Live Updates

حکمران دھاندلی کا ارادہ ابھی سے کرچکے‘ اپوزیشن آئندہ انتخابات میں حصہ نہ لے‘ عمران خان،موجودہ حکومت کیخلاف حقیقی اپوزیشن دسمبر تک آجائے گی ‘ جو پیچھے رہ جائے گا عوام اسے مسترد کردیں گے‘ چیئرمین تحریک انصاف

جمعرات 5 اکتوبر 2006 16:32

اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین05اکتوبر2006) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ فوجی حکمران آئندہ انتخابات میں اپنی مرضی کے لوگ اکٹھے کرنے کا تہیہ کرچکے ہیں اگر اپوزیشن نے انتخابات میں حصہ لیا تو یہ ان کی سنگین غلط ہوگی ان دی لائن آف فائر کتاب کے ذریعے پوری دنیا میں پاکستان کو بدنام کیا گیا ہے۔ اپنے بیان میں عمران خان نے کہا کہ پرویز مشرف کا دورہ امریکہ آئندہ انتخابات کی تیاریوں کے سلسلہ میں تھا جس میں اس نے امریکیوں کو باور کرایا کہ مجھ (مشرف) سے زیادہ کوئی اور اچھی خدمت نہیں کرسکتا انہوں نے کہا کہ اپنی کتاب کے ذریعے صدر مشرف نے ساری دنیا میں پاکستان کو بدنام کیا ہے اور خود اپنے بہت سے جرائم کا اقرار کیا ہے مزید شرمناک بات یہ ہے کہ اپنی کتاب اور بیانات کے ذریعے مشرف نے دنیا میں پاکستان کو ایک ایسے ملک کے طور پر پیش کیا ہے جو پیسے لے کر بے گناہ لوگ امریکہ کے حوالے کردیتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حزب اختلاف ابھی تک مشرف کے حوالے سے واضح حکمت عملی بنانے میں ناکام رہی ہے ایم ایم اے بھی مخمصہ کا شکار ہے اسے بھی اب حکومت کی حمایت یا مخالفت میں سے ایک راستہ اختیارکرنا ہوگا تاہم سب اکٹھے ہوں یا نہ ہوں حقیقی اپوزیشن دسمبر تک آجائے گی اور جو پیچھے رہ جائے گا عوام اسے مسترد کردیں گے انہوں نے کہا کہ بعض جماعتوں کی وجہ سے اسمبلیوں سے استعفے بھی نہیں آسکے تہم اب جلد ہی عوامی حمایت کی حامل جماعتوں کو استعفے دے کر اسمبلیوں سے باہر آنا ہوگا اور عوام کو سڑکوں پر لانا ہوگا انہوں نے کہا کہ عدلیہ آزاد ہوتی تو صدر مشرف آئین کا آرٹیکل 6توڑنے کے جرم میں جیل میں ہوتے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عوام ظلم زیادتی اور مہنگائی کی چکی تلے پس رہے ہیں اور بدقسمتی سے سیاستدان بھی عوام کے دکھوں کا مداوار کرنے اور ان کے حقوق کی آواز اٹھانے میں ناکام رہے ہیں انہوں نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ فوجی جرنیل ملک چلانے کی صلاحیت نہیں رکھتے اور موجودہ حکمران تو ماضی کے آمروں سے بھی نااہل ثابت ہوئے ہیں میں زندگی کے آخری لمحے تک قوم کی خاطر جدوجہد جاری رکھوں گا اور مجھے مخض وزارت یا وزارت عظمیٰ کا لالچ دے کر خریدار نہیں جاسکتا میرا جینا اور میرا مرنا عوام کے ساتھ ہے اور ان کے حقوق کیلئے جدوجہد جاری رکھونگا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات