مقبوضہ کشمیر بھاتی فورسزکی ظالمانہ کارروایئوں میں خاتون اوردرویش سمیت مزید7کشمیری شہید ایک شدید زخمی،9بھارتی فوجی ہلاک ،بانڈی پورہ میں شہری کا3منزلہ رہائشی مکان دھماکوں سے اڑادیاگیا ،شوپیا ں میں 4 بھارتی فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق، بانڈی پورہ میں 3بھارتی فوجیوں کوہلاک کرنے کے بعد مجاہدین فوج کاکریک ڈاؤن توڑ کرنکل گئے ہائی کورٹ بارایسوسی ایشن کے صدرپرقاتلانہ حملے کے خلاف وکلاء کا عدالتوں سے بائیکاٹ جاری

ہفتہ 25 نومبر 2006 12:23

سری نگر+شوپیاں(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین25نومبر2006 ) مقبوضہ جموں وکشمیر میں گزشتہ24گھنٹوں کے دوران بھارتی فورسزاورمسلح ایجنٹوں نے ایک خاتون، 2 مجاہدین اوردرویش سمیت 7کشمیریوں کوشہید جبکہ مجاہدین نے 9 بھارتی فوجیوں کو واصل جہنم کردیا ۔جیل سے رہائی پانے والے ایک مجاہدکو شدید زخمی کردیا بھارتی فوج نے بانڈی پورہ میں تین منزلہ رہائشی مکان کودھماکوں سے اڑادیا جبکہ مجاہدین بھارتی فوجیوں کا محاصرہ توڑ کرنکلنے میں کامیاب ہوئے ۔

سری نگر سے 65کلو میٹر دور ضلع پلوامہ کے نیل دورہ شوپیاں علاقے میں بھارتی فوج نے ایک بڑا آپریشن شروع کیا ہفتہ کی دوپہر بھارتی فوجیوں اور مجاہدین میں شدید جھڑپ ہوئی جس میں نصف درجن بھارتی فوجی ہلاک ہوگئے ۔ بھارتی فوج کے ترجمان انیل کمار ماتھر اور پولیس کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل ہیمنت لوہیا نے چار بھارتی فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق کی جبکہ دعوی کیا کہ جھڑپ میں لشکر طیبہ کے مجاہد سمیت دو مجاہدین شہید ہوگئے ۔

(جاری ہے)

ضلع بارہمولہ کے بانڈی پورہ علاقے میں بھارتی فوج کی 2گرنیڈیئرزبھٹالین کے اہلکاروں نے رام پورہ گاؤں میں کریک ڈاؤن کے دوران رائیس احمد شاہ ولد غلام محمد نے تین منزلہ مکان کومارٹرشیلنگ سے تباہ کردیا بھارتی فوج نے 2مجاہدین کی ہلاکت کا دعوی کیاتاہم مقامی لوگوں کے مطابق علاقے میں موجودمجاہدین بھارتی فوج کا محاصرہ توڑ کرفرارہونے میں کامیاب ہوگئے بانڈی پورہ کے علاقہ میں بھارتی فوج پر مجاہدین نے دستی بموں سے حملہ کیا اورفائرنگ کی جس دوران 3فوجی ہلاک ہوگئے۔

دچھن کشتواڑ میں بھارتی فورسزکی طرف سے فرضی جھڑپ میں شہید3نوجوانوں کے لواحقین نے الزام لگایاکہ ان کو حراست میں لے کرشہیدکردیاگیا۔سینکڑوں لوگوں نے کشتواڑ میں بھارت کے خلاف اورآزادی کے حق میں مظاہرے کیے۔جنوبی کشمیرکے ترال پانزوعلاقے میں بھارتی ایجنٹوں نے ایک درویش فاروق احمد ڈار ولد اسدللہ کے گھر میں داخل ہوکراسے گولیاں مارکرشہید کردیا۔

بھارتی ایجنٹوں نے کارگل شاہراہ پر کنگن کے علاقے میں ایک خاتون کوگولیاں مارکرشہید کردیا۔کلگام کے علاقے میں بھارتی ایجنٹوں نے جیل سے رہاہونے والے ایک مجاہداحمداللہ پرے ولدعبداللہ کوشالی بگ علاقے میں اندھادھندفائرنگ سے شدید زخمی کردیا جس کے خلاف کلگام میں لوگوں نے بھارتی فوج اوران کے پروردہ ایجنٹوں کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے۔دریں اثناء جموں وکشمیرہائی کورٹ اوردیگرعدالتوں میں وکلاء نے بائیکاٹ جاری رکھا ہوا ہے جس کی وجہ سے عدالتوں کا تمام کام کا ج بری طرح ٹھپ ہوکررہ گیا ہے یہ ہڑتال سرکردہ قانون دان اوربارایسوسی ایشن کے صدرمیاں عبدالقیوم کو بھارتی ایجنسیوں کی طرف سے قتل کرنے کی کوشش کے خلاف کی جارہی ہے۔