اپوزیشن جماعتوں کا گرینڈ الائنس جلد تشکیل دیا جائے گا، نواز شریف،ملک میں حقیقی جمہوریت کا سورج جلد طلوع ہوگا، لندن میں کل جماعتی کانفرنس کیلئے تمام اپوزیشن جماعتوں کو دعوت دی گئی ہے، مسلم لیگ کے قائد کی جاوید ہاشمی سے ٹیلی فونک گفتگو

اتوار 24 دسمبر 2006 20:15

لندن (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24دسمبر۔2006ء) سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کا گرینڈ الائنس جلد تشکیل دیا جائے گا، ملک میں حقیقی جمہوریت کا سورج جلد طلوع ہوگا، جمہوریت کی بحالی کیلئے جاوید ہاشمی کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، لندن آل پارٹیز کانفرنس کیلئے تمام اپوزیشن جماعتوں کو دعوت دیدی گئی ہے۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے اتوار کے روز مسلم لیگ (ن) کے قائم مقام صدر جاوید ہاشمی سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ نواز شریف نے کہا کہ وہ وقت اب زیادہ دور نہیں جب حقیقی جمہوریت کا سورج ملک میں طلوع ہوگا، آمریت کا دور ختم ہونے والا ہے اور عوام جلد خوشخبری سنیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مخدوم جاویدہاشمی کی جمہوریت کیلئے دی جانے والی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔

(جاری ہے)

ا نہوں نے کہا کہ جاوید ہاشمی نے ایک سچے پاکستانی ہونے کا ثبوت دیا ہے۔ نواز شریف نے کہا کہ اپوزیشن کا گرینڈ الائنس جلد تشکیل دیا جائے گا اس سلسلہ میں مشاورت جاری ہے۔ ا نہوں نے کہا کہ لندن میں آل پارٹیز کانفرنس کیلئے اپوزیشن جماعتوں کو دعوت دیدی گئی ہے اور توقع ہے کہ اسم یں اپوزیشن جماعتیں گرینڈ الائنس کے بارے میں فیصلہ کریں گی۔ نواز شریف نے جاوید ہاشمی کو ان کی بیٹی کی شادی کی مبارکباد بھی دی۔