صدر جنرل پرویز مشرف کی نگرانی میں انتخابات میں حصہ نہیں لیں گے. مسلم لیگ(ن)،نواز شریف اصولوں پر سودے بازی نہیں کریں گے. حکومت سے کوئی ڈیل نہیں ہوسکتی . اقبال ظفر جھگڑا

ہفتہ 16 دسمبر 2006 11:35

لندن (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین16دسمبر2006 ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما اور اے آر ڈی کے سیکرٹری جنرل اقبال ظفر جھگڑا نے کہا ہے کہ صدر مشرف کے تحت ہونے والے انتخابات میں مسلم لیگ (ن) حصہ نہیں لے گی اور اس پر دیگر اپوزیشن جماعتیں بھی متفق ہیں نواز شریف کبھی بھی اصولوں پر سودے بازی نہیں کریں گے‘ موجودہ حکومت سے کوئی ڈیل نہیں ہوگی اس قسم کی باتیں افواہیں ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز یہاں نجی ٹیلی ویژن سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اقبال ظفر جھگڑا نے کہا کہ صدر مشرف کی موجودگی میں شفاف اور آزادانہ انتخابات ہونے ممکن ہی نہیں ہیں صدر انتخابات میں فریق بن چکے ہیں اور سرعام ایک جماعت کی انتخابی مہم چلا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) موجودہ صدر کے تحت ہونے والے انتخابات میں حصہ نہیں لے گی اور اس پر اپوزیشن کی دیگر جماعتیں بھی متفق ہیں۔

(جاری ہے)

ظفر اقبال جھگڑا نے کہا کہ ہماری جماعت اور قائد نواز شریف کبھی بھی اصولوں پر سودا بازی نہیں کریں گے انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے ساتھ ڈیل کی باتیں افواہیں ہیں حکومت سے کوئی ڈیل نہیں ہوگی اور اس میں پیپلز پارٹی بھی ہمارے ساتھ ہے انہوں نے کہا کہ شفاف ‘ آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کیلئے ضروری ہے کہ غیر جانبدار عبوری حکومت اور آزاد الیکشن کمیشن قائم کیا جائے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ میں ہم آہنگی موجود ہے تاہم اگر پیپلز پارٹی نے حکومت سے ڈیل کی کوئی بات کی تو مسلم لیگ(ن) اس کا حصہ نہیں بنے گی۔