Episode 25 - Aurat By Qalab Hussain Warraich

قسط نمبر 25 - عورت - قلب حسین وڑائچ

14-6-14 بوقت : 8بجے صبح
وجودِ زن
عورت اگر اپنے آپ کو دریافت کر لے تو کیا وہ بھیڑ بکریوں کی طرح بازاروں میں بکے … کیا اُس کی عصمت سر بازار نیلام ہو … نہیں … نہیں … جو عورت اپنی پہچان کھو دیتی ہے وہی بدنام ہوتی ہے … عورت کمزور ہے مگر وہ جو بے کردار ہے ‘ جس میں حیاء نہیں … عورت کی حیاء میں ایک طاقت الٰہیہ ہے جس سے مرد خوف کھاتا ہے ‘ بے شک کتنا بھی درندہ ہو آخر آدمی ہی ہے نا … مرد کے اندر عورت کا ایک خوف چھپا ہے … عورت جب اُس کا خوف اتار دیتی ہے تو وہ درندگی پر اتر آتا ہے … بلکہ اِس سے بھی کم درجہ پر … درندوں کے بھی کوئی اصول ہوتے ہیں … مرد کا عورت کے بارے میں کوئی اصول نہیں مگر اُس عورت کے بارے میں جو اپنی پہچان اور حقیقت کھو چکی ہے … وہی عورت سر بازار بکتی ہے … جو سایہ عافیت کو بے معنی سمجھتی ہے … عورت مظلوم ہے مگر کمزور نہیں … عورت کی آنکھ میں جو نور ہے اُس کی حیاء سے مرد ڈرتا ہے ۔

(جاری ہے)

عورت کو روحانی اور ذہنی طور پر دلیر اور بہادر ہونا چاہئے … جسم طاقتور نہیں ہوتے اُس میں پائی جانے والی وہ قوت ہوتی ہے جو خدا نے عطا کی ہے ۔
وہ مرد بے غیرت اور بے حیاء ہے جو عورت کو فروخت کرتا ہے وہ خدا کا مکروہ اور خناس باغی ہے … جو عورت کی جسم فروشی کی کمائی کھاتا ہے … عورت نیلام ہونے کے لئے پیدا نہیں ہوئی وہ نسل انسانی کی ضمانت ہے ‘ وہ شیشہ دان میں رکھنے کے لئے نہیں ہے دنیا کا حسن اُس کے پاک رویوں سے قائم ہے … گھر کا نام اُس نے گھر رکھا ہے ورنہ جہاں صرف مرد رہتے ہیں اُس کا نام سرراہ ہے … سرائے ہے ۔
جس گھر میں عورت نہیں وہ گھر نما ہوتا ہے ۔
اسلام عورت کی عظمت کا ضامن ہے اور جو اِس ضمانت کی حفاظت نہیں کرتا وہ مسلمان نہیں … صرف کلمہ پڑھنے سے مسلمان بننا آسان ہے ۔ اسلامی اصولوں کی حفاظت کرنا ‘ قائم رہنا اصل مسلمانی ہے جس پر انسانیت فخر کرے!
اے عورت ! اپنے آپ کو دریافت کر خدا نے تجھے اُس جوہر لطیف سے نوازا ہے جو مرد کی کمزوری ہے … مرد صرف تیرے کمزور رویوں سے ناجائز فائدہ اٹھاتا ہے … جب تیری آنکھ کھلی ہو گی تو مرد کی بند ہو جائے گی … ! مردہ ضمیر مرد عورت کی کمائی کھاتے ہیں … عورت نے بچپن میں مرد کی پرورش کی ہے … عورت عظیم تر ہے اگر عورت ہے ۔
###
15-6-14 بوقت : 8:35بجے صبح
عورت کے وجود کی جو مہک ہے وہ مرد کے وجود کی زندگی ہے … لمس میں جو لذت ہے وہ کائنات کی لذتوں کی ملکہ ہے … آواز میں جو سوز ہے مردانہ آواز کی غذا ہے … جو ادا ہے مرد کی وہ کمزوری ہے … رفتار میں جو بانک پن ہے وہ کشش ثقل کا عکاس ہے … عورت ‘ عورت ہو اپنی ذات کی پہچان رکھتی ہو … یہ جانتی ہو وہ کتنی لذت پرور ہستی ہے ۔
نیک میاں بیوی کے درمیان جو وقت گزرتا ہے وہ بے دلیل عبادت کی طرح ہے … حکم خدا کی جب تعمیل ہوتی ہے ۔
###
8-6-14 بوقت : 9بجے صبح
چادر اور چاردیواری عورت کی عظمت اور عصمت کے قلعے ہیں مگر دور حاضر کی عورت اِسے زندان تصور کر رہی ہے … وہ آزادی کے مفہوم سے آگاہ نہیں آزادی یہ ہے کہ وہ فکر روزگار سے مبّرا ہے … خالق نے مرد اور عورت کے درمیان ذمہ داریوں کو برابر تقسیم کر دیا ہے … عورت خود اگر زیادہ بوجھ اٹھانا چاہے تو یہ اُس کا اپنا غیر فطری عمل ہے … اولاد کی تربیت اُس کے ذمہ اور رزق کی ذمہ داری مرد کے ذمہ … !!!
###
مائیں وہی کامیاب ہوتی ہیں جن کی خاوندوں کے ساتھ ذہنی ہم آہنگی ہوتی ہے … جو متنازعہ معاملات میں اولاد کی طرفداری نہیں کرتیں بلکہ ہرمعاملہ میں خاوند کا فیصلہ حتمی قرار دیتی ہے … عورت کو مشورہ دینا چاہئے مگر اپنے موقف پر ضد نہیں کرنی چاہئے … ورنہ توازن بگڑ جائے گا ۔
###
22-6-14 بوقت : 6بجے صبح
جو بیوی اچھی ہے وہی بچوں کی ماں اچھی ہو گی … ماں بننے سے پہلے ہر عورت بیوی ہوتی ہے … اچھی بیوی دنیا میں جنت … !!!
###
24-6-14 بوقت : 4:50بجے صبح
جو عورت جوانی میں اپنی خوشی کو فریب دینے کے لئے کئی بار دلہن بنے وہ دربدر کی بھکارن بن جاتی ہے … وہ محتاج زندگی بسر کرتی ہے اُس کا آخیر بڑا خراب ہوتا ہے … بہت گھر ہوتے ہیں مگر وہ بے گھر ہوتی ہے … جوانی کی غلطیاں ساری زندگی اُس سے خراج مانگتی ہیں ۔
عورت جو صبر اور شکر کے ساتھ ایک بار دلہن کے روپ میں زندگی بسر کرتی ہے زندگی کے کسی نا کسی حصہ میں اُسے حقیقی خوشی ضرور ملتی ہے … خدا کسی کے بلند حوصلہ کا صلہ نہیں رکھتا … شرط صبر ہے … انتقام نہیں … !!!
جو عورت کئی بار دلہن بنتی ہے وہ کسی کی نظر میں بھی دلہن نہیں ہوتی … وہ ٹھنڈے اور سکون بخش سایہ سے محروم رہتی ہے ۔
زندگی مرضی سے گزارنے کا نام زندگی ہے مگر زندگی سے ناانصافی زندگی معاف نہیں کرتی … وہی لوگ زندگی میں کئی بار مرتے ہیں جو اپنی زندگی پہ خود ظلم کرتے ہیں … جوانی کی غلطی بڑھاپا میں معاف نہیں ہوتی … جوانی میں ہی توبہ زیب دیتی ہے … سارے کھانے کھا کر جو پرہیز کرتے ہیں وہ کبھی صحت یاب نہیں ہوتے ‘ افسوس کھیت کے اجڑنے سے پہلے کرنا چاہئے … کاش کی گنجائش ذہن میں مت رکھو … زندگی ہے کتنی … !!!
###
21-6-14 بوقت : 4:10بجے صبح
عورت کا قہر و غضب اپنا ہی گھر برباد کرتا ہے … عورت وہ جنس ہے جو اپنا سارا سکون برباد کر کے سکون تلاش کرتی ہے … جب گھر میں محاذ آرائی پر اتر آتی ہے … جب مرد کی اہمیت کو کم کرتی ہے تو اِس کی رسوائی کا سفر شروع ہوتا ہے … جب اپنی بالادستی کو تسلیم کروانے کی کوشش کرتی ہے ۔
###
24-6-14 بوقت : 6:40بجے صبح
عورت کے پاس اُس کا سب سے قیمتی سرمایہ حیاء ہے جب وہ حیاء کا لباس اتار دیتی ہے تو وہ لباس میں بھی بے لباس ہوتی ہے اور اُس کی شیریں زباں میں بھی زہر ہوتا ہے … بے شک اُس کے مکروہ چہرے پر حسن کا پردہ ہو ۔
مرد بھی بے حیاء ہو جائے تو مرد نہیں رہتا جب اُس کے اندر کوئی حیوان ظاہر ہوتا ہے … مرد اور عورت دو مقدس نام ہیں اور اِن کی عظمت کا نام انسان ہے … انسان اسم عام ہے ۔
دنیا بڑا عجیب میدان ہے … زندگی کمال کھیل ہے … مرد اور عورت دو کھلاڑی ہیں … نفسا نفسی کا کھیل کھیلا جا رہا ہے … بے خبر مخلوق تماشائی ہے … لوگوں کو معلوم ہی نہیں انہوں نے جانا کہاں ہے … کرنا کیا ہے … بے منزل سفر پر سارے مسافر رواں دواں ہیں … سارے فنا کے راستوں پر چل رہے ہیں … کسی کے پاس زادِ راہ نہیں ہر ایک کی روح ہانپ رہی ہے … ہر ایک کا جسم خاک کی امانت ہے … دنیا کا میلہ عجیب ہے کوئی آ رہا ہے کوئی جا رہا ہے … ہر کوئی اپنے یقین کو کھا رہا ہے … وادی موت کی طرف بڑھ رہا ہے … مگر بے خبر ہے اِس لئے ظلم کر رہا ہے پیٹ کی آگ بجھا رہا ہے … کھلی آنکھوں سے غلط راستوں پہ جا رہا ہے … مرد اور عورت دنیا کے میدان کے عظیم کھلاڑی ہیں ۔
معصوم بچے تماشائی ہیں ۔
###
24-6-14 بوقت : 7بجے صبح
وہ عورت جو محل نما گھر میں رہتی ہے ‘ چادر اور چاردیواری کا تقدس اُس کے نزدیک بے معنی ہے … اگر وہ مطمئن نہیں تو اُس سے بدتر زندگی بسر کرتی ہے جو عام سے گھر میں رہتی ہے مگر اطمینان کی دولت سے مالا مال ہے … جس کی زندگی خاوند اور بچوں کے لئے وقف ہے … عورت کی عظمت اُس کی چاردیواری میں جہاں وہ اپنے فرائض منصبی احسن طریقہ سے ادا کرتی ہے … عورت کا سارا حسن اُس کے پاکیزہ رویوں میں ہے وہ کہیں بھی رہے … اپنی حیاء کی حفاظت کرے … بس عورت ‘ عورت رہے ‘ مرد بننے کی کوشش نہ کرے ورنہ رسوا ہو جائے گی … گھر کے اندر اُس کی بادشاہی ہے اور گھر سے باہر غلامی … غلامی … !!!

Chapters / Baab of Aurat By Qalab Hussain Warraich