اقوام متحدہ ایران کیخلاف سخت سے سخت پابندی عائد کرے، اسرائیل،ایران ایک جنونی ملک ہے ،ایرانی حکمران اسرائیل کی تباہی اور اسرائیلیوں کے قتل عام کی تیاریاں کر رہے ہیں، اقوام متحدہ میں اسرائیلی سفیر

اتوار 15 اکتوبر 2006 20:58

یروشلم (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15اکتوبر۔2006ء) اسرائیل نے الزام لگایا ہے کہ ایران ایک جنونی ملک ہے اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اس کے جوہری پروگرام کے باعث اس کیخلاف سخت سے سخت پابندیاں عائد کرے۔ اقوام متحدہ میں اسرائیل کے سفیر ڈپنی گلرمین نے فوجی ریڈیو کو اپنے خصوصی انٹرویو میں الزام عائد کیا کہ ایران جنونی ملک ہے اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل جوہری پروگرام کے حوالے سے جنونی ایران کیخلاف سخت اقدامات اٹھائے۔

انہوں کہا کہ عالمی برادری شمالی کوریا میں ہونے والے واقعہ سے سبق حاصل کرے اور آئندہ کیلئے متحد ہو جائے۔ ڈینی گلرمین نے کہا کہ شمالی کوریا صرف پیش منظر ہے اور ایران فیچر فلم ہوگا اور اگر کسی نے اس وقت اس کیخلاف سخت ایکشن نہ لیا تو یہ پوری دنیا میں پھیل جائے گا اور دنیا بھر میں جوہری ہتھیار پھیل جائیں گے۔

(جاری ہے)

اسرائیلی سفیر نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل جنونی ایران کیخلاف سخت سے سخت پابندیاں عائد کرے۔

انہوں نے کہا کہ ایران اقوام متحدہ کے رکن ممالک اسرائیل کو تباہ کرنا چاہتا ہے اور وہ ہولوکاسٹ سے مکمل انکار کر کے ایک نئے ہولو کاسٹ کی تیاریاں کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران کیخلاف شمالی کوریا سے بھی سخت پابندیاں عائد کی جائیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ دنوں شمالی کوریا کی طرف سے ایٹمی دھماکے کے اعلان کے بعد اسرائیل نے کہا تھا کہ انہیں خدشہ ہے کہ شمالی کوریا نے ایران کو جوہری ٹیکنالوجی فراہم کی ہے۔