بے نظیر بھٹو نے جلد وطن واپس آنے کا فیصلہ کر لیا، ان کی راہ کی ہر رکاوٹ ختم کر دیں گے،پیپلز پارٹی،حکمران متحرمہ بے نظیر کو وطن واپس آنے سے روک کر دکھائیں، عوام نے ان کی وطن واپسی کے حق میں فیصلہ دیدیا ہے، حکومت سے کوئی ڈیل نہیں ہو گی، پیپلز پارٹی عوام طاقت سے برسر اقتدار آئے گی، شفاف انتخابات کے ذریعے اقتدار کی منتقلی میں حکمرانوں کی بہتری ہے، الیکشن میں دھاندلی کی کوشش کی گئی تو ملک گیر احتجاج کریں گے، پیپلز پارٹی کے زیر اہتمام لیاقت باغ میں جلسہ سے پی پی کے رہنماؤں مخدوم شاہ محمود قریشی، راجہ پرویز اشرف، ناہید خان، زمرد خان، فرزانہ راجہ اور دیگر کا خطاب

اتوار 14 جنوری 2007 20:00

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14جنوری۔2007ء) پاکستان پیپلز پارٹی نے کہا ہے کہ محترمہ بے نظیر بھٹو نے جلد پاکستان آنے کا فیصلہ کر لیا ہے اور وہ جلد عوام کے درمیان ہوں گی، حکمران انہیں روک کر دکھائیں، بے نظیر کی وطن واپسی کی راہ میں ہر رکاوٹ ختم کر دیں گے، حکومت سے ہر گز ڈیل نہیں ہو گی، عوام کی طاقت سے برسر اقتدار آئیں گے، محترمہ کے بغیر اقتدار قبول نہیں، انتخابات میں دھاندلی کی کوشش کی گئی تو ملک گیر احتجاج کیا جائے گا، راولپنڈی کے عوام نے بے نظیر بھٹو کی وطن واپسی کے حق میں فیصلہ دے دیا ہے وہ اسلام آباد ائیر پورٹ پر اتریں فقید المثال استقبال کیا جائے گا، غیرت مند لوگوں کے آنے سے الیکشن میں لوٹوں کا خاتمہ ہو گا، جعلی لیڈروں کی ضماتیں ضبط کرا دیں گے۔

اتوار کو یہاں لیاقت باغ میں پاکستان پیپلز پارٹی راولپنڈی سٹی کے صدر اور رکن قومی اسمبلی زمرد خان کی صدارت میں جلسہ ہوا جس کے مہمان خصوصی پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر اور قومی اسمبلی شاہ محمود قریشی تھے۔

(جاری ہے)

جلسے سے خطاب کے دوران پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرین کے مرکزی سیکرٹری جنرل راجہ پرویز اشرف، سیکرٹری فنانس سینیٹر بابر اعوان، پنجاب کے صدر شاہ محمود قریشی، راولپنڈی سٹی کے صدر زمرد خان ایم این اے، سینیٹر صفدر عباس، آغا ریاض، ناہید خان اور پنجاب کے سیکرٹری جنرل چوہدری غلام عباس نے اعلان کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی چیئرپرسن محترمہ بے نظیر بھٹو نے جلد پاکستان آنے کا فیصلہ کر لیا ہے بے نظیر بھٹو جلد پاکستان کے عوام کے درمیان ہوں گی حکمران اگر بے نظیر بھٹو کو روک سکتے ہیں تو روک کر دکھائیں ہم ان کی وطن واپسی کے راستے کی ہر دیوار اور ہر رکاوٹ کو توڑ دیں گے یہ عوام کا فیصلہ ہے ہم کسی سے ڈیل کے محتاج نہیں اور نہ ہی حکومت سے کوئی ڈیل ہو گی ہم عوام کی طاقت سے برسر اقتدار آئیں گے۔

بے نظیر بھٹو کے بغیر اقتدار قبول نہیں کریں گے پاکستان میں صاف شفاف الیکشن کے ذریعے انتقال اقتدار میں پاکستان اور اداروں کی بہتری ہے انتخابات میں دھاندلی کی گئی تو پورے ملک میں احتجاج ہو گا۔ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر اور جلسہ کے مہمان خصوصی مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ آج کے جلسہ میں عوام نے بے نظیر بھٹو کی واپسی کے حق میں فیصلہ دے دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مجھے خصوصی طور پر بے نظیر بھٹو نے یہ پیغام دے کر پنڈی بھیجا ہے کہ راولپنڈی جاؤ کیونکہ اسلام آباد والے کہتے ہیں بے نظیر بھٹو کو پاکستان واپس نہیں آنے دیں گے آج راولپنڈی کے عوام نے بے نظیر بھٹو کے حق میں فیصلہ کر دیا ہے بے نظیر بھٹو اسلام آباد ایئر پورٹ آئیں گی تو فقید المثال استقبال ہو گا۔ جبکہ پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اگر بے نظیر بھٹو کو پاکستان واپس آنے سے روکا گیا تو پھر ملک گیر احتجاج ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ ملک کے حکمران بے نظیر اور پیپلز پارٹی سے ڈرتے ہیں وہ کہتے ہیں پیپلز پارٹی منظور ہے لیکن بے نظیر منظور نہیں ہے ہم بے نظیر کے بغیر اقتدار قبول نہیں کریں گے ہمیں کسی ڈیل کی ضرورت نہیں ہم اپنا راستہ خود بنائیں گے۔ جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی سیکرٹری راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ جنرل مشرف پولیس، پٹواریوں اور سرکاری اہلکاروں کے ساتھ جلسے کر رہے ہیں اور ہم عوام کے جم غفیر میں عوام کے حقوق اور جمہوریت کی بات کر رہے ہیں ہمارا مطالبہ ہے کہ بے نظیر بھٹو پاکستان واپس آئیں آنے کے لئے اسلام آباد کا انتخاب کریں تو دنیا فقید المثال سے حیران رہ جائے گی۔

سینیٹر ڈاکٹر بابر اعوان نے کہا کہ پاکستان کی سیاست میں تین بڑے مزاحیہ کردار چھائے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر شوکت عزیز نے اسلام آباد سے الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا تو سینٹ سے استعفیٰ دے کر شوکت عزیز کا مقابلہ کروں گا۔ جبکہ جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری فنانس ڈاکٹر بابر اعوان نے کہا کہ آج پرویز مشرف بڑی ڈھٹائی سے کہتا ہے کہ میں کسی سے نہیں ڈرتاہم کہتے ہیں وردی کیوں نہیں اتارتا نوکری کیوں نہیں چھوڑتا۔

جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی راولپنڈی کے صدر اور رکن قومی اسمبلی زمرد خان نے کہا ہے کہ راولپنڈی غیرت مند لوگوں کا شہر ہے آنے والے الیکشن میں لوٹوں کا خاتمہ ہو جائے گا ہم اس شہر کے جعلی لیڈروں کی ضمانتیں ضبط کروائیں گے۔ جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے ناہید خان نے کہا کہ میں جنرل مشرف کو چیلنج کرتی ہوں کہ اگر بے نظیر بھٹو کو روک سکتے ہو تو روک کر دکھاؤ بے نظیر بھٹو کو پاکستان آنے سے دنیا کی کوئی طاقت نہیں روک سکتی بے نظیر بھٹو پاکستان آ رہی ہیں جبکہ سینیٹر ڈاکٹر صفدر عباسی نے کہا کہ انتخابات میں دھاندلی کی کوشش کی گئی تو پھر دما دم مست قلندر ہو گااور دھاندلی کے خلاف مل گیر احتجاج کیا جائے گاجبکہ جلسہ عام سے آغا ریاض، نیئر حسین بخاری، فرزانہ راجہ ایم پی اے، اشتیاق مرزا ایم پی آر، شہبازبھٹی ، شفقت عباس ایم پی اے، عامر فدا پراچہ ایم پی اے، فوزیہ حبیب ایم این اے، خالد نواز نے بھی خطاب کیا۔