرار دیا تھا۔آپ سفر پر جا رہی ہوں تو اپنے ہمراہ ایک ٹرنچ کوٹ ضرور رکھ لیں،خواہ آپ ٹراؤزر کُرتی پہنتی ہوں یا سادہ شلوار قمیض یا پھر ساڑھی یہ کوٹ ہر لباس پر جچتا ہے۔

پر کا کوٹ
یہ اس وقت بھلا لگتا ہے جب باقی سارے لباس کی میچنگ کی جائے یعنی پینٹ،ٹراؤزر اور ہائی ہیلز کے ساتھ زیب تن کیا جائے تو بھلا لگتا ہے اس میں فر کی آستین اور کالر خنک ہوا سے بچاتے ہیں جنہیں سانس کی بیماری لاحق ہو وہ خواتین فر والے کوٹ نہ پہنیں تو اچھا ہے۔
پی کوٹ
یہ زیادہ تر نیوی بلیو کلر میں بنایا جاتا ہے اور اس کی لمبائی بھی کمر تک ہوتی ہے۔
عموماً اس پر لکڑی سے بنے ہوئے بٹن لگائے جاتے ہیں۔آج کل پلاسٹک کے بٹن فیشن میں ہیں۔آپ چاہئیں تو ہلکا خاکی یا میرون رنگ میں پی کوٹ سلوا سکتی ہیں۔سردیوں میں ہونے والی شادیوں کے خاص پہناوے کے طور پر ملبوسات پر پہنئے اور بطور جیکٹ یا کوٹی اسے دیکھنے والے بھی سراہے بنا نہ رہیں گے اور خود آپ کو اپنی شخصیت پر اعتماد محسوس ہو گا۔
کیپ کوٹ
یہ ان دنوں بے حد پسند کئے جا رہے ہیں۔
سادہ کاٹن،سلک،کھدر یعنی کونسا ایسا کپڑا ہے جس میں یہ تیار نہیں ملتے۔خواتین ڈیزائنر نے ان کے کناروں پر زردوزی،مکیش اور ریشمی دھاگے کے ایمبرائیڈری بھی کر دی ہے۔یہ اگر مردانہ کپڑے کا سلوایا جائے تو بھی ہر قسم کے لباس پر جچے گا۔یہ ساڑھی کے علاوہ بھی ہر لباس پر خوبصورت تاثر دے گا۔آزما کے دیکھ لیں۔اس قسم کے اسٹائلش کوٹس میں Inverse Cape بھی مقبول ہو رہے ہیں وہ بغیر آستین کے ہوتے ہیں۔
آپ کو پاکستانی ڈیزائنرز کی اختراع یوں بھی دیکھنے کو ملے گی کہ انہوں نے جالی دار میٹریل،کروشیے اور جماوار کے اندر لائننگ دے کر مارکیٹ میں متعارف کرا دیا ہے۔بلاشبہ انہیں بے حد پذیرائی مل رہی ہے۔غرضیکہ اب خواتین کیلئے موسم سرما کے خاص پہناوؤں میں محض سویٹر اور Cardigans ہی شامل نہیں رہے۔واڈ روب میں اوور کوٹ اور ریپ کوٹ (Wrap Coat) کے ساتھ ساتھ کئی اور طرح کے اسٹائلش کوٹس حصہ بن گئے ہیں۔

Browse More Clothing Tips for Women

Special Clothing Tips for Women article for women, read "Surmai Rutoon Ke Gulab Perhan" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.