وزیر اعلی اور گورنر سرحدکی ملاقات ،امن وامان کی صورت حال پر تبادلہ خیال ،شہید ڈی آئی جی کے قاتلوں کو گرفتار کرنے کا عزم

منگل 19 دسمبر 2006 18:01

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19دسمبر۔2006ء) صوبہ سرحد کے وزیراعلی اکرم خان درانی نے منگل کی صبح گورنرہاؤس پشاور میں صوبہ سرحد کے گورنر لیفٹیننٹ جنرل(ر) علی محمدجان اورکزئی سے ملاقات کی اورصوبے میں امن وامان کی صورتحال کاجائزہ لیا ملاقات کے دوران ڈپٹی انسپکٹرجنرل پولیس، عابدعلی اوران کے ڈرائیور کی گذشتہ رات پشاور کے نواحی علاقے متنی میں نامعلوم افراد کے ہاتھوں قتل پرگہرا افسوس ظاہرکیا گیا اور اس عزم کا اظہارکیا گیاکہ قاتل کسی طوربھی قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکیں گے ملاقات کے دوران اس امر سے بھی اتفاق کیا گیا کہ عابد علی کے قاتلوں کو کیفرکردار تک پہنچانے کیلئے تمام تر توانائیاں بروئے کار لائی جائیں گی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو اس مقصد کے حصول کے لئے تمام تر ممکنہ اقدامات کرنے کی تاکید کی گئی ملاقات میں مرحوم عابد علی کی خدمات کو بھی سراہاگیا اور یہ بات نوٹ کی گئی کہ پولیس فورس ایک قابل ،ذہین اور بہادر افسر سے محروم ہوگئی جو یقینا ایک بہت بڑا نقصان ہے ملاقات کے دوران صوبے بھر میں امن وامان کی صورتحال بھی زیرغور آئی اور عوام کی جان ومال کی تحفظ کو یقینی بنانے اور جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی کیلئے کوششیں پوری تندہی سے جاری رکھنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا گیا قبل ازیں گورنر اور وزیراعلی نے پولیس لائن پشاورمیں مقتولین کی نمازجنازہ میں شرکت کی ۔

متعلقہ عنوان :