قاضی حسین احمد اور مولانا فضل الرحمن کی قیادت میں صوبائی حکومت وزیر اعلیٰ اکرم خان درانی کی سربراہی میں صوبہ سرحدکو ترقیافتہ صوبہ بنانے کے لئے سرگرم عمل ہے،وزیر اعلی ہاؤس کے باہر کے واقعہ سے خوفزدہ نہیں۔شمس الرحمان شمسی

جمعرات 7 دسمبر 2006 17:14

پشاور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین07دسمبر2006 ) وزیر اعلیٰ سرحد کے مشیر شمس الرحمن شمسی نے وزیراعلیٰ کے دفتر کے باہر دھماکہ خیزموادرکھنے کی واردات کو قابل مذمت فعل قرار دیتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ عوام کی خدمت پہلے سے زیادہ جذبے سے کی جائیگی اور ان کے اعتماد پر پورا اترنے کی تمام کوششیں جاری رکھی جائیں گی وہ جمعرات کو اپنے دفتر میں ایک وفد سے بات چیت کررہے تھے وفد نے صوبائی حکومت کی قیادت پر اپنے مکمل اعتماد کا کا اظہار کیا وزیر اعلیٰ کے مشیر نے کہا کہ ارادے نیک اور مقاصدمیں اخلاص ہو تو اللہ تعالی ضرور مدد کرتا ہے اور مومن کبھی موت سے نہیں ڈرتا انہوں نے کہا کہ ہم نے چار سال تک عوام کی فلاح و بہبود کیلئے شب و روزکام کیا اور آنے والے انتخابات میں انشاء اللہ ہمیں دوبارہ عوام کی تائید و حمایت حاصل ہوگی انہوں نے کہا کہ قاضی حسین احمد اور مولانا فضل الرحمن کی قیادت میں صوبائی حکومت وزیر اعلیٰ اکرم خان درانی کی سربراہی میں صوبہ سرحدکو ترقیافتہ صوبہ بنانے کے لئے سرگرم عمل ہے انہوں نے کہاکہ ہمارا ایمان ہے کہ زندگی اور موت صرف الله تعالیٰ کے ہاتھ میں ہے وزیر اعلیٰ ہاؤس کے باہر پیش آنے والے واقعے سے ہم خوفزدہ نہیں بلکہ اس سے مخالف عناصر کے چہرے بے نقاب ہونے میں مدد ملی ہے و زیر اعلیٰ کے مشیر نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں ایم ایم اے شاندار کامیابی حاصل کرے گا اور پورے ملک میں اسلامی نظام کا نفاد ہو گا جس سے ہر طرف خوشحالی امن و امان اور عورتوں ‘ بچوں بوڑھوں سب کے حقوق کا تحفظ ہو گا ۔