بھینسوں کے باڑے کیٹل کالونی منتقل ہونے سے ہی سکھر میں ڈرینج کا مسئلہ حل ہو گا ، کمشنر سکھر

منگل 24 جنوری 2017 21:57

سکھر۔ 24جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جنوری2017ء) کمشنر سکھر ڈویژن محمد عباس بلوچ نے کہا ہے کہ بھینسوں کے باڑوں کی سو فیصد کیٹل کالونی منتقلی سے ہی سکھر شہر میں ڈرینج کے مسئلہ کاحل ممکن ہو سکے گا ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے آفس کے کمیٹی روم میں کیٹل کالونی کے متعلق طلب کئے گئے اجلاس کی صدارت کے دوران کیا ۔ کمشنر سکھر نے کہا کہ اندرون شہر بھینسوں کے باڑوں کی موجودگی میونسپل قوانین کی خلاف ورزی ہے جس سے بالخصوص بچوں اور حاملہ خواتین میں بیماریاں پھیلتی ہیں ، اجلاس کے دوران ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر وحید اصغر بھٹی نے بتایا کہ کیٹل کالونی میں 70فیصد تک الاٹمنٹ غیر متعلقین کو کی گئی ہے جن کے پاس ایک بھینس بھی موجود نہیں ہے علاوہ ازیں اس کے باڑے مالکان وہاں غیر قانونی گھر بنا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

کمشنر سکھر محمد عباس بلوچ نے ڈپٹی کشنر سکھر کو ہدایت کی کہ وہ سکھر شہر سے فوری طور پر بھینسوں کے باڑوں کو کیٹل کالونی منتقل کریں اور غیر متعلقین کو قانونی نوٹس دے کر ان کے الاٹمنٹ منسوخ کئے جائیں اور ان پلاٹس کو نیلامی کے ذریعے دیا جائے تا کہ کسی کے ساتھ کوئی ناانصافی نہ ہو اور تمام الاٹیز کی لسٹیں فراہم کی جائیں ۔ کمشنر سکھر نے ہدایت کی کہ باڑوں کو شہر سے منتقل کرنے کے لئے انتظامی کمیٹی بنائی جائے تا کہ الاٹمنٹ اور منتقلی کے عمل کو صاف و شفاف بنایا جا سکے۔

سکھر میں شائع ہونے والی مزید خبریں