نواز شریف نے لندن میں ہونے والی آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کیلئے بلوچستان سے دس مختلف سیاسی جماعتوں اور قبائلی عمائدین کو شرکت کی دعوت دے دی

ہفتہ 30 دسمبر 2006 19:33

کوئٹہ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30دسمبر۔2006ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی صدر اور سابق وزیراعظم میاں نواز شریف نے لندن میں ہونے والی آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کیلئے بلوچستان سے دس مختلف سیاسی جماعتوں اور قبائلی عمائدین کو شرکت کی دعوت دی ہے یہ بات بلوچستان مسلم لیگ (ن) کے صوبائی صدر اور رکن قومی اسمبلی سردار یعقوب خان ناصر نے ہفتہ کے روز اسلام آباد سے کوئٹہ پہنچنے پر این این آئی سے بات چیت کرتے ہوئے کہی اس موقع پر بلوچستان مسلم لیگ (ن) کے صوبائی جنرل سیکرٹری محمد ایاز خان سواتی ایڈووکیٹ بھی موجود تھے سردار یعقوب خان ناصر نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ بلوچستان سے جن دس سیاسی جماعتوں کے سربراہوں اور قبائلی عمائدین کو بلایا گیا ہے ان میں مری قبیلے کے سربراہ نواب خیر بخش مری ‘ پونم کے مرکزی صدر اور پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی چیئرمین اور رکن قومی اسمبلی محمود خان اچکزئی ‘ خان آف قلات میر سلیمان داؤد ‘بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اور سابق وزیراعلیٰ سردار اختر جان مینگل‘ نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر و سابقہ سینیٹر ڈاکٹر حئی بلوچ‘ نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل اور سابقہ رکن قومی اسمبلی میر حاصل خان بزنجو ‘جمہوری وطن پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل و سینیٹر آغا شاہد بگٹی ‘ جمہوری وطن پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات سینیٹر(ر) امان اللہ کنرانی ‘پاکستان بار کونسل کے وائس چیئرمین اور ممتاز قانون دان علی احمد کرد اور بلوچستان نیشنل پارٹی کے سابقہ رکن قومی اسمبلی اور سنٹرل کمیٹی کے رکن عبدالرؤف مینگل شامل ہیں انہوں نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ جن شخصیات کو دعوت نامے پہنچائے جا رہے ہیں ان میں سے اکثر سیاستدان و قبائلی عمائدین عید کی وجہ سے کوئٹہ سے باہر ہیں تاہم ان کو جلد از جلد دعوت نامے پہنچا دیئے جائیں گے انہوں نے کہا کہ دعوت ناموں کے ساتھ پانچ نکاتی ایجنڈا بھی میاں نواز شریف کی جانب سے دیا جا رہا ہے ان میں بارہ اکتوبر 1999سے پہلے کا1973کا آئین مکمل طور پربحال کیاجائے اور ملک میں مکمل صحیح صورتحال میں جمہوریت بحال کی جائے اور انتخابات جنرل پرویز مشرف کی عدم موجودگی میں کرائے جائیں غیر جانبدار چیف الیکشن کمیشن مقر ر کیاجائے تمام سیاسی قیدیوں کو فی الفور رہا کیاجائے سردار یعقوب خان ناصر نے ایک اور سوال کے جواب میں بتایا کہ آل پارٹیز کانفرنس میں بلوچستان سندھ پنجاب سرحد آزاد کشمیر سے تمام سیاسی جماعتوں کو دعوت دی گئی ہے اور تمام سیاسی جماعتوں سے صلاح مشورہ کرنے کے بعد ہی جگہ اور تاریخ کا تعین کیاجائے گا یہ جگہ لندن دبئی یا پاکستان میں بھی ہو سکتی ہے اس سلسلے میں تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ مشاورت کی جا رہی ہے اور تمام سیاسی جماعتوں کا نقطہ نظر سننے کے بعد ہی میاں صاحب جگہ اور تاریخ کا تعین کرینگے انہوں نے ایک سوال کے جواب میں مزید کہا کہ میاں نواز شریف کو خاص طور پر بلوچستان کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تشویش ہے اور وہ سمجھتے ہیں کہ حکومت ایک خاص ایجنڈے کے تحت بلوچستان میں حالات خراب کر رہی ہے انہوں نے کہا کہ میثاق جمہوریت پر پیپلزپارٹی مسلم لیگ(ن) اور دیگر تمام سیاسی جماعتیں جنہوں نے دستخط کئے ہیں وہ اس بات کی پابند ہیں کہ موجودہ حکومت کے ساتھ کوئی خفیہ ڈیل نہیں کی جائے گی اور پیپلزپارٹی سے بھی ہم نے اس بارے میں پوچھا ہے انہوں نے بھی بالکل واضح طور پر کہا ہے کہ وہ کسی بھی قسم کی حکومت کے ساتھ ڈیل نہیں کرینگے اور جو خبریں شائع ہو رہی ہیں کہ حکومت اور پیپلزپارٹی کے درمیان رابطے بڑھ رہے ہیں وہ قطعی طور پر غلط اور بے بنیاد ہیں موجودہ حکومت کے ساتھ کسی طور پر کوئی ڈیل نہیں کی جائے گی بلکہ ہمارا مطالبہ ہے کہ آزادانہ اور منصفانہ الیکشن کراکے اقتدار عوام کے منتخب نمائندوں کے حوالے کیاجائے۔

متعلقہ عنوان :