اسرائیلی فوج نے جنوبی غزہ کا علاقہ خالی کرنے کا اعلان کر دیا،غزہ میں امریکی نیوز ایجنسی کاصحافی اغواء ،تاحال کسی گروپ نے ذمہ داری قبول نہیں کی

منگل 24 اکتوبر 2006 19:54

یروشلم ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24اکتوبر۔2006ء) اسرائیلی فوج نے جنوبی غزہ کے علاقے کو خالی کرنے کا اعلان کر دیاہے اور کہا ہے کہ یہاں پر موجود غیر قانونی اسلحہ کیلئے نائے گئے 15 ٹنلز کو تباہ کر دیا گیا ہے۔ تاہم ساحلی پٹی کے شمال میں آپریشن جاری رہے گا۔ فوج کے ترجمان نے منگل کو بتایا کہ مرکزی کمان کی جانب سے مزید احکامات آنے تک شمالی حصہ میں آپریشن جاری رکھا جائے گا۔

اسرائیلی فوج نے ایک ہزار فوجیوں پر مشتمل 2 بٹالیں فوج کو جنوبی غزہ میں مصر کے بارڈر کے قریب تعینات کر رکھا تھا ۔ اسرائیلی حکام کو شبہ ہے کہ مصر غزہ کی سرحد کے ذریعے فلسطینی مجاہدین کو اسلحہ فراہم کرتا ہے۔ اسرائیلی حکام مسلسل فلسطینی حکومت کو خبردار کرتے آئے ہیں کہ وہ مصر س یہتھیاروں کا حصول ختم کر دے ورنہ اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

(جاری ہے)

اسرائیلی فوج نے جنوبی غزہ میں 28 جون کو آپریشن کا آغاز کیا تھا۔ اس دوران 250 فلسطینی اور 2 اسرائیلی فوجی ہلاک ہو چکے ہیں ۔ ادہرغزہ میں ایک فلسطینی مجاہد نے امریکی نیوز ایجنسی اے پی کے فوٹو گرافر کو اس وقت اغواء کر لیا جب وہ اپنی رہائش گاہ سے ڈیوٹی پر جا رہا تھا۔ 37 سالہ امیلو موریا نامی فوٹو گرافر غزہ میں اے پی نیوز ایجنسی کے فوٹو سیکشن کا انچارج ہے۔ ابھی تک کسی گروپ نے اغواء کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔