Yellow Colour - Mousam Garma Mein Thandak Ka Ehsaas - Article No. 2626

Yellow Colour - Mousam Garma Mein Thandak Ka Ehsaas

پیلا رنگ موسم گرما میں ٹھنڈک کا احساس - تحریر نمبر 2626

آپ نے کبھی غور کیا ہے کہ بعض رنگ پہن کر آپ خود کو ٹھنڈا اور بعض کو پہن کر آپ گرم محسوس کرتی ہیں

ہفتہ 26 جون 2021

راحیلہ مغل
گرمی سے بچاؤ کے لئے لباس کی رنگت بہت اہمیت کی حامل ہوتی ہے۔کیا آپ نے کبھی غور کیا ہے کہ بعض رنگ پہن کر آپ خود کو ٹھنڈا اور بعض کو پہن کر آپ گرم محسوس کرتی ہیں؟ان سب باتوں کا تعلق رنگوں کی خصوصیات سے ہے۔معروف ڈریس ڈیزائنر شمسہ ہاشوانی کا گرمیوں کے ملبوسات سے متعلق کہنا ہے کہ گرمیوں میں صرف ہلکے رنگ کے ملبوسات ہی زیادہ اچھے لگتے ہیں،میں خود بھی اپنے ڈیزائنز میں یہی بات مدنظر رکھتی ہوں کہ جوڑا خریدار کو دیکھ کر ڈیزائن کیا جائے،ہلکے رنگ کے ساتھ ہلکی سی کڑھائی کا جوڑا ایسا ہو جو خواتین ڈنر، شادی اور مختلف تقریبات میں بھی پہن سکیں۔
پاکستان میں چونکہ موسم گرما بہت طویل ہوتا ہے اس لئے خواتین کو چاہیے کہ وہ صرف موسم کی مناسبت کے ساتھ تیار کردہ ملبوسات زیب تن کریں جو خوبصورت ہونے کے ساتھ ساتھ آرام دہ بھی ہوں۔

(جاری ہے)

معروف انٹرنیشنل ڈیزائنر سیلینا اولیوا موسم گرما میں پہنے جانے والے رنگوں کے لئے ہلکا سبز،ہلکا نیلا،ہلکا گلابی اور وائلٹ جیسے ہلکے رنگوں کے انتخاب پر زور دیتی نظر آتی ہیں۔


اس بات کا بھی خیال رکھیں کہ گرمیوں میں ہمیشہ ہلکے پھلکے ڈیزائن اور ہلکے پرنٹ کا انتخاب کریں۔سردیوں میں ہیوی ڈیزائننگ ہو سکتی ہے مگر کپڑے اور مٹیریل کا انتخاب آپ پر منحصر ہے آپ چاہیں تو پھولدار کپڑے کا انتخاب کریں ڈیجیٹل یا پھر سادہ قمیض پر ڈیزائن کریں،مگر ہمیشہ وہ انتخاب کریں جو آپ کو باوقار ظاہر کرے موٹاپے کو کم ظاہر کرنے اور چھوٹے قد کو بڑا ظاہر کرنے کیلئے سٹریٹ لائنز والے ملبوسات موزوں رہتے ہیں اور دبلے پتلے لمبے قد کیلئے ٹیڑھی لائنز اور ڈانس والے ڈیزائن بہتر ہیں،اگر آپ کو کپڑوں کے رنگوں اور ڈیزائن کے انتخاب میں مشکل ہو رہی ہو تو آپ کسی اچھی ڈیزائنر سے مشورہ کریں یا اپنی کلیکشن اچھی بوتیک سے کریں۔

پیلے رنگ کا انتخاب کیوں؟
اس سال کا رنگ سنہری پیلا ہے یہی وجہ ہے کہ اس موسم گرما میں پیلا رنگ تیزی سے سلیبرٹیز میں مقبول ہو رہا ہے لیکن کہتے ہیں کہ ہر رنگ اپنے اندر ایک خاصیت رکھتا ہے اور اس رنگ کی خاصیت یہ ہے کہ پیلا رنگ خوشی اور اطمینان کو ظاہر کرتا ہے۔پیلا رنگ سورج کی روشنی سے بھی جھلکتا ہے جبکہ اسے ہر جگہ فطرت کے نظاروں میں بھی دیکھا جا سکتا ہے،اسی طرح انسان کی بنائی ہوئی دنیا میں بھی یہ رنگ سب کی توجہ اپنی جانب مرکوز کرا لیتا ہے،یہ رنگ نہ صرف پہننے بلکہ خوشی کے اظہار کا ایک رنگ ہے اور اسے دیکھنے سے خوشی کا احساس ہوتا ہے۔

پیلا رنگ پسند کرنے والوں کے متعلق کہا جاتا ہے کہ یہ ان کی اچھی سوچ اور مستقبل کے بارے میں مثبت اور پُرامید رویے کو ظاہر کرتا ہے۔ پیلے رنگ کے لئے پسندیدگی کا ایک اور مطلب یہ ہے کہ آپ کے پاس ایک واضح مقصد حیات ہے۔آپ دوسروں کو سکون دے کر خوش ہوتے ہیں اور اس کے جواب میں آپ کو عزت اور ستائش ملتی ہے۔رواں سال آپ بھی اپنی وارڈ روب میں پیلے رنگ کے لباس کا اضافہ کر سکتی ہیں۔

پیلا رنگ شخصیت کے بارے میں کیا بتاتا ہے؟
پیلا رنگ خوشی اور اطمینان کو ظاہر کرتا ہے۔اگر آپ کو پیلا رنگ پسند ہے تو یہ آپ کی اچھی سوچ اور مستقبل کے بارے میں اچھے اور پُرامید رویے کو ظاہر کرتا ہے۔اس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ زندگی آپ کے لئے آسان ہے اور چھوٹی چھوٹی مشکلات آپ کے لئے کوئی معنی نہیں رکھتیں۔آپ کسی بھی بوجھ کے بغیر ایک پُرسکون زندگی گزارتے ہیں اور بہت زیادہ محنت کے عادی ہیں۔
پیلے رنگ کے لئے پسندیدگی کا ایک اور مطلب یہ ہے کہ آپ کے پاس ایک واضح مقصد حیات ہے تو آپ کا دل اور بڑھ جاتا ہے لیکن آپ اپنے کام سے کبھی مطمئن نہیں ہوتے اور اگر ہوں تو بھی اور آگے بڑھنا چاہتے ہیں۔اور اگر آپ پیلے رنگ کو ناپسند کرتے ہیں تو اس کا مطلب یہ ہے کہ آپ ناامید ہو چکے ہیں۔تنہائیوں اور مایوسیوں میں گھرے ہوئے ہیں اور اکثر اوقات لوگوں سے چھپتے پھرتے ہیں۔

انسان مزاج رنگوں سے متاثر ہوتا ہے!
دراصل ہر رنگ کا ایک تاثر ہوتا ہے جو دیکھنے والے پر مخصوص اثرات مرتب کرتا ہے۔اگر لباس میں رنگوں کی بات کی جائے تو ان کا بھی یہی معاملہ ہے۔سفید رنگ کا لباس پہننے والے اور دیکھنے والے کو سکون کا احساس دلاتا ہے۔اسی طرح سیاہ رنگ سوگ کی علامت سمجھا جاتا ہے۔ ماہرین نفسیات کے مطابق جو افراد سیاہ رنگ کا بہت زیادہ استعمال کرتے ہیں وہ دوسرے افراد کی نسبت زیادہ غمگین اور اداس رہتے ہیں۔
فلکیات کے ماہرین کا کہنا ہے کہ رنگ اپنی خصوصیت کے مطابق اپنے ماحول سے بھی ویسے ہی اثرات جذب اور خارج کرتے ہیں۔ یعنی سیاہ رنگ بہت زیادہ پہننے والے شخص کے ساتھ دیگر افراد کے مقابلے میں زیادہ افسردہ کر دینے والے واقعات پیش آتے ہیں جبکہ مجموعی طور پر اس کا اثر ان کے مزاج پر بھی پڑتا ہے۔اسی طرح گہرے اور شوخ رنگ،جیسے سُرخ اور پیلا شوخی اور خوشی کی علامت ہیں۔
ایسے رنگوں کے لباس پہننے والوں کو آپ ہمیشہ ہنستا مسکراتا اور قہقہے لگاتا ہوا پائیں گے۔اگر سرخ رنگ کی بات کی جائے تو سرخ دراصل جنون،توانائی، پرجوشی،تندی و تیزی اور پہلی نظر میں متاثر کرنے والا گہرا رنگ ہے جو مثبت اور منفی دونوں طرح کے اثرات مرتب کرتا ہے۔سرخ رنگ کو ایک طرف خطرے کی علامت سمجھا جاتا ہے تو دوسری طرف محبت بھی اسی رنگ سے منسوب ہے۔یہی معاملہ پیلے رنگ کے لباس کے ساتھ ہے۔سنہری پیلا رنگ پہننے والا شخص سب کی توجہ کا مرکز بن جاتا ہے۔ماہرین کے مطابق پیلا رنگ پہننے والے اپنے آپ کو پُراعتماد بھی محسوس کرتے ہیں جبکہ وہ دیگر افراد کے مقابلے میں دوسروں سے بہت گہرا اور مسحور کن تاثر چھوڑتے ہیں۔

Browse More Clothing Tips for Women

Special Clothing Tips for Women article for women, read "Yellow Colour - Mousam Garma Mein Thandak Ka Ehsaas" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.