دہشت گردی کے خلاف پوری قوم کو سیکورٹی اداروں کا ساتھ دینا ہو گا،ڈپٹی کمشنر

ہفتہ 18 فروری 2017 12:53

رحیم یارخان۔18 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 فروری2017ء)ڈپٹی کمشنر رحیم یار خان جمیل احمد جمیل نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف پوری قوم کو سیکورٹی اداروں کا ساتھ دینا ہو گا، جب تک عوام اپنی صفوں میں موجود دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خاتمے کے لئے سیکورٹی اداروں کا ساتھ نہیں دیں گے اس وقت تک امن وامان کا قیام نا ممکن ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی پی او ذیشان اصغر کے ہمراہ ضلع کی مجموعی سیکورٹی کے حوالہ سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ ہمیں ہمارے اندر موجود پوشیدہ دشمنوں کا سامنا ہے جس کی مدد سے دہشت گرد اپنے مذموم مقاصد کی تکمیل میں کامیاب ہوتے ہیں، عوام اپنے ارد گرد ہونے والی سرگرمیوں اور افراد پر نظر رکھیں اور کسی بھی مشکوک سر گر می کی صورت میں فوراً پولیس کو مطلع کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ضلع میں عوامی اجتماع کا انعقاد پولیس کی اجازت سے مشروط ہو گا بغیر اجازت کسی کو بھی ضلع میں کسی قسم کے اجتماعات کرنے کی ہر گز اجازت نہیں دی جائے گی۔انہوں نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ اپنی تحصیلوں کے ایس ڈی پی اوز کے ہمراہ مل کر تمام عوامی مقامات، عبادتگاہوں، مزارعات سمیت دیگراہم مقامات کی سیکورٹی کا از سر نو جائزہ لیں۔

ڈی پی او ذیشان اصغر نے کہا کہ پولیس کے جوان اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر شہریوں کی جان ، مال اور عزت کی حفاظت کے لئے دن رات کوشاں ہیں ، انہوں نے کہا کہ تمام ایس ڈی پی اوز اہم مقامات کی سیکورٹی یقینی بناتے ہوئے ماتحت عملہ کو ذمہ داری ذمہ داری پوری طرح نبھانے کی ہدایت دیں، سیکورٹی امور میں غفلت یا کوتاہی ہر گز برداشت نہیں کی جائے گی ، کوئی بھی شخص قانون سے بالا تر نہیں پولیس اہلکاران جاری ہدایات پر مکمل عملدرآمد کریںجبکہ عوام میں سیکورٹی اداروں کے دست بازو بنتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں اپنا کردار ادا کریں اور کسی بھی انجان شخص کی فوری اطلاع پولیس کو فراہم کریں۔

رحیم یار خان میں شائع ہونے والی مزید خبریں