Episode 12 - Aurat By Qalab Hussain Warraich

قسط نمبر 12 - عورت - قلب حسین وڑائچ

25-8-13 بوقت: 6بجے صبح
صفات نسوانی 
عورت کی بہترین صفت اُس کے بہترین رویے اور اُس کا صبر جمیل ہے ۔ عورت دراصل قربانی کا نام ہے … مجازی خدا کے نام پر قربانی … !! مرد کی اصلاح کا نام ہے … انسانیت کی بہترین تربیت گاہ ہے … جس معاشرہ کی عورت حقوق خداوندی کی پیروی کرتی ہے وہ معاشرہ کبھی بد صورت نہیں ہو گا … بہترین عورت کی گود بہترین پرورش گاہ ہے ۔
عورت تابعداری کا چلتا پھرتا وجود ہے … عورت کی انا گھر کی بربادی … عورت کا صبر اور حوصلہ گھر سدا آباد … نسوانی آواز اور وجود گھر کی بہار … اُس کی میٹھی زبان میں شہد سے زیادہ لذت ہے عورت پیار اور محبت کی صفت … خدا کا فرمان ہے ” میں ستر ماؤں سے زیادہ پیار کرتا ہوں “ خدا نے بھی اپنی محبت اور پیار کا حوالہ عورت کے نام کر دیا ہے … عورت اگر شکر گزار ہے تو مرد فرمانبردار ہو گا عورت کا رویہ ہی گھر کی آبادی اور اِس کا رویہ ہی بربادی … کہنے والے کہتے ہیں دولت عورت کے نام اولاد کے نام … !!!
یہ خدا کا فرمان ہے اگر بیٹا رحمت ہے تو بیٹی نعمت ہے … نعمت … رحمت سے افضل ہے … رحمت کبھی کبھی زحمت بن جاتی ہے جب پانی گھروں کے اندر داخل ہو جاتا ہے … فصلیں تباہ ہو جاتی ہیں … بیماریاں پھیلتی ہیں مگر نعمت ‘ نعمت ہی رہتی ہے … خدا کا فرمان ہے ” تم میری کس کس نعمت کا شکر ادا کرو گے “ … عورت کائنات کی سب سے عظیم نعمت ہے جس کی وجہ سے افزائش نسل ہے ‘ دنیا آباد ہے انسانی وجود کا نام دنیا ہے اور اِس وجود کا نام عورت ہے … عورت ۔

(جاری ہے)

عورت کے جوہر لطیف میں زندگی کا وجود ہے … خالق نے جوہر لطیف میں زندگی رکھ دی بلکہ دنیا اور لذات دنیا رکھ دی ہے … عورت ‘ عورت رہے گی تو مرد ‘ مرد رہے تو دنیا میں امن رہے گا ۔
عورت مرد کے وجود کا حصہ ہے … اور ہر مرد کے حصہ میں کوئی نا کوئی عورت ہے نصف عورت کے بغیر مرد نا مکمل … ناقص العقل ‘ مرد کی عقل کو ضیاء بخشتی ہے عورت کی وراثت آدھی ہے مگر اِس کے پورے مشورے کے بغیر کام ادھورا رہتا ہے … !
اگر خالق نے عورت کو پورا حسن دیا ہے تو مرد کو پوری عقل دی ہے مرد نے عقل کی حفاظت کرنی ہے اور عورت نے خدائی حسن کی … عورت کے حسن میں کائنات ہے کیونکہ کائنات کسی کی محبت پہ قائم ہے … یہ خدا کی محبت کا ثبوت ہے ۔
عورت کی حیاء ‘ حیاداروں کے لئے اک مثال ہے … عورت کی حیاء میں معاشرہ کا حسن ہے … وہی معاشرہ تباہ ہوتا ہے جہاں عورت میں حیاء نہیں رہتی … جس نے عورت کو پڑھ لیا اُس کے لئے کوئی دوسری کتاب مشکل نہیں … !!!
جو عورت ترجیحات پر زندگی بسر کرتی ہے وہ کبھی گھر کی مالی مشکلات میں مبتلا نہیں ہو گی … عورت کا سگھڑ پن گھریلو زندگی کو آسان بناتا ہے چاردیواری کے اندر اُس کی حکمرانی اور چادر کے اندر اُس کا نسوانی حسن دوبالا ہوتا ہے … عورت صفات الٰہیہ کی مظہر ہے نیک ‘ صالحہ ‘ پاکیزہ خیالات رکھتی ہو اور کعبہ کی طرح گھر کا طواف کرتی ہو … مسجد کی طرح اُسے پاکیزہ رکھتی ہو تو اُس کی طرف کوئی آنکھ اٹھا کر بھی نہیں دیکھے گا … نقاب بازی نہیں ہونی چاہئے نقاب پوشی اچھا عمل ہے مگر آنکھوں میں حیاء کا ہونا لازمی ہے … عورت فقط عورت نہیں نسل انسانی کی معمار ہے … معمار … یہ قوم بناتی ہے … یہ انسانیت کی تعمیر نو کی ضمانت ہے … ضمانت ۔
###
عورت بے شک وراثت کے لحاظ سے بڑی دولت مند ہو مگر اُس کی اصل دولت خاوند کی تابعداری ہے … مال و دولت اُسے متکبر بنا دیتی ہے اور وہ روحانی قوت کھو دیتی ہے … خاوند کا سایہ اُس کا اصل سرمایہ ہے ۔
###
جس نے عورت کی نفسیات کو سمجھ لیا وہ سب سے زیادہ سمجھدار اور عقل مند ہے وہ روحانی عذاب سے بچ گیا … عورت کو اگر معلوم ہو جائے مرد نے اِسے سمجھ لیا ہے تو وہ دائمی بیمار ہو جائے گی … وہ اپنے جذبات سے مرد کو شکست دیتی ہے طاقت سے نہیں بلکہ روحانی قوت سے … عوت اُس جنس کا نام ہے جو دلیل کی قائل نہیں جذبات سے اور خواہش سے سوچتی ہے … اُس کی مرضی کے خلاف ہر بات غلط اور بے معنی ہے … وہ اپنے ذہن میں اپنی مرضی کا ایک خاکہ بنا کر رکھتی ہے … اُس میں ساری سجاوٹ وہ خود بناتی ہے … وہ روشن دن میں تاریک راستوں کا انتخاب کر ے بھی خوشی حاصل کرنا چاہتی ہے … اُس میں تبدیلی ناگزیر سمجھتی ہے … وہ واحد حل پر یقین رکھتی ہے جو اُس کی سمجھ میں حتمی ہوتا ہے … !! عورت کو اُس نے بھی نہیں سمجھا جس نے اُسے پیدا کیا بے شک وہ پیغمبر ہی کیوں نہ ہو … اور جانتے ہوئے بھی پیغمبر کی بات نہ مانی اور ڈوب کر مر گئی … نوح نے بہت سمجھایا مگر وہ نہ سمجھی اُس کی سمجھ پر باریک پردہ ہمیشہ رہتا ہے لہٰذا بات کرتے وقت احتیاط کرو ۔
###
17-9-13 بوقت: 8بجے صبح
عورت کے حسن کا نام دنیا ہے … اور عورت کے رویوں کا نام جنت ہے … !
###
ماں تجھے سلام … تو میری زندگی کا عنوان ہے … !! جس کو اپنا گھر جنت معلوم ہوتا ہے وہاں کوئی ماں رہتی ہے … یا وہ رہتی ہے جو مجازی خدا کی پرستش کرتی ہے … ! کھانے بھی اُسی ماں کے ہاتھ کے لذیز ہوتے ہیں جو درد روح سے تیار کرتی ہے جو زندگی کا اہم حصہ باورچی خانہ میں صرف کرتی ہے … جو نوالہ نوالہ پر محبت اور مسرت کی نظر رکھتی ہے … کھانے کی خوشبو جس ماں کے ہاتھ میں نہیں اُس نے کہیں نا کہیں ماں نہ ہونے کا جواز پیدا کیا ہے ۔
###
عورت کا جب مجازی خدا پر یقین کمزور ہوتا ہے تو وہ بے راہ ہوتی ہے اور غلط سوچنا شروع کر دیتی ہے … پھر اپنے خلاف فیصلہ کرتی ہے … جو اُ سکی زندگی برباد کر دیتا ہے … !!!
###
23-9-13 بوقت: 4بجے سہ پہر
جو عورت ہار نہیں مانتی وہ زندگی کی بازی ہار جاتی ہے اور جو مرد ہار مان جائے وہ مرد نہیں رہتا … میاں بیوی کے درمیان متوازن رویوں کا ہونا نہایت اہم ہے ورنہ یہ گاڑی حادثہ کا شکار ہو جاتی ہے ۔
###
اچھی بیوی کے مرنے کے بعد بھی اچھا وقت گزارا جا سکتا ہے جس نے زندگی بھر شوہر پرستی کو عبادت کا درجہ دیا ہو … وہ یادوں میں تادم مرگ زندہ رہتی ہے … اُس کی یاد وفا کا عہد ہے ۔
###
30-10-13 بوقت: 5:35بجے صبح
ماں راضی نہ ہو تو جنت نہیں ملے گی … یہ آپ کا عقیدہ ہے … میرا یہ عقیدہ یہ ہے باپ راضی نہ ہو تو تمہاری ماں کو جنت نہیں ملے گی … جس پر مجازی خدا راضی نہیں اُس پر خدا کب راضی ہو گا … خدا بھی دے کر آسان نہیں کرتا اور مجازی خدا بھی کمانا اپنا فرض سمجھتا ہے اور خرچ کرنا ذمہ داری … عورت بہترین صفت تابعداری اور مالک کی مرضی … کھیتی کچھ بھی نہیں یہ مالک کے مرہون منت ہے … مالک اچھا ہو تو کھیتی برباد ہونے سے بچ جاتی ہے … پرانے زمانے میں عورت ‘ عورت سے پوچھتی تھی ” فی تیرا مالک کی کم کردا اے “ … وہ زمانہ اچھا تھا جب خاوند کو مالک کہتے تھے اور بیوی بیٹی کا نام لے کر خاوند سے بات کرتی تھی اور خاوند بیٹے کا نام لے کر بیوی سے بات کرتا تھا … وہ زمانہ نام لے کر بلانے کو معیوب سمجھتا تھا … !
اب زمانہ ہی بدل گیا ہے … مجازی خدا کی ملکیت قرار دینا عورت اپنی توہین سمجھتی ہے اور چھوٹے چھوٹے ناموں سے ایک دوسرے کو بلاتے ہیں اور پیار کہتے ہیں … لوگ جنت کی بات کرتے ہیں یہ نہیں جانتے جنت ہے کیا … وہی گھر جنت ہے جہاں کھیتی مالک کا احترام کرتی ہے اور شوہر پرستی میں زندگی بسر کرتی ہے وہ شوہر جو خدا کی طرح اپنے فرض کو نبھاتا ہے … جو کھیت کی پیداوار کا ہر صورت اور حال میں خیال رکھتا ہے … بتاؤ تو پھر جنت کس کی وجہ سے ملتی ہے … کھیتی یا مالک … جنت رب کی رضا میں ہے جو اُس کی رضا پہ راضی دونوں جہان اُس کے … !!!
###
بیوی وہ ہوتی ہے جو خاوند کے سارے کام کرتی ہے اور اجرت نہیں مانگتی بلکہ خاوند کے بچے پال کر سنبھال کر روحانی خوشی محسوس کرتی ہے دراصل وہ بیوی ہوتی ہے … جو کچھ نہیں کرتی ہوتی وہ بیوی ہے مگر صرف بیوی کی طرح … !!
###
ماں ایسی بنو کہ بچے کہیں کہ ہماری ماں جیسی کوئی ماں نہیں … ایسی ماں کے پاؤں میں جنت ہوتی ہے … جس کی پارسائی کی فرشتے قسم اٹھائیں ۔
###
جب خاوند اور بیوی ایک دوسرے کی روحانی اور جسمانی ضرورت محسوس نہ کریں تو سمجھ لو یہ ایک رسمی رشتہ رہ گیا ہے … جذبہ اور جذبات کی قدر اصل رشتہ ہے … جبکہ یہ کائنات کا کامل رشتہ ہے اور دنیا کا حاصل مقصد … ورنہ دنیا بے معنی ہوتی ہے … !!
###
اِن عورتوں سے پرہیز کرو … جو احسان جتائے … جو ہر وقت سر باندھ کر رکھے … جو ہر وقت فرمائش کرے … جو باتونی ہو … جو ہر وقت میک اپ کرے … جو طلاق یافتہ ہو اور سابقہ شوہر کو یاد کرے … جو شہرت کی خواہاں ہو … جو مردوں کے درمیان معتبر بنے … جو مرد کی آواز سے بلند آواز رکھتی ہو ۔
###
مرد کی زندگی کے مضمون کا مشکل ترین عنوان عورت ہے … جس مرد نے عورت کو سمجھ لیا اُس سے زیادہ اور ذہنی سکھی کوئی نہیں … جو دروازہ کی دہلیز پر مسکرا کر خدا حافظ کہے اور مسکرا کر خوش آمدید … وہ عورت عظیم ہے ۔
###
24-12-13 بوقت: 9 بجے رات
ذاتی زندگی سے باہر جن کی دوسری زندگی ہوتی ہے ایسا مرد ہو یا ایسی عورت اِن سے زندگی گزارنا مشکل ہے جن کے دل میں کوئی اور ہو اور دل کے باہر کوئی اور … !!! ہاری ہوئی زندگی کو اگر جیتنا ہے تو ذاتی زندگی میں دوسری زندگی کو اتنا داخل ہونے دو کہ آپ اپنی زندگی کو محفوظ بنا سکیں … اپنی زندگی کو دنیا کے سمندر میں کشتی کی طرح سمجھو … اِس سفر میں ضرورت کے سامان کو ترجیح دو … غیر ضروری بوجھ مت ڈالو … اطمینان سے اپنا مشن جاری رکھو اور یہ جاننا ضروری ہے آپ کی منزل کون سی ہے … زندگی کی شام کا خوشگوار ہونا ضروری ہے … اپنے اوسان خطا مت ہونے دو … ذہنی طور پر موت سے جنت کے لئے تیار رہو … بے شک انسان نے یہ جنگ ہارنی ہے مگر مرنے سے پہلے مرنا ندامت ہے ۔
###
29-12-13 بوقت: 7بجے صبح
جو عورت سمجھانے سے نہ سمجھے وہ مارپٹائی سے کبھی نہیں سمجھے گی … پھر اُس کو اپنے حال پہ چھوڑ دو ورنہ معاملہ حد سے آگے چلا جائے گا اور واپسی کا راستہ بندہو جائے گا ۔
###
جو عورت ایک آنکھ میں آنسو اور دوسری میں قہقہے رکھتی ہے وہ عام نہیں ہوتی وہ جانتی ہے وہ کیا کہہ رہی ہے اور کیا کرنا چاہتی ہے ۔
###
11-2-14 بوقت : 2:10بجے شب
عورت پانی کے قطرہ میں اُس طاقت اور قوت لایموت کا نام ہے جو مسلسل گرتا رہے تو پتھر میں سوراخ کر دیتا ہے … سماج کی وہ لازوال طاقت ہے کہ اِس کی شکل و صورت ‘ رفتار ‘ گفتار ‘ لباس ‘ لہجہ ‘ انداز ‘ آواز پتھر دل میں سوراخ کر دیتی ہے … اگر چاہے تو کرہ ارض پر گناہ سرزد نہ ہوں … اگر چاہے تو حرام گھر میں نہ آئے … اگر چاہے تو دشمن کو صفحہ ہستی سے مٹا دے … اگر چاہے تو دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ دے … اگر چاہے تو بستی کو اجاڑ دے … اگر چاہے تو امن کے کھیت اُگا دے … اطمینان اور سکون کی فصلیں بو دے … یہ خاوند ‘ یہ بچے … گھر کی ضرورت کو اعتدال میں رکھے … مسلسل اِس کے رویے اگر پانی کے اُس قطرے کی مانند ہوں جو مسلسل پتھر پر گر کر اُس میں سوراخ کر دیتا ہے … اگر اِس کے ارادے مصمم ‘ عزم طاقتور … اگر اصلاح کی ضد پر قائم ہو … اگر چادر اور چاردیواری کی قدر سے آشنا ہو … اگر یہ جانتی ہو اِس کی ہستی میں خدا کا کتنا راز اور طاقت ہے … اِس میں پائے جانے والے جوہر لطیف کی مرد کو کتنی ضرورت ہے … مرد اِس کی محبت سے کتنا متاثر ہوتا ہے … یہ واقعی اُس پانی کے قطرہ کی مانند ہے جو مسلسل گر کر پتھر میں سوراخ کرتا ہے … مگر اِس نے اپنے آپ کو مجبور بنا رکھا ہے … اگر یہ جنت سے نکلوا سکتی ہے تو یہ جنت میں داخل بھی کر سکتی ہے … اِس کے رویوں کا نام جنت اور دوزخ ہے ۔

Chapters / Baab of Aurat By Qalab Hussain Warraich