برطانوی وزیراعظم کا اپنے وفد کے ہمراہ فیصل مسجد کا دورہ قرآن پاک کا انگریزی ترجمہ پڑھ کر اسلام کے حوالے سے آگاہی حاصل کی برطانیہ مسلمان ممالک اور امت مسلمہ کے ساتھ بہتر تعلقات کا خواہاں ہے۔ ٹونی بلیئر کی پاکستانی دانشوروں اور مذہبی سکالروں کے وفد سے ملاقات کے دور ان گفتگو

اتوار 19 نومبر 2006 20:10

اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین19نومبر2006 ) برطانوی وزیر اعظم ٹونی بلیئر نے کہا ہے کہ برطانیہ مسلمان ممالک اور امت مسلمہ کے ساتھ بہتر تعلقات کا خواہاں ہے قرآن پاک میں حضرت موسیٰ اور حضرت عیسی کے حوالے سے اچھے انداز میں ذکر انتہائی متاثر کن ہے انہوں نے کہاکہ قرآن پاک کے انگریزی ترجمہ کو پڑھ کر اسلام کے حوالے سے آگاہی حاصل کی ان خیالات کا اظہار برطانوی وزیر اعظم ٹونی بلیئر نے اتوار کو بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی میں پاکستانی دانشوروں اور مذہبی سکالروں کے وفد سے ملاقات کے دور ان گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

قبل ازیں برطانوی وزیر اعظم ٹونی بلیئر نے اپنے وفد کے ہمراہ فیصل مسجد کا دورہ بھی کیا مسجد کی فن تعمیر اورخوبصورتی کی تعریف کی ۔پاکستانی دانشوروں کے وفد کی قیادت سینیٹ کے خارجہ امور کمیٹی کے سربراہ سینیٹر مشاہد حسین سید نے کی وفد میں جماعت اسلامی کے نائب امیر سینیٹر پروفیسر خورشید احمد اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئر مین ڈاکٹر محمد خالد مسعود چیئر پرسن قومی کمیشن برائے خواتین عارفہ ظہیر اور ریکٹر اسلامی یونیورسٹی شامل تھے ۔

(جاری ہے)

جبکہ برطانیہ میں پاکستان کی سفیر ملیحہ لودھی اور پاکستان میں برطانیہ کے سفیر مارک لائل گرانٹ بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ مشاہد حسین سید نے برطانوی وزیر اعظم سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ عراق فلسطین افغانستان اور کشمیر کے مسائل حل کر انے میں برطانیہ اپنا کر دار ادا کرے بالخصوص مغرب کو افغانستان کشمیر عراق اور فلسطین کے حوالے سے اپنی پالیسی پر نظرثانی کرے بعض مغربی دانشور مسلمانوں کے حوالے سے سخت زبان استعمال کرتے ہیں برطانیہ میں اڑھائی کروڑ سے زائد مسلمان مقیم ہیں جوکہ برطانیہ کی تعمیر و ترقی میں بھرپور کر دار ادا کررہے ہیں مشاہد حسین سید نے برطانیہ وزیر اعظم سے کہاکہ ان کے اقتدار کا ایک سال رہ گیا ہے لہذا وہ کم از کم فلسطین کا مسئلہ حل کے لئے بھرپور کر دار ادا کر کے مشرق وسطیٰ کو قیام امن کا گہوارہ بنا سکتے ہیں ۔

مشاہد حسین سید نے برطانوی وزیر اعظم سے کہاکہ ترقی کو یورپ کا حصہ قرار دیا جائے ۔