Episode 13 - Aurat By Qalab Hussain Warraich

قسط نمبر 13 - عورت - قلب حسین وڑائچ

13-2-14 بوقت : 3بجے نصف شب
گھر والی 
گھر وہ ہوتا ہے جس میں گھر والی ہو ورنہ رہائش گاہ ہوتی ہے آرام گاہ نہیں … عورت کے دل میں جب تک خاوند کا گھر نہ ہو وہ کبھی آباد اور شاد گھر نہیں ہوتا … جب تک میاں اور بیوی ایک دوسرے کو دل میں بساکر نہ رکھیں وہاں کبھی سکھ اور چین نہیں ہوتا … وہاں کبھی رحمت کے فرشتے نہیں اترتے … وہاں کواڑوں کے پیچھے شیطان اپنے نمائندے متعین کر دیتا ہے … رویوں کا کھڑاک اور مزاجوں کے تصادم کی آوازیں آتی رہتی ہیں … گھر کے درودیوار لرزتے ہیں … وہاں سے سکون اڑ جاتا ہے وہاں چمگادڑ رویے اپنے مسکن بنا لیتے ہیں ۔
عورت عقل مند ہو تو بیوقوف مرد کے ساتھ گزارا کر سکتی ہے مگر عقل مند مرد بیوقوف اور احمق عورت کے ساتھ گزارا نہیں کر سکتا کیونکہ گھر سے باہر کیسے گزارا کرتا ہے … زندگی میں گھر ایک مرکز ہے … گھونسلہ نہ ہو تو پرندہ کی بھی کوئی زندگی نہیں … عورت کا گھر نہ ہو تو اُس کاکچھ نہیں ہوتا … اُس کا گھر بھی مرد کے دل میں ہونا چاہئے تب وہ گھر میں خوش و خرم رہے گی ورنہ … ورنہ قفس بے در … گھر والی کی عقل گھر کی دولت ہوتی ہے جو گھر کے ہر معاملہ میں ترجیحات کو اولیت دیتی ہے جو فضول خرچی کو سماج جرم سمجھتی ہے ۔

(جاری ہے)

عورت اگر چاہے تو مہنگائی نہیں ہو سکتی ‘ رسوائی نہیں ہوتی ‘ تباہی نہیں ہوتی … چاہے تو گناہ نہیں ہو گا ‘ جرم نہیں ہو گا … اِس کے رویے پتھر کو موم بنا دیتے ہیں سچی اور یقین والی گھر والی ہو ۔ گھر والی اگر فضول خرچ اور آوارہ مزاج ہے تو پھر اندر والی کم اور باہر والی زیادہ ہوتی ہے پھر اُسے اُس کی پرواہ نہیں ہوتی جو جھوٹ فراڈ اور طریقہ حرام اور ناجائز سے اُس کی غیر ضروری ضروریات پوری کرتا ہے اور اُسے آسودگی سے تعبیر کرتا ہے … گھر آباد گھر والی سے ہے اور اُس کے پاکیزہ رویوں سے … اُس کے حوصلہ اور صبر سے … گھر والی جو خاوند کو حوصلہ دیتی ہے اُس میں ایک قوت الٰہی ہوتی ہے … اُس کا آدھا مشورہ مرد کے پورے فیصلہ کو مضبوط بناتا ہے … جو گھر والی کو معمولی سمجھتے ہیں وہاں گھر کی بنیادیں کمزور ہو جاتی ہیں … وہاں پرورش پانے والے بچے بے مزاج بن جاتے ہیں ۔
گھر والی اگر عقل کے زعم میں مبتلا ہو جائے تو سمجھ لو گھر کسی مہلک بیماری میں مبتلا ہونے والا ہے … جتنی ہے اُتنی استعمال کرے … اُس کے پاس آدھی ہے لہٰذای آدھی پر اُس کا حق بنتا ہے … آخری فیصلہ گھر والے کا ہونا چاہئے تو گھر بچے گا ورنہ اگر پورا نہیں تو آدھا ضرور برباد ہو گا … پورا گھر خاوند کا ہوتا ہے اور آدھا گھر والی کا … کیونکہ وراثت میں وہ آدھی ہے ۔
اے گھر والو ! اپنے گھر کو گھر سمجھو تو گھر بچے گا ورنہ بچے اور گھر دونوں غیر محفوظ رہیں گے … پرندوں کی طرح وقت پر گھر لوٹ آؤ … گھر والوں کو معلوم ہو کوئی گھر والا ہے اکیلی گھر والی گھر کا سارا بوجھ نہیں اٹھا سکتی … گھر سنبھالنا عبادت ہے … عبادت … اجڑ جائے دنیا اور آخرت دونوں برباد … !
###
22-2-14 بوقت : 2بجے شب
عورت گھر سے ہے اور گھر عورت سے ہے وہ گھر گھر نہیں جہاں عورت نہیں … عورت کی وجہ سے ہی گھر جنت ہے اور اِسی کی وجہ سے جہنم ہے … عورت کا دوسرا نام گھر کی عزت ہے ‘ توقیر ہے ‘ بہار ہے ‘ حسن ہے ‘ وقار ہے ‘ احترام ہے بلکہ عورت ہی گھر کی مالک ہے بے شک اِس کا کوئی گھر نہیں ہوتا … پہلے باپ کا گھر ‘ پھر خاوند کا گھر ‘ پھر بچوں کا گھر … جگہ اِس کے بغیر کوئی گھر ‘گھر نہیں … اصطبل ہے ‘ اصطبل … !!!
###
نیک عورت مرد کا سرمایہ حیات ہے ورنہ زندگی میں موت … بلکہ زندگی موت اور بیماری لا علاج سے بدتر … !!!
###
عورت کا جہاد اُس کے باورچی خانہ میں ہے ۔
###
جو اچھی بیوی ہے وہی اچھی ماں ہو گی ۔
###
اُس عورت سے زیادہ کوئی قابل احترام نہیں جو ساری زندگی شوہر پرستی میں گزار دے اور صلہ نہ مانگے ۔
###
مرد کی نیک بختی اور بد بختی کا انحصار عورت کے رویوں پر ہے … جب وہ گھر میں داخل ہو تو اُس کا مزاج کیسا ہو … یہ عورت کے مزاج پر منحصر ہے۔
###
شادی خدا کی نعمتوں کا روحانی کھیل ہے ۔
###
اگر گھر برباد ہونے لگے تو خاوند کو بہرہ ہو جانا چاہئے اور بیوی کو اندھا … 
###
22-2-14 بوقت : 2:15بجے شب
زیادہ عقل مند عورت زیادہ بیوقوف سے زیادہ نقصان دہ ہے … بیوقوف اگر دودھ میں پانی ڈالتی ہے تو عقل مند پانی میں دودھ ڈالتی ہے ۔
###
زندگی کے ہر معاملہ میں خاوند کو چاہئے آدھے حصہ میں اُسے شامل ضرور کرے اِس طرح اُس کا ذہنی ‘ روحانی ‘ قلبی اور جسمانی بوجھ ہلکا ہو جائے گا ۔
###
عورت کا سب سے کمال روپ شریک حیات ہے … نیک ہو تو دل و دماغ پر حکمرانی … بدبختی کا انتخاب کرے تو عذاب زندگی … !!!
###
عورت کے آنسوؤں میں جو طاقت ہے وہ مرد کے بازوؤں میں کہاں … یہ اُس کا وہ ہتھیار ہے جس سے مرد کا دل فتح کرتی ہے ۔
###
جیسے انسان کے سینے میں دل ہوتا ہے عورت معاشرے کے سینے میں دل کی طرح دھڑکتی ہے ۔
###
عورت کی کمال ترین خوبی حیاء ہے ۔
###
عورت کے رویوں میں ایک موسیقی ہے اور آواز میں اک سوز … مرد کو جس کی ضرورت ہے ۔
###
عورت ایک پاکیزہ تمثیل ہے … مرد سارے خواب اِس ہستی میں دیکھتا ہے ۔
###
عورت حکمرانی نہیں ہوتی بلکہ مملکت ہوتی ہے ۔
###
عورت زبان بند رکھے تو حور … کھولے تو فساد … !!!
###
22-2-14 بوقت : 3بجے شب
عورت دل کے قریب سے نکلی ہے اِس لئے کسی نا کسی کے دل میں گھر بنا کر رہتی ہے … فاصلہ اِس کے دل میں بھی کوئی گھر والا ہوتا ہے ۔
###
عورت محبت کا جوہر لطیف ہے … مرد عورت کی آواز سے اپنی روح کا رزق حاصل کرتا ہے … عورت کی آواز مرد کی سماعتوں کی زندگی ہے ۔
###
عورت کا کمزور سہارا بھی مرد کی زندگی والی عمارت کو گرنے نہیں دیتا… 
###
عورت اگر عورت رہے تو حور اور اگر مرد بننے کی کوشش کرے تو شیطان بلکہ اُس کی نانی اماں ۔
###
عورت کا حسن نہ راتوں کو خود سوتا ہے اور نہ مرد کو سونے دیتا ہے ۔
###
عورت ایک ایسا تریاق ہے جو مرد کے اندر کا زہر بے اثر کر دیتا ہے ۔
###
عورت مرد کی مردانگی کو زندہ رکھنے کی ضمانت دے سکتی ہے ۔
###
عورت خود جنت ہے مگر مرد کو جہنم میں بھیج سکتی ہے اگر اِس میں حیاء اور کردار کی طاقت نہ ہو تو یہ خود جہنم ہے ۔
###
عورت مرد کی زندگی میں روشنی ہے ورنہ ساری زندگی اندھیرے میں گزار دے
###
عورت صحیفہ حیات کی بہترین داستان حقیقت ہے ۔
###
عورت وہ کتاب ہے جس کی کوئی شرح نہیں کر سکتا ۔
###
گھر اور رہائش گاہ کے فرق کا نام عورت ہے ۔
###
عورت جنت اور دوزح تقسیم کرتی ہے ۔
###
کائنات کا سارا حسن عورت کی مسکراہٹ کا صدقہ ہے … خدا نے عورت کی محبت کا حوالہ دیا ہے ۔
###
جس نے عورت کو سمجھ لیا اُس کے ادراک کے دریچے کھل گئے ۔
###
عورت کا مشورہ دل سے ہوتا ہے اور مرد کا دفاع ہے … کون سا اچھا ہے اِس کا آپ جواب دیں ۔
###
عورت وہ بستی ہے جہاں رہنے والے سب مجذوب بن جاتے ہیں ۔
###
عورت کم علم نہیں ہوتی کم عقل ضرور ہے ۔
###
مرد کی روح میں ایک عورت ہوتی ہے اور عورت کی روح میں ایک مرد … ورنہ دنیا بے معنی اور بے لذت … !!!
###
عورت کے پاس آنسوؤں کے دلائل ہیں جس کے سامنے فطرت کے سارے قانون خاموش ہیں ۔
###
عورت کا پاکیزہ کردار مرد کے لئے ایک قیمتی ہیرا ہے ۔
###
میں نے اپنا سارا ادب ‘ فلسفہ اور منطق عورت کے مطالعہ سے پایا ہے یہ وہ کتاب ہے پڑھنے میں آسان مگر سمجھنے میں مشکل ہے ۔

Chapters / Baab of Aurat By Qalab Hussain Warraich