قاضی حسین احمد گرینڈ نیشنل الائنس کی راہ میں رکاوٹ ہیں، جہانگیر بدر، ایسی باتوں میں کوئی سچائی نہیں، قاضی،ایم ایم اے کے صدر نے تاحال چارٹر آف ڈیموکریسی پر دستخط نہیں کئے، پیپلزپارٹی کے سیکرٹری جنرل کی صحافیوں سے گفتگو،پرویز مشرف کی کتاب میں کشمیر سمیت دوسرے قومی امور بارے باتیں قومی موقف سے انحراف ہے، ایم ایم اے جی این اے کی راہ میں رکاوٹ نہیں، قاضی حسین احمد کی صحافیوں سے گفتگو

بدھ 27 ستمبر 2006 23:26

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27ستمبر۔2006ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے سیکرٹری جنرل جہانگیر بدر نے الزام عائد کیا ہے کہ متحدہ مجلس عمل کے صدر قاضی حسین گرینڈ نیشنل الائنس کی راہ میں بہت بڑی رکاوٹ ہیں کیونکہ انہوں نے ابھی تک میثاق جمہوریت پر دستخط نہیں کئے تاہم گرینڈ الائنس بنانے کے حوالے سے گرینڈ الائنس بنانے کے بارے میں حتمی فیصلہ پارٹی ہی کرے گی جبکہ قاضی حسین احمد نے جہانگیر بدر کی طرف سے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اس سلسلے میں ایم ایم اے کی طرف سے کوئی رکاوٹ نہیں۔

بدھ کو یہاں ایک افطار پارٹی کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان پیپلزپارٹی کے سیکرٹری جنرل جہانگیر بدر نے کہا کہ جنرل پرویز مشرف کی کتاب حقیقت کے برعکس ہے اور جنرل ضیاء الحق اور جنرل پرویز مشرف کے خیالات میں کوئی خاص فرق نیں ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی آزادی اظہار پر یقین رکھتی ہے تاہم ہر بات کہنے کا ایک وقت ہوتا ہے۔

جہانگیر بدر نے کہا کہ فیصلہ سازی میں وقت بڑی اہمیت رکھتا ہے اور ان کی جماعیت یہ فیصلہ کرے گی کہ گرینڈ الائنس بنانے کیلئے یہ وقت موزوں ہے یا نہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ گرینڈ الائنس کی تشکیل میں قاضی احمد خود ایک رکاوٹ ہیں اورانہوں نے ابھی تک چارٹر آف ڈیموکریسی پر دستخط نہیں کئے جبکہ پیپلزپارٹی پنجاب کے صدر قاسم ضیاء کا کہنا ہے کہ ایم ایم اے حکومت کی اتحادی جماعت ہے اس لئے وہ بلوچستان اسمبلی میں حکومت کے ساتھ ہے تاہم دوسری جانب قاضی حسین احمد نے جہانگیر بدر کی طرف سے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ وہ گرینڈ الائنس میں ایم ایم اے کی طرف سے کوئی رکاوٹ نہیں۔

قاضی حسین احمد نے صدر مشرف کی کتاب کے حوالے سے کہا کہ صدر جنرل پرویز مشرف کی کتاب میں کشمیر سمیت دوسرے قومی امور پر باتیں قومی موقف سے انحراف ہیں۔ نوابزادہ نصر اللہ مرحوم کی برسی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قاضی حسین احمد نے کہا کہ کسی آرمی چیف کا قومی امور پر کتاب لکھنا کسی طور بھی درست نہیں۔ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ وہ محسن پاکستان ہیں اور ان کیخلاف لکھی گئی باتیں اریکہ کا چشم دید گواہ بننے کے مترادف ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں قاضی حسین احمد نے کہا کہ گرینڈ اپوزیشن الائنس میں ایم ایم اے کی طرف سے کوئی رکاوٹ نہیں اور ایسی باتوں میں کوئی سچائی نہیں جبکہ برسی کے موقع پر نوابزادہ نصر اللہ مرحوم کیلئے فاتحہ خانی اور دعائے مغفرت کی گئی۔