Bachon Ko Zaheen Banane Ke Aasan Mashwaray - Article No. 2852

Bachon Ko Zaheen Banane Ke Aasan Mashwaray

بچوں کو ذہین بنانے کے آسان مشورے - تحریر نمبر 2852

مسلسل تناؤ سے بچوں کی دماغی نشوونما سست ہو جاتی ہے۔بچوں کی دماغی نشوونما کو بہتر کیسے بنایا جائے

منگل 12 اپریل 2022

”آپ کا بیٹا ہمارے اسکول کے لئے ذہنی طور پر مناسب نہیں ہے۔“اسکول انتظامیہ کی طرف سے یہ الفاظ سن کر تھامس ایڈیسن کی ماں کی جو حالت ہوئی ہو گی اسے محسوس کرنے کے لئے زیادہ غور و فکر کی ضرورت نہیں۔
لیکن ایڈیسن کی ماں نے ان بے رحم الفاظ کے اثرات اپنے بیٹے تک منتقل نہ ہونے دیے بلکہ سولہ سال کی عمر تک گھر میں ہی تعلیم کے ذریعے ایڈیسن کو تاریخ کے ذہین ترین افراد میں سے ایک بنا دیا۔
جس بچے کو اسکول والوں نے ذہنی طور پر عام بچوں سے کم تر قرار دیا تھا وہ صدی کے چند اہم ترین سائنس دانوں میں گنا جانے لگا۔
یاد رکھیں کہ چھوٹے بچوں کے دماغ کی نشوونما بہت تیزی سے ہو رہی ہوتی ہے۔اس دوران والدین اور اردگرد کے افراد کا رویہ بچوں میں اہم دماغی رابطے بنانے میں مددگار ہوتا ہے جو ان کی سیکھنے کی استعداد کو بتدریج بہتر کرتا ہے۔

(جاری ہے)

اس کے لئے ضروری ہے کہ والدہ یا والد بچوں کی نشوونما میں چند اہم باتوں کو سمجھیں،سیکھیں اور ان پر عمل درآمد کی کوشش کریں۔
سب سے پہلے یہ جانیں کہ دماغی نشوونما کے لئے درکار لوازم کیا ہیں․․․․؟اور انہیں کیسے پورا کیا جا سکتا ہے․․․․؟
اس اہم سوال کے جواب میں درج ذیل دیے گئے مشورے کچھ مددگار ہو سکتے ہیں۔
خوشگوار تعلقات
ایک بڑھتے ہوئے دماغ کے لئے سب سے اہم چیز اردگرد کے لوگوں سے مثبت اور صحت مندانہ تعلقات ہیں۔
ایسا ہر تعلق بچوں کے دماغ میں بااعتماد،پیار بھرے اور تحفظ سے بھرپور رابطے کی پائیدار بنیاد رکھ رہا ہوتا ہے۔
مثبت تجربات
بچوں کو آزادی سے تجربات کی اجازت دینے سے ان کے دماغ کے نیورونز یعنی خلیات تیزی سے اپنے راستے بناتے اور بچے کو اوسط سے انتہائی ذہانت کی طرف لے جاتے ہیں۔یہ تجربات عملی بھی ہو سکتے ہیں،جسمانی اور ذہنی بھی۔

سازگار اور محفوظ ماحول
ایک اہم بات بچوں کو ایک محفوظ اور سازگار ماحول فراہم کرنا ہے،جہاں بچے آسانی سے تجربات کر سکیں،غلطیاں جان سکیں اور نت نئی چیزیں سیکھ سکیں۔
بچوں کے دماغ کے لئے اہم عرصہ
ریسرچ کے مطابق بچوں کی دماغی ترقی،ذہنی تیزی اور ذہانت کی مضبوط بنیاد کے لئے ابتدائی پانچ سے سات برس اہم ہوتے ہیں۔
یہی وہ عرصہ ہے جب بچے زبان سیکھنے سے لے کر بیشتر معاملات کی معلومات ذہنی پروسیسر میں جمع کر رہے ہوتے ہیں۔اگرچہ بعد کے برسوں میں بھی بچوں کی دماغی تیزی پر کام کیا جا سکتا ہے تاہم اس کے لئے زیادہ محنت،وقت اور کوشش درکار ہوتی ہے۔
دماغی ترقی میں نقصان دہ عناصر
بچوں کے دماغ کے لئے سب سے نقصان دہ عنصر افراتفری کا ایسا ماحول ہے جہاں خیال رکھنے والے افراد موجود نا ہوں اور نہ ہی مناسب تحریک ہو اور ایسے ماحول کی کمی کے اثرات بہت شدید اور طویل المدت ہو سکتے ہیں۔
ایسے ماحول کے نقصانات درج ذیل بھی ہو سکتے ہیں۔
مسلسل تناؤ سے بچوں کی دماغی نشوونما سست ہو سکتی ہے۔خصوصاً بچوں کے دماغ کے اگلے حصے (Frontal Lobe) کی،جو کہ فیصلہ سازی اور اعصابی دباؤ برداشت کرنے اور لوگوں کو سمجھنے میں معاون ہوتا ہے۔
مسلسل نظر انداز ہونے والے اور غذائی قلت والے بچوں کا دماغ اپنی ساخت اور ورکنگ میں واضح طور پر دیگر بچوں سے مختلف ہوتا ہے۔
نسبتاً بہتر ماحول میں رہنے والے بچوں کے مقابلے میں افراتفری اور غیر مناسب ماحول میں رہنے والے بچے تقریباً کئی الفاظ کم سنتے ہیں،یوں ان کی لسانی مہارت اور ذہنی تیزی دونوں متاثر ہوتی ہیں۔مسلسل خدشات میں رہنے والے بچے پڑھائی اور دوست بنانے میں کمزور اور بچپن کی کئی خوب صورت یادوں سے محروم رہتے ہیں۔
یہ سب جاننے کے بعد اب اگلا سوال یہ اُٹھتا ہے کہ اس ضمن میں والدین کیا کر سکتے ہیں․․․؟
والدین درج ذیل تدابیر کے ذریعے بچوں کی دماغی تیزی کو یقینی بنانے کی کوشش کر سکتے ہیں۔

بچوں کو مثبت الفاظ سے مسلسل تحریک دیں۔اس سے ان کے ذہنی نشوونما تیزی سے ہونے لگے گی۔بچوں سے ان کے پسند کے موضوعات پر بات کریں،سوالات کریں،نظمیں سنیں یا مختلف طرح کے کھیل کھیلیں۔
بچوں کے ساتھ الفاظ کے کھیل کھیلیں،انہیں الفاظ کی معنی اور مختلف حالات کے لئے اس کے استعمال کی مشق کروائیں۔
بچوں سے انفرادی میٹنگ کا وقت طے کریں اور اس میں ان سے بات کریں۔
بچوں کے جذبات،احساسات اور خیالات کو سنیں،اس پر مثبت ردعمل دیں،اس کے ساتھ انہیں اپنے احساس کو بیان کرنے میں مدد فراہم کریں۔
گھر کے چھوٹے چھوٹے کاموں کی صورت میں انہیں پروجیکٹ دیں،ایسا کرنے سے فیصلہ سازی کی صلاحیت اور مسائل حل کرنے کی دماغی استعداد میں اضافہ ہو گا۔

Browse More Myths About Parenthood - Bachon Ki Parwarish Aur Ghalat Nazriat

Special Myths About Parenthood - Bachon Ki Parwarish Aur Ghalat Nazriat article for women, read "Bachon Ko Zaheen Banane Ke Aasan Mashwaray" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.