کھاد پر 12ارب 32کروڑ کی سبسڈی دینے کا اعلان ِ چار فصلوں سے ایک کھرب 25 ارب کا اضافی منافع حاصل ہوگا سکندر بوسن

جمعرات 28 ستمبر 2006 16:55

اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین28ستمبر 2006 ) وفاقی وزیر خوراک و زراعت سکندر حیات بوسن نے کہا ہے کہ رواں مالی سال کے دوران 12ارب 32کروڑ روپے کی کسانوں کو کھاد پر سبسڈی دی جائے گی کھادوں کے متوازن استعمال کو فروغ دے کر چار بڑی فصلوں سے ایک کھرب 25 ارب روپے اضافی منافع حاصل ہوگا رواں سال گندم کی چار نئی اقسام متعارف کرائی جارہی ہیں جبکہ اعلی پیداواری صلاحیت کی حامل گندم کی اقسام کی تیاری تین سال میں مکمل ہو جائے گی ۔

جمعرات کو یہاں وزارت میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یوریا کھاد پر سبسڈی دینے سے اس کا استعمال فروغ پا گیا جبکہ فاسفورس اور پوٹاش کھادوں کا استعمال نسبتاً کم ہوگیا لیکن زیادہ پیداوار کے لئے کھادوں کا متوازن استعمال انتہائی ضروری ہے متوازن کھاد استعمال کرنے والے کسانوں کی نسبت عام کسانوں کی فصل 40 سے 70 فیصد کم ہوتی ہے اس لئے حکومت نے پوٹاش اور فاسفورس کی کھادوں پر بھاری سبسڈی دینے کا فیصلہ کیا ہے ڈی اے پی ٹی ایس پی ایس اوپی اور ایم او پی پر اڑھائی اڑھائی سو روپے فی بور ایم اے پی پر 257 ر وپے ایس ایس پی پر 98 اور 109 روپے این پی پر 125 اور 109 جبکہ این پی پر 186 روپے کی سبسڈی دی جائے گی ان کھادوں کی قیمتیں کم کرنے سے حکومت کو 6ارب 18کروڑ کا مالی بوجھ برداشت کرنا پڑے گا جبکہ مجموعی طور پر 12 ارب 32 کروڑ روپے سبسڈی موجودہ مالی سال میں دی جائے گی جبکہ یوریا کھادوں کی قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں لائی جائے گی حکومت نے گندم کی امدادی نرخوں میں 10 روپے فی چالیس کلو گرام کا اضافہ کیا ہے اور آئندہ گند م کی فصل 425 فی چالیس کلو گرام خریدی جائے گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ رواں سال کے دوران گند م کی چار نئی اقسام متعارف کرائی جارہی ہیں سندھ میں ٹی ڈی ون جبکہ پنجاب میں سحر 2006 شفق 2006 اور قریہ 2006 متعارف کرائی جارہی ہے جو نایاب 91 کے بعد اہم ترین اقسام ہوں گی سحر اور شفق گندم کا تحقیقاتی مرکز فیصل آباد کی تیار کردہ ہیں ۔ حکومت نے گندم کی تحقیق کو فروغ دینے کے موثر اقدامات اٹھائے ہیں امریکی ادارے سمٹ میکسیکو میں کام کرنے والے معروف سائنسدان ڈاکٹر مجیب قاضی کو واپس پاکستان لایا گیا ہے اور ان کی سربراہی میں گندم کی پیداوار بڑھانے کے لئے کام کیا جارہا ہے وفاقی سیکرٹری اسماعیل قریشی نے کہا کہ کھادوں کی قیمتوں میں کمی لانے کیلئے سخت مانیٹرنگ کی جائے گی اور ہر صورت میں کسانوں کو اس سے مستفید کردیا جائے گا ۔