Jild Ki Shaguftagi Aur Jhuriyon Se Nijaat Ke Liye Eham Tadabeer Aur Nuskhay - Article No. 2685

Jild Ki Shaguftagi Aur Jhuriyon Se Nijaat Ke Liye Eham Tadabeer Aur Nuskhay

جلد کی شگفتگی اور جھریوں سے نجات کے لئے اہم تدابیر اور نسخے - تحریر نمبر 2685

جھریاں چہرے پر نمایاں ہو رہی ہوں تو انہیں دور کرنے کی ترکیب کرتے رہنا چاہیے

بدھ 15 ستمبر 2021

جھریاں آنکھوں کو ذرا بھی بھلی نہیں لگتیں اسی لئے انہیں حسن کا دشمن کہا جاتا ہے۔گو کہ یہ گزرتی عمر کا نشان ہے مگر کبھی جواں عمری میں بے احتیاطی بھی ان کی وجہ بن جاتی ہے۔اس کے لئے احتیاط ضروری ہے۔اگر ایسی جھریاں چہرے پر نمایاں ہو رہی ہوں تو انہیں دور کرنے کی ترکیب کرتے رہنا چاہیے۔اس کے لئے چند عام سی چیزوں کی ضرورت ہوتی ہے۔
بالائی اور لیموں کی کریم سے علاج
ایک کپ دودھ اُبال کر اسے ٹھنڈا ہونے کے لئے رکھ دیں۔
تھوڑی دیر میں اس پر بالائی کی موٹی تہہ جم جائے گی۔اس بالائی کو ایک چھوٹے پیالے میں نکال لیں پھر اس میں لیموں کے پانچ قطرے نچوڑ لیں۔اب اسے اچھی طرح مکس کریں۔اس کریم کو ہلکے ہلکے مساج کے انداز میں چہرے پر لگائیں۔یہ عمل رات میں سونے سے قبل کرنا زیادہ بہتر ہے۔

(جاری ہے)

چہرہ نیم گرم پانی سے صاف کر لیں پھر صاف تولیے سے مساج کے انداز میں چہرے کو آہستہ آہستہ رگڑیں مگر ہاتھ نرم رکھیں۔

صاف کرنے کے بعد کم سے کم ایک گھنٹے تک صابن کا استعمال نہ کریں۔ کچھ ہی دنوں میں دیکھیں گی کہ جلد میں شگفتگی اور نکھار آنے لگے گا۔جلد بھی تنی ہوئی نظر آئے گی۔اس عمل کو ہاتھوں کی جھریوں کے لئے بھی کیا جا سکتا ہے۔
بادام کے تیل کی مالش
چہرے کو دودھ میں بھیگے کاٹن پیڈ سے صاف کیجیے۔صفائی کے وقت خیال رہے کہ رگڑ نہ زیادہ ہلکی ہو اور نہ بہت زیادہ تیز۔
بس درمیانی دباؤ رکھیں۔اب نیم گرم روغن بادام میں عرق گلاب کے چند قطرے شامل کرکے چہرے پر ہلکے ہلکے مالش کریں۔مساج کا صحیح طریقہ یہ ہے کہ ہاتھوں اور انگلیوں کو جھریوں کی مخالف سمت میں حرکت دیں۔مثلاً منہ کے کناروں پر موجود جھریوں کے لئے انگلیوں، ہتھیلی سے ان لکیروں پر نیچے سے اوپر کی جانب دباؤ ڈالیں۔اب اسی طرح رخساروں کی ہڈی کے کنارے پر مساج کیجیے۔
نیچے کی طرف مساج کرتے وقت دباؤ میں تھوڑی کمی لایئے۔یہ عمل پانچ منٹ تک جاری رکھیں۔
پپیتے کے گودے سے مساج
پپیتا ایک ایسا پھل ہے جس میں صحت بخش اجزاء وافر مقدار میں موجود ہیں۔یہ ہاضمہ کو درست رکھتا ہے،خون کی صفائی کرتا ہے۔پپیتا جلد کے لئے بھی مفید ہے۔پکے ہوئے پپیتے کا گودا نکال کر اسے چہرے پر ماسک کی طرح لگا لیں اور ہلکے ہلکے مساج کریں۔
مساج کا دورانیہ پانچ منٹ کا ہونا چاہیے۔پھر اسے دس منٹ تک کے لئے چہرے پر لگا رہنے دیں۔اس کے بعد چہرہ دھو لیں۔اس عمل کو ایک ہفتہ تک کرنا مفید ہے۔
متفرق
ایک کھیرے کو کدوکش کرکے دودھ میں ملا دیں۔اس کو چہرے پر دس منٹ لگائیں اور پھر روئی سے چہرہ صاف کر لیں۔اب پپیتے کی قاش کو باریک مسل کر چہرے پر اس کا ماسک لگائیں۔
آدھے گھنٹے بعد منہ دھو لیں۔یہ عمل زیادہ عمر کی خواتین کے لئے بہت مفید ہے۔
ملتانی مٹی کو رات بھر کے لئے ایک مٹی کی پیالی میں پانی کے ساتھ گھول کر رکھ دیں۔صبح اس میں ایک چمچ دہی اور ایک چمچ شہد ملا کر چہرے پر ماسک لگائیں۔بیس منٹ بعد نیم گرم پانی میں بھیگی ہوئی روئی سے آہستگی سے چہرہ صاف کر لیں اور پھر منہ دھو لیں۔یہ ماسک جھریوں زدہ جلد کو شگفتہ کرتا ہے اور جلد میں کھنچاؤ پیدا کرکے جلد کو ٹائٹ کرتا ہے۔

ایک چمچ پھٹا ہوا دودھ،ایک چمچ شہد،ایک چمچ پھینٹا ہوا انڈا ان تینوں چیزوں کو آپس میں اچھی طرح مکس کر لیں اور پھر چہرے پر ماسک کی طرح لگائیں۔بیس منٹ بعد منہ دھو لیں۔یہ ماسک بھی چہرے کی جلد کو شگفتہ رکھتا ہے۔
پانی کا استعمال جھریوں سے محفوظ رکھتا ہے
صبح اُٹھنے کے بعد نہار منہ کم از کم دو گلاس پانی پینے سے کئی بیماریوں سے اور جلد میں خلیات کی توڑ پھوڑ جو جھریوں کا باعث بنتی ہے اس سے محفوظ رہا جا سکتا ہے جدید تحقیق سے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ نہار منہ پانی پینا بلڈ پریشر،شوگر،کینسر اور معدے کی بیماریوں سے محفوظ رکھتا ہے۔
شروع شروع میں نہار منہ زیادہ پانی پینا مشکل معلوم ہوتا ہے لیکن جب آپ اس کے عادی ہو جاتے ہیں تو یہ عمل جلد پر بہترین اثرات مرتب کرتا ہے۔روزانہ کم از کم بارہ گلاس پانی نہ پینے والی خواتین پر جلد بڑھاپا آجاتا ہے اس لئے دن بھر میں زیادہ سے زیادہ پانی پینا دیر تک جوان رہنے کے لئے مفید گُر ہے۔
احتیاط
چکنائی مثلاً گھی،تیل،چربی وغیرہ کا بہت زیادہ استعمال روزمرہ کی غذا میں لازمی حیثیت اختیار کر گیا ہے۔
یہ صحت اور جلد دونوں کے لئے نقصان دہ ہے چکنائی بہت معمولی مقدار میں جسم کے لئے ضروری ہوتی ہے کھانوں میں شامل باقی چربی اور چکنائی شریانوں اور جلد کی اندرونی تہہ پر جمع ہو جاتی ہے جو کیل مہاسے،جھائیوں اور جلد کے دیگر مسائل کا باعث بنتی ہیں۔اس لئے وہ غذا استعمال کی جائے جس میں بہت معمولی اور صحت بخش چکنائی شامل ہو۔

Browse More Special Articles for Women

Special Special Articles for Women article for women, read "Jild Ki Shaguftagi Aur Jhuriyon Se Nijaat Ke Liye Eham Tadabeer Aur Nuskhay" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.