لیگی رہنماؤں اورکارکنوں کی گرفتاریوں کا معاملہ

لاہور ہائیکورٹ کا غیرقانونی حراست میں لوگوں کو آج 2بجے تک رہاکرنے کا حکم ایسی کوئی حرکت نہیں ہونی چاہیے جس سے سسٹم خراب ہو ‘ عدالت عالیہ

جمعہ 13 جولائی 2018 12:52

لیگی رہنماؤں اورکارکنوں کی گرفتاریوں کا معاملہ
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 جولائی2018ء) لیگی رہنماؤں اورکارکنوں کی گرفتاریوں کیخلاف درخواست پرسماعت کرتے ہوئے لاہور ہائیکورٹ نے غیرقانونی حراست میں لوگوں کو جمعہ کی دوپہر 2بجے تک رہاکرنے کا حکم دیدیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق لیگی رہنماؤں اورکارکنوں کی گرفتاریوں کیخلاف درخواست پرسماعت لاہور ہائیکورٹ میں ہوئی۔ اس موقع پر عدالتی حکم پر ہوم سیکرٹری اور آئی جی پنجاب کلیم امام عدالت میں پیش ہوئے۔

(جاری ہے)

جسٹس انوارلحق نے ریمارکس دیئے کہ کیاآپ کے پاس ان افراد کی کوئی لسٹ ہے جنہیں آپ نے حراست میں لیا جس پر ہوم سیکرٹری پنجاب کا کہنا تھا کہ 141 افراد کو حراست میں لیا گیا۔عدالت کا کہنا تھا کہ جن افراد کو حراست میں لیا گیا ان کی لسٹ فوری عدالت میں دیں۔آئی جی پنجاب کلیم امام نے عدالت میں موقف اپنایا کہ دہشت گردی کے پیش نظر گرفتاریاں کی گئی ہیں جس پر عدالت کا کہنا تھا کہ ایسی کوئی حرکت نہیں ہونی چاہیے جس سے سسٹم خراب ہو اور جولوگ غیرقانونی حراست میں ہیں انہیں آج 2بجے تک رہاکیاجائے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں