پرویز مشرف کے بغیر انتخابات ہی ملک میں سیاسی استحکام لا سکتے ہیں ۔ میاں نواز شریف

ہفتہ 30 دسمبر 2006 17:41

اوکاڑہ چھاؤنی (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین30دسمبر2006 ) سابق وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ پرویز مشرف کے بغیر ہونے والے الیکشن ہی ملک میں سایسی استحکام کا باعث بنیں گے آزاد الیکشن کمیشن اور آزاد عدلیہ ہی غیر جانبدار اور صاف شفاف الیکشن منعقد کروا سکتی ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی جمعیت اہل حدیث کے رہنما وسابق رکن قومی اسمبلی مولانا معین الدین لکھوی کے نام بھجوائے جانے والے خط میں کیا جو انہیں جامع محمدیہ اوکاڑہ میں مسلم لیگ ن کے رہنماؤں شیخ وسیم اختر جمیل احمد خان اور میاں صلاح الدین کے ڈی نے پہنچایا میاں نواز شریف نے کہا کہ ملک پر مسلط غیر آئینی ٹولے کے سربراہ پرویز مشرف کی موجودگی میں منصفانہ الیکشن کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ضرورت اس امر کی ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں میرے قومی ایجنڈے کو قومی ضرورت سمجھ کر اس پر متفق ہوں تاکہ ملک کے مستقبل کو خطروں سے بچایا جاسکے میاں نواز شریف نے مولانا معین الدین لکھوی کو مجوزہ لندن آل پارٹیز کانفرنس کی دعوت دی جو انہوں نے قبول کر لی ہے۔