Live Updates

سہیل آفریدی کا تمام قبائلی اضلاع میں میڈیکل کالج اور یونیورسٹی کے قیام کا اعلان

تمام ضم اضلاع میں تحصیل کی سطح پر کھیلوں کے میدان بھی تعمیر ہوں گے، سیف سٹی منصوبہ بھی شروع کیا جائے گا

muhammad ali محمد علی پیر 20 اکتوبر 2025 20:22

سہیل آفریدی کا تمام قبائلی اضلاع میں میڈیکل کالج اور یونیورسٹی کے قیام ..
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 اکتوبر2025ء) سہیل آفریدی کا تمام قبائلی اضلاع میں میڈیکل کالج اور یونیورسٹی کے قیام کا اعلان، تمام ضم اضلاع میں تحصیل کی سطح پر کھیلوں کے میدان بھی تعمیر ہوں گے، سیف سٹی منصوبہ بھی شروع کیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق نومنتخب وزیر اعلٰی خیبرپختونخواہ سہیل آفریدی کی جانب سے صوبے کیلئے اہم منصوبوں کا اعلان کیا گیا ہے۔

پیر کے روز نومنتخب وزیر اعلی خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کی زیر صدارت پہلا باضابطہ اجلاس ہوا، اجلاس میں صوبائی حکومت کے گڈ گورننس روڈ میپ پر پیشرفت اور امن و امان کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ کیا گیا، اجلاس میں انسداد بدعنوانی سے متعلق معاملات پر بھی غوروخوض کیا گیا۔ سہیل آفریدی نے کہا کہ ضم اضلاع کے لئے ٹرائبل میڈیکل کالج اور ٹرائبل یونیورسٹی آف ماڈرن سائنسز کے قیام کا اعلان کرتا ہوں، تمام ضم اضلاع میں ان اداروں کے کیمپیسز قائم کئے جائیں گے، تمام ضم اضلاع میں تحصیل کی سطح پر پلے گراونڈز کی تعمیر کا اعلان کرتا ہوں۔

(جاری ہے)

وزیر اعلی نے کہا کہ ضم اضلاع کے لئے سیف سٹی پراجیکٹ کا اعلان کرتا ہوں، شہید ارشد شریف کے نام سے یونیورسٹی آف انوسیٹیگیٹیو اینڈ ماڈرن جرنلزم کے قیام کا اعلان کرتا ہوں، پشاور شہر کی بحالی و ترقی کے لئے ریوایویل پلان کا بھی اعلان کرتا ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ سرکاری ملازم اور ہم سب عوام کے خادم ہیں، ہم اپنے عہدوں پر عوام کی خدمت کے لئے بیٹھے ہیں، اگر کسی سرکاری ملازم سے عوام مطمئن نہیں ہونگے تو وہ اپنے عہدے پر نہیں رہے گا۔

میں روایتی انداز میں کام کرنے کے لئے نہیں آیا، روایتی انداز سے ہٹ کر کام کرنا ہوگا، ہم نے ایسے کام کرنے ہیں جسے عوام کو احساس ہو کہ انہوں نے صحیح تبدیلی کے لئے پی ٹی آئی کو ووٹ دیا ہے۔ کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی ہماری پارٹی کا سب سے اہم ایجنڈا ہے، کسی کو بھی کسی بھی قسم کے کرپشن کی اجازت نہیں ہوگی، جو کرپشن کرے گا اس کے خلاف سخت کاروائی ہوگی۔ خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی کی حکومت ہے اور عمران خان پارٹی کے تا حیات چئیرمین ہیں، جس بھی پارٹی کی حکومت ہو اس کے ایجنڈے پر عملدرآمد سرکاری مشینری کا کام ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات