پنجاب حکومت کسانوں کو خوشحال اور ترقی یافتہ بنانے کیلئے اپنے تمام تر وسائل بروئے کار لارہی ہے، محمد نعیم اختر بھا بھہ

جمعرات 19 جنوری 2017 20:31

خانیوال۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جنوری2017ء) صوبائی وزیر زراعت پنجاب محمد نعیم اختر بھا بھہ نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف صوبہ بھر کے کسانوں کو خوشحال دیکھنا چاہتے ہیں جس کیلئے ان کی قیادت میں حکومت پنجاب بھرپور عملی اقدامات اٹھارہی ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے اپنی قائدانہ صلاحیتوں سے نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا میں اپنا لوہا منوایا ہے جس کی وجہ سے دنیا کے اکثر ممالک نے ان کو ’’مین آف دی ایکشن ‘‘ کا لقب دیا ہے۔

پنجاب حکومت کسانوں کو خوشحال اور ترقی یافتہ بنانے کیلئے اپنے تمام تر وسائل بروئے کار لارہی ہے، دوسو بارہ ارب روپے کا کسان پیکج وزیر اعلیٰ پنجاب کی کسان دوستی کا منہ بولتا ثبوت ہے پنجاب سیڈ کارپوریشن 40سال سے ملک بھر کے کسانوں اور زمینداروں کو سستے داموں معیاری بیج فراہم کر رہی ہے ۔

(جاری ہے)

یہ بات انہوں نے پنجاب سیڈ کارپوریشن پروسیسنگ پلانٹ پیرووال پر منعقدہ تقریب کے شرکہ سے خطاب کے دوران کیا، اس موقع پر رکن قومی اسمبلی محمد خان ڈاہا،ڈائریکٹر پنجاب سیڈ کارپوریشن پروسیسنگ پلانٹ زاہد اسحاق،میڈیا نمائدگان اور پی ایس سی ورکروں کی کثیر تعدادنے شرکت کی۔

صوبائی وزیر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب نے کسانوںکو عام مارکیٹ میں سستے اور معیاری بیج فراہم کرنے اور کڑی نگرانی کیلئے ڈیلروں کی رجسٹریشن شروع کردی ہے تاکہ کاشتکاروں کو معیاری بیج کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب سیڈ کارپوریشن کومزید منافع بخش ادارہ بنایا جائے گا اس کے ورکر پنجاب سیڈ کارپوریشن کا قیمتی اثاثہ ہیں اور ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے میرے دروازے ان ورکروں کیلئے ہمہ وقت کھلے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب سیڈ کارپوریشن کے موجودہ پروسیسنگ پلانٹ کو اپ گریڈ کرنے کی بجائے جدید پروسیسنگ پلانٹ لگایا جائے گا تاکہ معیاری بیج کی پیداوار میں اضافہ کیا جاسکے صوبائی وزیر نے کہا کہ معیاری اور اعلی کوالٹی کے بیج سے ہم اپنے مطلوبہ پیداواری اہداف حاصل کرستے ہیں۔ ایم این اے محمد خان ڈاہا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں ٹیکسٹائل کی ایکسپورٹ بڑھانے میں پنجاب سیڈ کارپوریشن کا بہت اہم کردار ہے کیونکہ پی ایس سی کے فراہم کردہ معیاری بیج سے کپاس کی پیداوار بڑھانے میں بھرپور مدد ملی انہو ںنے مزید کہا کہ ایک دور تھا کہ پی ایس سی کا بیج خریدنے کیلئے سفارشیں کروانی پڑتی تھیں جوکہ اس کے معیار اور اعلی کوالٹی کی ضمانت تھی بیج کا وہ اعلی معیار اب دوبارہ لا کر مزید کپاس کی پیداوار میں بہتری لائی جائے گی۔

ڈائریکٹر پروسیسنگ پلانٹ پیرووال زاہد اسحاق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب سیڈ کارپوریشن 40سال سے صوبہ بھر کے کسانوں اور کاشتکاروں کو معیاری اور سستا بیج فراہم کر رہا ہے رجسٹرڈ گروورز اور سیڈ کارپوریشن کے ملازمین کی انتھک محنت سے یہ سب کچھ ممکن ہوا اور پنجاب سیڈ کارپوریشن نے اپنا نام پیدا کیا۔اس موقع پر پنجاب سیڈ کارپوریشن سی بی اے یونین عہدیداران رائو مشتاق احمد ،غلام مصطفیٰ اور طارق عزیز سمیت دیگر ورکروں نے اپنے مطالبات پیش کیے جس پر صوبائی وزیر نے ان کے مطالبات حل کرنے کی یقین دہانی کرائی بعد ازاں صوبائی وزیر نعیم اختر بھا بھہ نے پلانٹ ہذا پر کام کے دوران ایک آنکھ ضائع ہونے والے کارکن کو پنجاب سیڈ کارپوریشن کی طرف سے 1لاکھ 60ہزار روپے کا چیک دیا قبل ازیں صوبائی وزیر نے ایم این اے محمد خان ڈاہا کے ہمراہ پروسیسنگ پلانٹ پیرووال کا تفصیلی معائنہ بھی کیا۔

متعلقہ عنوان :

خانیوال میں شائع ہونے والی مزید خبریں