Chote Bache Roza Rakhain To Waldain Kya Karen - Article No. 3260

Chote Bache Roza Rakhain To Waldain Kya Karen

چھوٹے بچے روزہ رکھیں تو والدین کیا کریں - تحریر نمبر 3260

گھر میں چھوٹے بچے بڑوں کو دیکھ کر روزہ رکھنے کی ضد کرتے ہیں،والدین کو بھی چاہیے کہ ان کی اس ضد کو کافی حد تک پورا کریں

پیر 1 اپریل 2024

شمائلہ فاروق
گھر میں چھوٹے بچے بڑوں کو دیکھ کر روزہ رکھنے کی ضد کرتے ہیں،والدین کو بھی چاہیے کہ ان کی اس ضد کو کافی حد تک پورا کریں۔دیکھا یہی گیا ہے کہ زیادہ تر بچے ابتداء میں بڑے ذوق و شوق سے روزے رکھتے ہیں۔باجماعت نماز ادا کرتے ہیں اور ہوم ورک بھی کرتے ہیں، یہ حقیقت ہے کہ پہلے تین چار روزے شدت کی پیاس محسوس ہوتی ہے۔
بعد ازاں معمول کا حصہ بن جاتی ہے۔چھوٹے بچوں کو روزہ رکھوانے کے بعد والدین کو ان کی صحت کی فکر پڑ جاتی ہے، جس کیلئے ان کی ذمہ داری میں مزید اضافہ ہو جاتا ہے۔
ماہر صحت ڈاکٹر عائشہ عباس کہتی ہیں کہ بچوں کو سات سال کی عمر کے بعد کچھ گھنٹوں کیلئے روزے کی پریکٹس کروانی چاہیے۔انہوں نے بتایا کہ بچے کو سحری میں انڈہ پراٹھا اور لسی لازمی دیں۔

(جاری ہے)

کیونکہ اس میں پروٹین وافر مقدار میں ہوتا ہے، اس کے علاوہ بچہ دلیہ شوق سے کھاتا ہے۔ڈاکٹر عائشہ کا کہنا ہے کہ افطار میں تلی ہوئی چیزیں شوق سے کھائی جاتی ہیں اس میں سبزی ڈال کر بنائیں تاکہ اس میں ذائقے کے ساتھ غذائیت بھی ہو۔انہوں نے کہا کہ وٹامنز کی کمی کے باعث بعض بچے روزہ رکھنے کے بعد سارا دن سوئے رہتے ہیں اور افطاری سے دس پندرہ منٹ قبل اٹھتے ہیں جو کہ اچھی بات نہیں۔
اس کے علاوہ سحری کے بعد بچوں کو نیند پوری کرنے دیں۔انہیں ہدایت کریں کہ وہ سحری کے بعد سو جائیں، تاکہ دن کے وقت پھر نیند نہ آتی رہے اور نمازیں بھی وقت پر ادا ہو جائیں۔بچوں کو روزوں میں مصروف رکھنے کے لئے سب سے اہم چیز ان کی دلچسپی ہے اور ہر بچے کی دلچسپی اس کی عمر اور رجحانات کے حوالے سے بالکل جداگانہ ہو سکتی ہے۔یہاں مقصد چونکہ ان کی دل جوئی، مصروفیت اور بہلانا ہے، اس لئے زیادہ پابندیوں یا سختیوں کی کوئی گنجائش نہیں۔
سوائے فرض نمازوں اور کچھ تلاوت کے اگر انہیں باقی وقت ان کی مرضی سے گزارنے دیا جائے تو مناسب ہے۔البتہ اچھی چیزوں کی تاکید اور نصیحت ضرور کی جا سکتی ہے کہ روزے میں یہ عمل کرنا اچھا ہے اور یہ عمل مناسب نہیں۔مختلف دعائیں اور مفید چیزوں میں دلچسپی پیدا کرنے کے لئے ان کی پسند کے انعامات اور دیگر چیزیں دی جا سکتی ہیں۔
بچوں کو روزانہ فضائل رمضان اور عبادات کے متعلق بھی بتائیں، مثلاً تراویح، نوافل، شب قدر، اعتکاف، روزے، نماز، وضو کے فرائض وغیرہ بچوں کو عبادات کا پابند بنائیں۔
بچوں کے اندر جذبہ قربانی پیدا کرنے کے لئے ان سے غریب بچوں کے لئے افطار کے پیکٹ تیار کرائیں اور پھر انہیں ساتھ لے جا کر تقسیم کرائیں۔محلے کے گھروں اور رشتہ داروں کے ہاں افطاری بھجوائیں۔آخری روزوں میں ان سے غریب لوگوں کے لئے عید کے تحائف تیار کرائیں اور پھر ان مستحق لوگوں کی بستیوں میں جا کر ان کے ہاتھ سے یہ چیزیں تقسیم کرائیں، اس سے ان کے اندر دوسروں کے مسائل اور تکالیف سمجھنے کا احساس پیدا ہو گا۔یہ چیزیں ان کی دینی تربیت کے ساتھ روزے کے دنوں میں ان کی بہترین مصروفیت ثابت ہوں گی۔

Browse More Special Articles for Women

Special Special Articles for Women article for women, read "Chote Bache Roza Rakhain To Waldain Kya Karen" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.