پیپلز پارٹی کی قیادت اہم قومی معاملات میں دوغلی پالیسی اختیار کر کے ملکی ترقی کے عمل کو نقصان پہنچا رہی ہے ۔ وزیر اعلیٰ پنجاب

جمعرات 28 دسمبر 2006 17:44

لاہور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین28دسمبر2006 ) وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ کی حکومت صدر پرویز مشرف کے وژن اور رہنمائی میں اقتصادی‘ انتظامی اور سیاسی اصلاحات کے زبردست پروگرام پر عمل پیرا ہے جس سے ملک کے نئے دور میں داخل ہو چکا ہے ۔ پیپلز پارٹی بلدیاتی اداروں کی مخالف ہے اس لئے اس نے اپنے دور اقتدار میں کبھی بلدیاتی الیکشن نہیں کروائے ۔

عام انتخابات سے پہلے بلدیاتی اداروں کو توڑنے کے بارے میں پیپلز پارٹی کی قیادت اہم قومی معاملات میں دوغلی پالیسی اختیار کر کے ملکی ترقی کے عمل کو نقصان پہنچا رہی ہے ۔ فیصل آباد میں ایک ارب 4کروڑ روپے کی لاگت سے عالمی معیار کا انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی بنایا جارہا ہے جس سے امراض قلب میں مبتلا افراد کو علاج کی جدید سہولیات میسر آئینگی ۔

(جاری ہے)

وہ ایوان وزیر اعلیٰ میں فیصل آباد یونین کونسلوں کے ناظمین‘ نائب ناظمین اور کونسلرز کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے ۔ ا س موقع پر وفاقی وزیر ٹیکسٹائل مشتاق چیمہ‘ صوبائی وزیر قانون محمد بشارت راجہ ‘ صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات اور پاکستان مسلم لیگ پنجاب کے جنرل سیکرٹری چوہدری ظہیر الدین ‘ ڈسٹرکٹ ناظم فیصل آباد رانا زاہد توصیف ‘ نائب ضلع ناظم امجد یاسین‘ ناظم لائل پور ٹاؤن رانا زاہد محمود ‘ ناظم اقبال ٹاؤن سجاد حسین چیمہ ‘ ناظم مدینہ ٹاؤن علی اختر‘ ناظم جناح ٹاؤن راجہ عدنان طارق ‘ خیال کاسترو اور مسلم لیگی رہنما ممتاز چیمہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ موجودہ حکومت بلدیاتی نظام پر یقین رکھتی ہے کیونکہ اس سے عوامی مسائل سے مکمل آگاہی اور انکے مقامی سطح پر حل کرنے میں مدد ملتی ہے ۔ اس نظام کے تحت اختیارات نچلی سطح پر منتقل ہوئے ہیں اور یہ نظام عوام کی خدمت کا بہترین ذریعہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں ترقی کی رفتار تیز کرنے کیلئے ضلعی حکومتوں کو مختص بجٹ سے زائد فنڈز فراہم کئے گئے ہیں تاکہ عوامی فلاح و بہبود کی زیادہ سے زیادہ سکیموں کو کیا جا سکے ۔

انہوں نے کہا کہ بلدیاتی اداروں نے جس طرح پہلے چار سال مکمل کئے تھے اور اب بھی یہ اپنی مدت پوری کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے جب اقتدار سنبھالا تھا اس وقت صوبہ کا ترقیاتی بجٹ 10 ارب روپے تھا جو تقریباً اب سو ارب روپے ہو چکا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی بہترین معاشی پالیسیوں خی بدولت غیر ملکی سرمایہ کار یہاں سرمایہ کاری کر نے کو ترجیح دے رہے ہیں جس سے عالمی سطح پر ملک کا وقار بلند ہوا ہے ۔

پاکستان کو ناکام ریاست کہنے والوں کو شرمندگی کے سوا کچھ حاصل نہیں ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم ‘ صحت اور دیگر شعبوں کی مضبوطی کیلئے اصلاحات لائی گئی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ الائیڈ ہسپتال فیصل آباد میں 90کروڑ روپے کی لاگت سے برن یونٹ قائم کیا جارہا ہے اور یہاں ری کنسٹریکٹ اپ گریڈیشن اور ایم آئی آر کی فراہمی بھی شامل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد میں واٹر سپلائی کی بہتری کے لئے ایک بہت بڑے منصوبے کو عملی شکل دی جارہی ہے ۔

حادثات اور قدرتی آفات کے شکار افراد کو بروقت طبی امداد اور ریلیف کی فراہمی کے سلسلہ میں ایمر جنسی سروس ریسکیو 1122کا منصوبہ لاہور میں انتہائی کامیاب ثابت ہوا ہے اور جلد ہی فیصل آباد میں اس منصوبے کا آغاز کیا جارہا ہے ۔ فیصل آباد میں ذرائع مواصلات کی بہتری پر خطیر وسائل خرچ کئے جارہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد میں ساڑھے چار ہزا ر ایکڑ رقبے پر ملک کی سب سے بڑے انڈسٹریل قائم کی جارہی ہے جس سے 10لاکھ افراد کو روزگار کے مواقع میسر آئینگے ۔ انہوں نے کہا کہ یہاں ویلیو ایڈیشن سٹی بھی قائم کیاگیا ہے جس میں بے شمار فیکٹریاں لگ چکی ہیں جس سے ہزاروں افراد کو روزگار ملا ہے ۔