ذخیرہ اندوزوں ، ناجائز منافع خوروں اور ملاوٹ میں ملوث افراد کیخلاف سخت کارروائی کر کے انہیں گرفتار کیا جائے، پرویز الٰہی،رمضان المبارک میں سستا راشن سکیم کے تحت آٹا، چینی اور دالوں کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے، ڈی سی اوز ضروری اشیاء کی قیمتوں کے استحکام اور معیار کو برقرار رکھنے اور سپلائی کی صورتحال بہتر بنانے کے لئے جامع ایکشن پلان پرعمل کریں، وزیراعلیٰ پنجاب کا اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو مناسب سطح پر رکھنے کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس سے خطاب

منگل 26 ستمبر 2006 20:54

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26ستمبر۔2006ء) وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے متعلقہ حکام کو ہدا یت کی ہے کہ ذخیرہ اندوزوں ، ناجائز منافع خوروں اور ملاوٹ میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے انہیں گرفتار کیا جائے اور ان کے ساتھ کوئی رو رعایت نہ برتی جائے، رمضان المبارک میں سستا راشن سکیم کے تحت آٹا، چینی اور دالوں کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے-انہوں نے صوبے بھر کے ڈی سی اوز کو ہدایت کی کہ ضروری اشیاء کی قیمتوں کے استحکام اور معیار کو برقرار رکھنے اور سپلائی کی صورتحال بہتر بنانے کے لئے جامع ایکشن پلان پرعمل کیا جائے-وہ گذشتہ روز ایوان وزیر اعلی میں رمضان المبارک کے دوران اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو مناسب سطح پر رکھنے اور سستا راشن سکیم پر موثر عملدرآمد کے حوالے سے اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کررہے تھے-وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ ذخیرہ اندوزی، ملاوٹ ، ناجائز منافع خوری اور مہنگائی پر قابو پانے کیلئے خصوصی مہم کا آغاز کردیا گیا ہے-انہوں نے کہا کہ سپیشل مجسٹریٹس ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کو کنٹرول کرنے کیلئے اپنی مہم تیز کر یں-اچانک چھاپے ماریں اور ذخیرہ اندوزوں اور گراں فروشوں کو گرفتار کریں- انہوں نے کہا کہ حکومت صوبے بھر میں سستے رمضان بازار لگا رہی ہے جہاں عوام کو اشیائے ضروریہ کی سستے داموں فراہمی یقینی بنائی جارہی ہے- انہوں نے کہا کہ حکومت سستے رمضان بازاروں کے سلسلے میں تاجروں کو تمام ضروری سہولیات فراہم کر رہی ہے-انہوں نے ہدایت کی کہ اشیائے ضروریہ کومناسب سطح پر رکھنے کے ساتھ ساتھ ان کے معیار کو بھی یقینی بنایا جائے-انہوں نے کہا کہ حکومت فلور ملوں کو گندم 430روپے فی من کے حساب سے فراہم کررہی ہے جس سے آٹے کے نرخوں میں کمی واقع ہوئی ہے- انہوں نے کہا کہ صوبے بھر میں اشیائے خوردنی کی قیمتوں کو صحیح سطح پر قائم رکھنے کے لئے مانیٹرنگ کے موثر نظام پر عملدرآمد کیا جارہا ہے-چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ سستا راشن پروگرام کے تحت اشیائے ضروریہ بازار سے کم نرخوں پر فراہم کی جارہی ہیں اور حکومت غریب خاندانوں کو ضروری اشیاء کی فراہمی پر 2 ارب روپے جبکہ فلور ملوں کو گندم کی فراہمی پر ایک ارب روپے کی سبسڈی برداشت کررہی ہے- انہوں نے کہا کہ سستا راشن پروگرام سے لاکھوں غریب خاندان مستفید ہورہے ہیں اور یہ پروگرام عوام کو رمضان المبارک میں بھی ریلیف کی فراہمی میں موثر ثابت ہوگا- اس پروگرام کے تحت چینی، دالیں اور آٹا بازار سے کم نرخوں پر فراہم کیا جارہا ہے-انہوں نے کہا کہ ضلعی ناظمین کوہدایت کی کہ اپنے علاقوں میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو اعتدال پر رکھنے کے لئے اپنا موثر کردار ادا کرتے ہوئے مارکیٹوں کے دورے کریں- اجلاس کو بتایا گیا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ نے 10 لاکھ غریب خاندانوں کی نشاندہی کیلئے ویب سائٹ تیار کرلی ہے جس سے اطلاعات کی درست فراہمی ممکن ہوگی اور سستا راشن سکیم کو شفاف انداز سے آگے بڑھانے میں مدد ملے گی-صوبائی وزیر خوراک چوہدری محمد اقبال، چیف سیکرٹری پنجاب سلمان صدیق، چیئرمین پی اینڈ ڈی سلیمان غنی، سیکرٹری صنعت انوار اے خان ، سیکرٹری خوراک محمد احسن راجہ، چیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ رضوان امین شیخ، پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ کے سربراہ خالد خان، چیئرمین پرائس کنٹرول کمیٹی خواجہ طاہر ضیاء اور دیگر اعلی حکام اجلاس میں موجودتھے-