Episode 27 - Aurat By Qalab Hussain Warraich

قسط نمبر 27 - عورت - قلب حسین وڑائچ

19-7-14 بوقت, 5بجے صبح
باورچی خانہ کی عورت
جو عورت باورچی خانہ میں نہیں جاتی اُس کا گھر کے ساتھ رشتہ کمزور ہوتا ہے ‘ جو اپنے بچوں کو اپنے ہاتھ کا کھانا نہیں کھلاتی … وہ بچوں کے درمیان رشتہ محبت کو کمزور کرتی ہے … جو اپنے سینے سے عطا کیا ہوا رزق بچے میں منتقل نہیں کرتی وہ فطرت کی باغی ہے … جو بچوں سے زیادہ اپنا خیال رکھتی ہے وہ خود غرض اور خود مرض عورت ہے ۔
دنیا اور آخرت کی سب امانتیں ماں کے پاس ہیں ‘ دیانت ‘ صداقت ‘ شجاعت ‘ ولادت ‘ شہادت کہ قوم کو بچہ کیسا دینا ہے ‘ سماج میں اُس کا کردار کیسا ہو گا … ماں کے نام سے بچہ پکارا جائے گا ‘ یوم حشر اُس کی پہچان ہو گی … !!!
جو عورت بچوں کے بیدار ہونے کے بعد بیدار ہوتی ہے وہ زندگی کے رویے کے خلاف ہوتی ہے … جو بچوں کے سونے سے پہلے سو جائے ۔

(جاری ہے)

بچوں سے پہلے خود کھانا کھائے … بچوں سے زیادہ اپنی ذات سے محبت کرے … اُس میں میں روحانی اور قلبی کمزوریاں ہوتی ہیں وہ گھر کو مضبوط بنیادوں پر کھڑا نہیں کر سکتی … !!!
عورت وہ ہے جو اپنے آپ کو سمیٹ کر گھر میں چلے ‘ جو گھر کو صاف ستھرا رکھے … ایسے جیسے اپنے وجود کو … عورت کی گھر کے معاملہ میں مرد سے دو گنازیادہ ذمہ داری ہے … اُس کا سب وقت عبادت میں صرف ہوتا ہے … اُس کا گھر میں سارا سفر حج کا سفر ہے … ہر وقت اُس کے ہاتھ میں کوئی نا کوئی کام ہو تب جا کر خاندان بنتا ہے … عورت وہ عظیم ہے جو خاندان بناتی ہے ۔
وہ عورت ذمہ دار ہے جو خاوند کا دہلیز پر انتظار کرے ‘ جو حلال کما کر گھر لائے … بچوں کو کھلائے اور پرندوں کی طرح وقت پر گھر لوٹ آئے ۔ عورت بچوں کے لئے اپنی زندگی اور صحت مانگتی ہے … وہ ماں عجیب ماں ہے جو بچوں کی زندگی اپنی موت مانگتی ہے … اُن کے درد کو اپنا درد محسوس کرتی ہے … ماں بننا قدرت کے شرف کی نشانی ہے جو ماں بننے سے نفرت کرتی ہے وہ عورت نہیں ہوتی وہ جبلت کی باغی ہے … باغی … !!!
جو عورت خاندان کے ہوتے ہوئے اکیلی رہنا پسند کرے اُس میں کوئی نا پسندیدہ رویے ہوتے ہیں … جوعورت والے کام کرنے سے اجتناب کرے … عورت خدمت کا ایک مقدم ‘ مقدس نام ہے ‘ جنت میں حوروں کا یہ کام ہو گا اور دنیا میں وہ عورت جنت میں ہے جس کے رویے حوروں جیسے ہیں … جو زندگی کا بہترین حصہ باورچی خانہ میں گزار دیتی ہے … وہ سچی عبادت والی کار گزاری ہے ۔
 
لوگو ! عورت کے روپ بڑے سہانے ہیں … اگر ماں کا روپ خوبصورت ہے تو بیوی کا اِس سے زیادہ ہے ‘ ماں سے بہن پیدا ہوتی ہے اور بیوی سے بیٹی … کس سے زیادہ پیار کرو گے یہ امتیاز بہت مشکل ہے ،یہ امتحان بڑا نازک ہے!
جو عورت خاتون جنت کے نقش قدم پر چلے گی اُس کے نصیب میں دونوں جہانوں کی جنت لکھ دی گئی ہے … عورت فرعون کی بیوی جیسی ہے تو جنت اور اگر حضرت نوح  ‘ آدم ثانی کی بیوی جیسی ہے تو اُس کے لئے جہنم … جہنم … جہنم … !!!
###
21-7-14 بوقت : 4:45بجے صبح
عورت میں کامیابی کے لئے ایک ہی خصوصیت کافی ہے جو خاوند کہے وہی درست ہے … مزاجوں کا تصادم گھر کی بربادی کا سبب … تھوڑی سی درگزر بہت سا اجر … بڑا سا حوصلہ تھوڑا سا صبر زندگی کو آسان بنا دیتا ہے … گھر امن گاہ ہے میدان جنگ نہیں ‘ گھر کی تباہی بسنے والوں کے ناپاک رویوں کی وجہ سے ہوتی ہے ‘ بھوک اور افلاس سے نہیں … غربت اور بیماری سے نہیں … یہ لا علاج نہیں … لا علاج رویے گھروں کو تباہ کرتے ہیں … سمجھدار ‘ حوصلہ مند اور سگھڑ عورت گھر کی محسنہ ہوتی ہے … گھر عورت سے گھر بنتا ہے … مرد تو کوہلو کا بیل ہے … تیل تو رادھا کی ملکیت ہے ۔
###
21-7-14 بوقت : 6بجے صبح
عورت کے ناگوار رویوں کو جو خاوند حسن عمل سے برداشت کرتا ہے اُس کے لئے آخرت کا عذاب کم ہو گا … جو عورت لمحہ بہ لمحہ خاوند کو زچ کرتی ہے وہ اپنے اندر اذیت خانہ بناتی ہے … عورت اور مرد کے درمیان معتدل رویے رشتہ کو مضبوط کرتے ہیں … یہ اتنا مضبوط رشتہ ہے کہ ٹوٹتا نہیں اور اتنا نازک ہے کہ ایک لفظ سے ایسا ٹوٹتا ہے کہ پھر بنتا نہیں … !!!
###
عورت مرد کی صرف ضرورت نہیں اُس کی زندگی کا حصہ ہے اُس کی روحانی ‘ قلبی اور جسمانی انتہائی طلب کا نام ہے … اِس کے علاوہ دو روحوں کا رشتہ ہے دو سوچوں کا ملاپ ہے … افزائش نسل انسانی کی تخلیق کا سبب ہیں دونوں … بلکہ زندگی کے مکمل ہونے کا نام ہے … ایک دوسرے کے بغیر ادھورے ہیں … اِن کے وجود الگ الگ ہوتے ہیں مگر عظیم خواہش ایک ہے جوہر لطیف کی تسکین … !!!
###
جو عورت ہمیشہ اپنی پسند کو ترجیح دیتی ہے اُس کی ازدواجی زندگی غیر متوازن بسر ہوتی ہے ۔
###
4-7-14 بوقت : 8بجے شام
عورت کو آزادی دو مگر حیاء کی بیڑیاں مت اتارو … آزاد عورت وفادار نہیں ہوتی … اِس کی عقل میں فتور ہوتا ہے ‘ اِس کا شعور ناقص ہے اِس لئے یہ زیادہ بولتی ہے ‘ جھگڑا اِس کی جبلت کا حصہ ہے … مشورہ لو مگر عمل اپنی عقل کے مطابق کرو … عورت پر بیرونی ماحول کے اثرات بہت جلد حملہ آور ہوتے ہیں … بہت جلد اثر قبول کرتی ہے … اِس کی وجہ سے فیشن کی دنیا آباد ہے … یہ شو پیس ہے ‘ موجودہ معاشیات نے اِسے اشتہاری بنا دیا ہے ۔
حیاء عورت کا بہترین زیور ہے … سونے سے زیادہ قیمتی مگر کبھی کبھی کوڑیوں میں بیچ دیتی ہے ۔
عورت کے ہی رویے دنیا میں جنت اور دوزخ تقسیم کرتے ہیں … گھر کا امن اور بربادی دونوں اِس کی وجہ سے ہیں … خوشحالی اور بدحالی … عورت کی آزادی گھر کی بربادی … عورت سگھڑ گھر آسودہ … عورت با حیاء گھر جنت نما … عورت مغرور گھرط زیر عتاب … عورت مرد نما رحمت کا فرشتہ در سے باہر … عورت کی احسن عملی دنیا کا لطف و کرم … !!!
###
عورت اپنے آپ کو خوبصورتی کی جھوٹی تسلی دینے کے لئے فیشن کرتی ہے ! خدا نے تو اُسے پہلے ہی حسن کے ساتھ پیدا کیا ہے ۔
###
عورت حیاء میں اور مرد وفا میں رہے تو دونوں کی زندگی بہترین گزرے گی … باہمی اعتماد میں بڑا مزہ ہے … ایک دوسرے کے لئے نیک تمناؤں کی اشد ضرورت ہے ۔
###
عورت جو زیادہ نیند کرتی ہے وہ زیادہ غیر ذمہ دار ہے بہ نسبت اُس کے جو کم نیند کرتی ہے … کم سونے والی عورت زیادہ صحت مند رہتی ہے جو بچوں کے جاگنے سے پہلے جاگ جائے اور سونے کے بعد سوئے … !!!
###
عورت باورچی خانہ میں سب سے زیادہ خوبصورت لگتی ہے مرد ذمہ داری میں 
###
عورت اپنے بہترین رویوں سے معمولی مرد کو غیر معمولی بنا دیتی ہے اور اپنے بد ترین رویوں سے غیر معمولی مرد کو تنکوں سے ہلکا کر دیتی ہے … عورت ہی گھر کا امن ہے اور عورت ہی بربادی … بلکہ سارا گھر اُس کے رحم و کرم پر ہوتا ہے … عورت جب حد سے آگے نکل جائے تو عورت نہیں رہتی … غیر ذمہ دار عورت غیر ذمہ دار مرد سے زیادہ تباہ کن ہے ۔
###
3-8-14 بوقت : 6بجے صبح
جو عورت خاوند کے خلاف محاذ بنا کر اُس کے گھر میں رہتی ہے وہ شکست خوردہ زندگی بسر کرتی ہے … جس کو فتح مبین سمجھتی ہے دراصل وہی شکست فاش ہوتی ہے ۔
###
شوق سے گھر سے باہر کام کرنے والی عورت گھر کے کام کی نہیں رہتی … ایک دفعہ دن میں وہ گھر سے باہر نہ نکلے تو وہ ذہنی بیمار ہو جاتی ہے … گھر اُس کے لئے قید خانہ کی صورت ہوتا ہے … جبکہ گھر جنت کی مانند ہے جو عورت حور کی مانند ہے … جو عورت باہر مہذب نظر آئے اور اندر سے جنگلی ہو وہ عورت نما ہوتی ہے … عورت تو اندر اور باہر عورت ہونی چاہئے … تہذیبی اثرات عورت پر بہت جلد رونما ہوتے ہیں … تہذیب نفس افضل ہے تہذیب حاضر سے … تہذیب حاضر شوقین مزاج ہوتی ہے … فیشن کی دلدادہ … نمائش کی رسیہ نا کہ حیاء نسوانی کی … !!!
###
4-8-14 بوقت : 9بجے صبح
وہ عورت جو صرف اپنے خاوند پہ فخر کرتی ہے وہ زندگی میں کبھی ناکام نہیں ہوتی … جو سرتاج سمجھتی ہے … شکوہ نہیں کرتی … اُس کی بدخوئی نہیں کرتی … جو زندگی اُس کے نام وقف کرتی ہے … جو سچی اور کھری اُس کے بچوں کی پرورش کرتی ہے وہ اصلی اور کھری عورت ہوتی ہے … جو دنیا میں خاوند کا احترام کرتی ہے آخرت میں خدا اُسے احترام والی جگہ عطا کرے گا ۔
###
9-3-14 بوقت : 5:45بجے صبح
زنانہ اور مردانہ روحیں الگ الگ ہیں … عالم ارواح میں ہی اِن کی تخلیق کا فرز ہے اِس وجہ سے اِن کے مزاج ‘ رفتار ‘ گفتار اور لباس الگ الگ ہیں … اِن کی آوازوں میں کش ثقل ہے … بلکہ ہر ذی نفس کے نر اور مادہ کی جبلتوں میں فرق ہوتا ہے یہ نظام قدرت کا معجزہ ہے … !!
مرد اور عورت کی روحوں کے ملاپ سے تیسری روح جنم لیتی ہے عدم سے وجود میں آتی ہے … ایک وجود سے ایک جرثومے کی صورت میں دوسرے وجود میں داخل ہو کر ایک جسم بنتا ہے اور اُس جسم میں جو روح داخل ہوتی ہے وہیں پر اِس کے نر اور مادہ کا یقین ہو جاتا ہے یہ کمال مطلق ہے … نظام قدرت ہے … نظام دنیا اور آخرت ہے … فنا اور بقاء ہے … گھر اور قبر ہے … لباس اور پھر کفن ہے جو اِس سے انکار کرتا ہے وہ مشرک ہے … !!
خالق ذوالجلال نے عورت اور مرد کو بنا کر تمام لذات کو اُن میں اکٹھا کر دیا ہے اور پھر اپنے پیار اور محبت میں سے معمولی سا بیج اِن میں منتقل کر دیا ہے … کبھی قہار اور جبار ‘ کبھی حلیم اور صابر ‘ کبھی تندو تیز کبھی نرم مزاج … کبھی تابعدار کبھی باغی ‘ کبھی خدا سے راضی کبھی ناراض ‘ کبھی شکر گزار کبھی نا شکرا … واللہ کائنات کا یہی سب سے حسین رنگ ہے … اِسی لئے زندگی کی دعا مانگتا ہے خدا کو راضی کرنے کے لئے تو نہیں … !!!

Chapters / Baab of Aurat By Qalab Hussain Warraich