ملکی سالمیت کیلئے گرینڈ الائنس کا بننا انتہائی ضروری ہے، قاضی حسین احمد،مخدوم امین فہیم اپنی جماعت میں کوئی حیثیت نہیں رکھتے، ذاتی طور پر بلوچستان اسمبلی سے مستعفی ہونے کے حق میں ہوں، منصورہ میں صحافیوں سے بات چیت

جمعرات 5 اکتوبر 2006 23:29

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔5اکتوبر۔2006ء) متحدہ مجلس عمل کے صدر قاضی حسین احمد نے کہا ہے کہ ملکی سالمیت کیلئے سیاسی جماعتوں کاگرینڈ الائنس بننا انتہائی ضروری ہے، پیپلزپارٹی کے تمام اختیارات بینظیر بھٹو کے پاس ہونے کے باعث مخدومامین فہیم اپنی جماعت میں کوئی حیثیت نہیں رکھتے، ذاتی طور پر بلوچستان اسمبلی سے مستعفی ہونے کے حق میں ہوں۔

جمعرات کے روز یہاں منصورہ میں افطارڈنر کے موقع پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے قاضی حسین احمد نے کہاکہ پیپلزپارٹی کے رہنما مخدوم امین فہیم ان کیلئے قابل احترام ہیں لیکن حقیقت یہ ہے کہ مخدومامین فہیم کی پیپلزپارٹی میں کئی اہمیت نہیں کیونکہ تمام اختیارات بینظیربھٹو کے پاس ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ملکی سالمیت کیلئے سیاسی جماعتوں کے درمیان مشاورتی عمل تیز کیا جانا چاہیے اوراس مقصد کیلئے گرینڈ الائنس کا بننا انتہائی ضروری ہے۔

(جاری ہے)

قاضی حسین ن ے کہاکہ ملک میں بدامنی کے خاتمے اور حقیقی جمہوریت کیلئے عوامی بیداری پیدا کرنے کی ضرورت ہے جو موجودہ حکومت کے بس کی بات نہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وہ ذاتی طور پر بلوچستان اسمبلی سے استعفے دینے کے حق میں ہیں لیکن اس چیز کا فیصلہ جمعیت علمائے پاکستان اوردوسری جماعتوں سے مشاورت کے بعد ہی کیا جا سکتا ہے۔

قاضی حسین احمد نے کہا کہ آمریت کے خلاف متحدہ مجلس عمل کا ایک ہی موقف ہے کہ اس کا خاتمہ ضروری ہے اور باوردی صدر کی حکومت کے خاتمے کیلئے اپوزیشن جماعتوں کو متحد ہوجانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں پیپلز پارٹی کا موقف بار بار تبدیل ہوتا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا آج بھی یہی موقف ہے کہ صدر مشرف کی حکومت غیر آئینی ہے اور ہم جمہوری طریقے سے اس کے خلاف جدوجہد کر رہے ہیں۔