Live Updates

پرویز مشرف سانحہ باجوڑ کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے مستعفی ہو جائیں چیف جسٹس سانحہ کا از خود نوٹس لیں ۔ عمران خان

جمعہ 3 نومبر 2006 18:40

اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین03نومبر2006 ) پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان نے مطالبہ کیا ہے کہ پرویز مشرف سانحہ باجوڑ کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے فوری طورپر عہدہ سے مستعفی ہو جائیں ورنہ عوام کا غیض وغضب آمریت کو تباہ وبرباد کر دے گا مشرف اپنی وردی اورکرسی کی خاطر پورا ملک بش کو بیچ چکے ہیں اور ہر قومی مفاد پس پشت ڈال دیا گیا ہے اپنے مذمتی بیان میں عمران خان نے اس بیان کو لغو اور جھوٹ کا پلندہ قرار دیا ہے جس میں یہ دعوی کیا گیا ہے کہ باجوڑ مدرسہ میں کوئی معصوم ہلاک نہیں ہوا عمران خان نے کہا کہ مدرسہ میں شہید ہونے والے بیشتر معصوم بچے تھے جو دین کی تعلیم حاصل کرنے میں مصروف تھے اور اسی معصوم انسانوں کا خون حکمرانوں کی گردن پر ہے انہوں نے مطالبہ کیا کہ سپریم کورٹ کے چیف جسٹس سانحہ کا از خود نوٹس لیں اور اعلی سطحی عدالتی تحقیقات کرائیں انہوں نے کہا کہ باجوڑ سانحہ کے حقائق عوام کے سامنے لائے جائیں کیونکہ امریکی میڈیا بھی یہ کہہ رہاہے کہ اصل حملہ امریکی طیاروں نے کیا جس میں بعد ازاں پاکستانی فوج بھی قتل عام میں شریک ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کو فوری طورپر مستعفی ہوجانا چاہیے تاکہ عبوری حکومت کے تحت آزادانہ غیر جانبدارانہ اور منصفانہ انتخابات کے ذریعہ ایسی عوام کی نمائندہ حکومت لائی جائے جو ملکی نظریات اور عوامی خواہشات کے مطابق داخلی اور خارجی پالیسی کی تشکیل نو کریں عمران خان نے کہا کہ اس وقت پورے ملک میں لاقانونیت کا دور دورہ ہے کیونکہ ملک کا صدر خود سب سے زیادہ قانون شکن ہے انہوں نے کہا کہ ملک ے سیاستدانوں اور سیاسی جماعتوں کو ملی غیرت کا ثبوت دینا چاہیے اور جعلی اسمبلی کو خیر باد کہہ کر بش کے وفادار کے خلاف حقیقی تحریک چلائیں اور عوام کو ظلم وستم کی حکومت سے نجات دلائیں انہوں نے کہا کہ پاکستان خصوصا قبائلی علاقوں میں امن وامان امریکہ کے مفاد میں نہیں انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ قوم متحد ہو کر آمریت کا مقابلہ کرے گی ۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات