Very Peri Colour Of The Year - Article No. 2801

Very Peri Colour Of The Year

ویری پیری کلر آف دی ایئر - تحریر نمبر 2801

اس ایک رنگ میں بے شمار رنگوں کی یک جائی و ہم آمیزی ہے

بدھ 2 فروری 2022

راحیلہ مغل
فیشن کلیکشن میں بہت سارے مقبول رنگ ہیں،لیکن ہر سال ایک رنگ عادی ہوتا ہے۔ہر برس کی طرح نئے برس کے لئے بھی رنگوں کے حوالے سے مشہور کمپنی پینٹون (Pantone) نے فیشن،آرٹ،فن تعمیرات،سیر و سیاحت اور دیگر شعبوں میں تحقیق کے بعد کلر آف دی ایئر کا انتخاب کر لیا ہے۔امسال ورلڈ کلر اتھارٹی ”Pantone“ نے سال 2022ء کے لئے جس منفرد و خوبصورت رنگ کا انتخاب کیا ہے،وہ واقعتاً خاصا مختلف و منفرد ہے۔
نام ہے ”ویری پیری“ اور دکھنے میں کاسنی مائل نیلا ہے۔بظاہر تعلق نیلے رنگ کی فیملی ہی سے ہے، لیکن خواص و خصوصیات کے اعتبار سے گویا جامنی،کاسنی،لیونڈر،آرکڈ،اُودے،نیلگوں،بنفشی،سُرخی مائل نیلے،نیلگوں سُرخ،اناری اور نیلم کے رنگوں کا ملغوبہ ہے۔

(جاری ہے)

اور اس ضمن میں پینٹون کا کہنا ہے کہ یہ رنگ دراصل ” ہیپی پیری ونکل بلیو“ ہے۔


پینٹون ورلڈ کلر اتھارٹی نے سال 2021ء کے لئے جن رنگوں کا انتخاب کیا تھا ان میں دو رنگ پینٹون الٹیمیٹ گرے اور پینٹون الیومینیٹنگ یعنی سنہرا پیلا شامل تھا۔لیکن اس سال پینٹون نامی نجی کمپنی کی جانب سے ایک نیا اور انوکھا رنگ تیار کیا گیا ہے جسے کمپنی نے ”ویری پیری“ کا نام دیا ہے۔کمپنی کے مطابق ”ویری پیری“ کو کلر آف دی ایئر قرار دیا گیا ہے جو کہ جامنی اور نیلے رنگ کے امتزاج سے بنا ہے۔
اس کلر میں لیلک،لیوینڈر،اور صاف نیلے آسمان کے رنگ کے اشارے ہیں جس کے ساتھ سکون کا احساس ہوتا ہے۔اس رنگ کے حوالے سے کمپنی کے ڈائریکٹر کا کہنا ہے کہ ہم ایک ایسے معاشرے میں رہتے ہیں جہاں چیزیں اور حالات تبدیل ہوتے رہتے ہیں۔انہوں نے کہا ہے کہ ”ویری پیری“ نامی یہ کلر بھی معاشرے کی انہی تبدیلیوں کی عکاسی کرتا ہے اور ان وقتوں کی یاد دلاتا ہے جب کورونا کے دور میں معمولات زندگی تباہ ہو گئی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ کورونا کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال ایسی تھیں جس نے انسانی زندگی کو قید اور معاشرے کو ایک مٹھی میں قید کر لیا تھا۔انہوں نے بتایا کہ یہ رنگ اس دور کے تناظر کو ذہن میں رکھتے ہوئے تیار کیا گیا کہ جسے دیکھ کر انسان کو سکون اور اطمینان کا احساس ہو۔
شاید یہ پہلی بار ہے کہ ورلڈ کلر اتھارٹی نے ایک برانڈ نیو رنگ متعارف کروایا ہے،جو نہ صرف عمومی آرائش و زیبائش،ایکسیسریز،گھروں کے انٹیریئر،آفسز کے ڈیکور،مختلف کیبنٹس اور ہوم اپلائنسز کے انتخاب کو آسان کرے گا،بلکہ اس رنگ کی وسیع رینج سے مستفید ہونے والوں کو ایک بہت خوشگوار و دلکش،پُرسکون و پُرلطف احساس سے بھی مالا مال رکھے گا۔
پھر پینٹون کا یہ بھی کہنا ہے کہ ”ہمارے خیال میں اس رنگ کا انتخاب بڑی جرات کی بات ہے کہ ماضی میں ہم زیادہ تر بہت دھیمے،ٹھنڈے،ہلکے رنگوں ہی کو پسند کرتے رہے،جیسا کہ لونگ کورل،روز کوارٹز،ریڈئینٹ آرکڈ،کلاسک بلیو،الٹی میٹ گرے،گرینری،ٹرکوائز،ہنی سکل اور سیرینیٹی وغیرہ۔دوم،اس رنگ کی سب سے بڑی خوبی، اس ایک رنگ میں بے شمار رنگوں کی یک جائی و ہم آمیزی ہے۔
جس سے نہ صرف حُسن انتخاب کے لئے ایک وسیع ترین میدان میسر آ گیا ہے،بلکہ محض ایک رنگ کے مختلف شیڈز اپنا کر متعدد اہداف کا بیک وقت حصول بھی آسان ہو گیا ہے۔“
نیلا رنگ زیادہ تر مردوں کا پسندیدہ رنگ،جب کہ جامنی یا کاسنی خالصتاً نسائی رنگ ہے،تو ذرا سوچیں،اگر ایک ایسا رنگ وجود میں آتا ہے،جو دونوں کا مکسچر،دونوں کے خواص کا مجموعہ ہے،تو وہ کیا ہی شاہکار رنگ ہو گا۔
اس کی خصوصیات کی بات کی جائے،تو یہ روشنی،نور،اُجالے،طراوت،تازگی،اُمید و رجا کی علامت،کرسٹل انرجی فراہم کرنے والا رنگ ہے۔جو ایک طرف بے حد ٹھنڈا،پُرسکون،خاموش،رومانی،دوستانہ سا ہے،تو دوسری جانب ممتا جیسے الوہی جذبات و احساسات سے لب ریز،گرم جوشی اور والہانہ پن کے اظہار کے لئے بھی انتہائی موثر ہے۔سال نو کے لئے اس کا انتخاب کرنے والوں کو یقین ہے کہ بہت جلد یہ رنگ گلوبل انڈسٹری پر چھانے،لاکھوں لوگوں کا من پسند رنگ بننے والا ہے۔

ویری پیری محض ایک رنگ نہیں،ایک پوری تھیم ہے،جس سے صرف تخلیق کاروں،ڈیزائنرز ہی کو نت نئے آئیڈیاز پر کام کا موقع نہیں ملے گا،بلکہ اس رنگ کے دنیا پر چھا جانے سے،دنیا بھی پہلے سے کہیں زیادہ حسین و جمیل،روشن درخشاں،نیر و تاباں اور خوب نکھری سنوری، کھِلی کھِلی دکھائی دے گی۔جب کہ خواتین کی تو گویا دلی مراد بَر آئی ہے کہ یہ رنگ خالصتاً نسائی رنگ ہے۔
رنگ ہماری زندگیوں میں کس قدر اہم فرائض انجام دیتا ہے اس کا ہم میں سے اکثر صحیح اندازہ نہیں کر سکتے جب سورج نکلا ہوا ہو صاف و شفاف کا نیلا پن طبیعت میں جوش اور سرگرمی پیدا کر دیتا ہے اور جب ان دھندلا‘ماندا اور تاریک ہو اور بادل چھائے ہوئے ہوں تو طبیعت پژمردہ اور مضمحل ہو جاتی ہے۔نیلا رنگ دل میں ٹھنڈک اور فرحت پیدا کرتا ہے۔کاسنی رنگ انفرادیت کی نشاندہی کرتا ہے۔
پینٹون کے ماہرین اپنے خیالات قدرتی رنگوں سے اخذ کرتے ہیں۔
اس میں شک نہیں کہ رنگوں کا ہماری زندگیوں میں بڑا دلچسپ عمل دخل ہوتا ہے‘یہ نہ صرف ہمارے جسم بلکہ ذہنوں پر بھی قابو پاتے ہیں بلکہ ہر رنگ کی اپنی خصوصیات اور تاثر ہوتا ہے اس لئے لوگوں کو ملبوسات کیلئے رنگوں کا انتخاب کرتے ہوئے خاص خیال رکھنا چاہیے۔نوجوان رنگوں کے انتخاب کے معاملے میں کافی پُرجوش ہوتے ہیں۔
اس لئے انہیں اپنے ملبوسات کے حوالے سے رنگوں کا انتخاب کرنے سے پہلے رنگوں کی تاثیر اور خصوصیت کے بارے میں بھی معلوم ہونا چاہیے۔
دراصل رنگ جذبات و احساسات کے ترجمان ہیں۔رنگ‘پھول‘خوشبو سبزہ وغیرہ جب یہ سب چیزیں ایک جگہ جمع ہوں تو کون ان کی طرف مائل نہ ہو گا۔اگر دنیا میں یہ سب چیزیں بے رنگ ہوتیں تو ہماری طبیعت میں شوخی اور محبت کے رنگ کون بھرتا؟یہ رنگ ہی تو ہیں جو زبان سے کہے بغیر ہمارے جذبات اور احساسات کی ترجمانی کر دیتے ہیں۔
رنگوں کی وجہ سے خوشی اور غموں کے رنگ علیحدہ ہو جاتے ہیں اور بغیر بتائے انسانی احساسات کو عیاں کرتے ہیں۔یاد رہے کہ رنگ آپ کو یہ بھی بتاتے ہیں کہ آپ کے احساسات کیا ہیں اور کیسے ہیں؟بلاشبہ انسانی زندگی پر رنگوں کے اثرات مرتب ہوتے ہیں کیونکہ رنگ بولتے ہیں اور ہر رنگ کی اپنی ایک الگ زبان ہوتی ہے۔

Browse More Clothing Tips for Women

Special Clothing Tips for Women article for women, read "Very Peri Colour Of The Year" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.