Mausam Ki Tabdeeli Par Almari Ki Tarteeb E Nau - Article No. 3220

Mausam Ki Tabdeeli Par Almari  Ki Tarteeb E Nau

موسم کی تبدیلی پر الماری کی ترتیبِ نو - تحریر نمبر 3220

ایک بڑی سی الماری کی مکمل صفائی کا کام سوچتے ہی تھکن طاری ہونے لگتی ہے مگر آپ اس میں جتنی دیر کریں گی، یہ اتنا مشکل لگے گا

بدھ 6 دسمبر 2023

راحیلہ مغل
الماری کو ترتیب سے رکھنے کی ذمہ داری عموماً خاتونِ خانہ کی ہوتی ہے۔اور مصروفیات چاہے کتنی ہی کیوں نہ ہوں، کم از کم موسم سرما کی آمد پر گرمیوں کے کپڑے نکالنا اور سردیوں کے گرم کپڑوں،جرسیوں اور دیگر اشیاء کو ترتیب سے لگانا ضروری ہو جاتا ہے۔البتہ،یہ بھی ایک سچ ہے کہ موسم کی تبدیلی پر الماری کی ترتیب نو ایک انتہائی تھکا دینے والا کام ہے،جس کا سوچ کر ہی جی گھبرانے لگتا ہے اور اس کام کے لئے وقت نکالنا بھی ایک الگ مسئلہ ہوتا ہے۔
مزید برآں،اس کام کو بخوبی اور احسن طریقے سے انجام دینے کے لئے آپ کو انتہائی سوچ بچار کرنا پڑتی ہے کہ جیسے اب سردیوں کا موسم شروع ہو رہا ہے تو گرم کپڑوں کو سامنے لانا ہے اور گرمیوں کے کپڑوں کو پیچھے لے جانا ہے۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ،نئے موسم میں نئی شاپنگ بھی ضروری ہوتی ہے،ایسے میں سٹوریج کے لئے اضافی جگہ کیسے بنائی جائے اور اس میں کونسے ایسے پرانے کپڑے اور اشیاء ہیں،جن کو اب نکال دینا ہی بہتر رہے گا؟وغیرہ وغیرہ۔

یہ وہ فیصلے ہیں جو آپ کو الماری کی ترتیب نو سے پہلے کرنے ہوتے ہیں۔موسم کی مناسبت سے اپنی الماری کو ترتیب دینے سے پہلے آپ کو کچھ باتیں ذہن نشین کرنی چاہئیں۔
پہلے سے منصوبہ بندی کرنا:
کپڑوں کو اسٹوریج میں رکھنے سے پہلے انہیں دھو کر اور استری کر کے تہہ کر لینا اچھی تجویز ہے کیونکہ اس طرح دوبارہ ضرورت پڑنے پر یہ تیار ملیں گے۔
اگر آپ ایسے ہی اُلجھے بکھرے کپڑے رکھ دیں گی تو آپ کو اگلے موسم کے کپڑے پہننے سے پہلے بہت سی دھلائی کرنی پڑے گی اور ہو سکتا ہے کہ اس دوران کپڑوں کا فیبرک اور ڈیزائن خراب ہو جائے اور یہ دوبارہ استعمال کے قابل نہ رہیں۔اس لئے اس تجویز کو آپ ہر موسم میں الماری کی ترتیبِ نو کے وقت ضرور ذہن نشین رکھیں۔
آج کا کام کل پر نہ چھوڑیں:
ہم جانتے ہیں کہ ایک بڑی سی الماری کی مکمل صفائی کا کام سوچتے ہی تھکن طاری ہونے لگتی ہے مگر آپ اس میں جتنی دیر کریں گی، یہ اتنا مشکل لگے گا۔
اس کے بجائے ایک دن چُنیں جب آپ موسیقی لگا کر اس کام میں مگن ہو جائیں۔کچھ بڑے شاپر ساتھ رکھنا مت بھولیں تا کہ آپ خیرات کرنے والے اور پھینکنے والے کپڑے الگ الگ کر سکیں۔
بہتر تنظیم کیلئے خرچہ کرنا:
پرانے موسم کے سارے کپڑے الگ پیک کرنا ایک اچھا آئیڈیا ہے تا کہ آپ الماری میں جگہ خالی کر سکیں اور اپنے نئے پسندیدہ سامان کے لئے جگہ بچا سکیں۔
لیکن ساتھ ہی اپنی الماری کو ایسے سیٹ کرنا نہ بھولیں کہ وہ آپ کے کام بھی آئے! ہم اس میں خانے بنوانے، درازیں اور شیلف لگوانے کی بات کر رہے ہیں تا کہ آپ سامان اس طرح ترتیب دے سکیں کہ ہر چیز اپنی جگہ پر ہو۔یہی اچھا لگتا ہے، ورنہ آپ کے کپڑے گھر کے باقی حصوں میں پھیلے رہیں گے۔
جگہ کیلئے دل کھلا رکھیں:
آپ کو الماری کی جگہ کا اچھے طریقے سے خیال رکھنے کی ضرورت ہے۔
ایک واک اِن الماری اس بات کی بہترین مثال ہو سکتی ہے، جسے استعمال کرتے ہوئے اسٹوریج میں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔آپ کے پاس جتنی اسٹوریج ہو گی، موسمی سامان کی تبدیلی کی اتنی ہی کم ضرورت پڑے گی۔گزرے ہوئے موسم کی کچھ چیزوں کو لٹکائے رکھنا کوئی بری بات نہیں۔
دماغ سے سوچیں دل سے نہیں:
ہمارے پاس کچھ ایسے کپڑے ضرور ہوتے ہیں، جو ہمارے دل کے قریب ہوتے ہیں اور ہم انہیں کبھی پھینکنا نہیں چاہتے، مگر یہ ظالم بن جانے کا وقت ہے! کیا آپ واقعی ہر سال وہی پرانے کپڑے اکٹھے کرتے رہنا چاہتی ہیں، جبکہ آپ کو معلوم ہے کہ آپ انہیں کبھی بھی دوبارہ نہیں پہنیں گی؟ تو کیوں نہ اس سادہ اصول پر عمل کیا جائے کہ اگر آپ نے انہیں پچھلے سال نہیں پہنا تو اب ان کو الوداع کہنے کا وقت ہے۔

لکڑی کی ٹوکریوں کا استعمال:
لکڑی کی ٹوکریوں کو الماریوں میں لگا کر آپ اسٹوریج بنا سکتی ہیں۔ان میں آپ جرابیں، بنیان اور مختلف اشیاء رکھ سکتی ہیں۔یہ آسانی سے مل بھی جائیں گی اور آپ کا کمرہ صاف ستھرا، باترتیب، ماڈرن اور اسٹائلش بھی لگے گا۔

Browse More Home Interior & Decoration - Ghar Ki Aaraish

Special Home Interior & Decoration - Ghar Ki Aaraish article for women, read "Mausam Ki Tabdeeli Par Almari Ki Tarteeb E Nau" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.